حسین نقی: وہ آواز جو حکمرانوں کے سامنے کبھی خاموش نہ ہوئی

حسین نقی نے جامعہ کراچی میں 3 بلوچ طلبہ کا اخراج منسوخ کرانے کے بدلے خود تین سال کے لیے یونیورسٹی سے خارج ہونا قبول کیا۔

بزرگ صحافی اور انسانی حقوق کے ممتاز علمبردار حسین نقی اتوار کی صبح لاہور میں حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے(ریڈیو پاکستان)

بزرگ صحافی اور انسانی حقوق کے ممتاز علمبردار حسین نقی اتوار کی صبح لاہور میں حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس کے ساتھ ہی پاکستان میں بے باک صحافت اور جمہوری جدوجہد کا سات دہائیوں سے زائد پر محیط ایک سنہری باب بند ہو گیا۔

حسین نقی کی وفات محض ایک سینیئر صحافی کا انتقال نہیں بلکہ پاکستان میں آزادی صحافت، انسانی حقوق اور اختلاف رائے کی اس روایت کے ایک اہم باب کا اختتام ہے جس میں صحافت کو صرف خبر دینے کا ذریعہ نہیں بلکہ طاقت کے سامنے سچ بولنے کی ذمہ داری سمجھا جاتا تھا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے عہدیداروں کے مطابق حسین نقی نے ہفتے کے روز کمیشن کے دفتر میں ایک کتاب کی تقریبِ رونمائی میں شرکت کی تھی، جس کے بعد شام تقریباً چھ بجے انہیں دل کا دورہ پڑا۔

انہیں فوری طور پر ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اتوار کی صبح پانچ بجے کے قریب خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

 انہوں نے سوگواران میں تین بیٹے چھوڑے ہیں اور ان کی تدفین لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن میں کر دی گئی۔

تقسیمِ ہند سے قبل غیر منقسم ہندوستان کے شہر لکھنؤ میں پیدا ہونے والے حسین نقی نے اپنی خود نوشت ’مجھ سے جو ہو سکا‘ میں ذکر کیا کہ ان کی پیدائش سرکاری ریکارڈ میں درج 1936 سے شاید ایک برس قبل ہوئی تھی۔

سکول کے زمانے ہی سے روایتی قدامت پسندی اور طاقت کے چھوٹے مراکز کو للکارنا شروع کر دیا تھا۔

 لکھنؤ میں ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ 1950 کی دہائی میں کراچی منتقل ہوئے، جہاں وہ جلد ہی ایک نمایاں طلبہ رہنما کے طور پر ابھرے۔

نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (این ایس ایف) کے ایک کلیدی رکن کی حیثیت سے حسین نقی نے 1956 کے نہرِ سویز بحران کے دوران مصر پر سہ فریقی حملے کے خلاف احتجاج میں بھرپور کردار ادا کیا اور کراچی میں برطانوی ہائی کمیشن کے باہر پولیس کی لاٹھیوں اور آنسو گیس کا سامنا کیا۔

 بعد ازاں جامعہ کراچی کی طلبہ یونین کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے وائس چانسلر سے ایک تاریخی معاہدہ کیا، جس کے تحت انہوں نے تین بلوچ طلبہ کا اخراج منسوخ کرانے کے بدلے خود تین سال کے لیے یونیورسٹی سے خارج ہونا قبول کر لیا۔

اپنی طلبہ سیاست کے دوران حسین نقی نے نہ صرف سیاسی حقوق بلکہ تعلیمی اصلاحات کے لیے بھی جدوجہد کی، جن میں بہتر تعلیمی سہولیات، طالبات کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ اور امتحانات کا بروقت انعقاد شامل تھا۔

 وہ تاحیات طلبہ یونینز کے پرزور حامی رہے اور ان کا ماننا تھا کہ یونینز پر پابندی نے تعلیمی اداروں کا امن اور برداشت کی فضا تباہ کر دی۔

لاہور میں مستقل سکونت اختیار کرنے کے بعد حسین نقی نے جاوید بخاری کی سرپرستی میں خبر رساں ایجنسی پاکستان پریس انٹرنیشنل (پی پی آئی) سے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز کیا اور بیورو چیف کے عہدے تک پہنچے۔

ان کا صحافتی سفر سات دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط رہا۔ انہوں نے پاکستان پریس انٹرنیشنل سے کام کا آغاز کیا اور بعد میں مختلف اخبارات سے وابستہ رہے۔

 وہ پاکستان پریس انٹرنیشنل کے بیورو چیف بھی رہے اور لاہور میں دی نیوز انٹرنیشنل کے مدیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

انہوں نے انگریزی روزنامہ ’دی نیوز‘ کے ایڈیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور ’ویو پوائنٹ‘، ’ہالی ڈے‘، ’آؤٹ لک‘، ’فرنٹیئر پوسٹ‘ اور ’پنجاب ٹائمز‘ سمیت متعدد مؤقر جرائد کے لیے لکھا۔

 پنجابی زبان کے تحفظ اور فروغ کے پرجوش داعی ہونے کے ناطے انہوں نے پنجابی زبان کا پہلا روزنامہ ’سجن‘ بھی جاری کیا۔

جنرل ایوب خان کے مارشل لا سمیت فوجی آمریتوں کے خلاف بے باک مزاحمت کے باعث انہیں کئی بار قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں، جنہیں وہ بعد ازاں اپنے مخصوص شگفتہ انداز اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ یاد کیا کرتے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنی زندگی کی آخری تین دہائیوں میں حسین نقی ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) سے گہری وابستگی رکھتے رہے، جہاں انہوں نے خزانچی سمیت مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں اور وفات تک کمیشن کی کونسل کے فعال رکن رہے۔

 انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایچ آر سی پی نے کہا کہ بار بار کی قید و بند اور حکام کی انتقامی کارروائیاں بھی مقتدر حلقوں کے سامنے سچ بولنے کے ان کے عزم کو کبھی متزلزل نہ کر سکیں۔

صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور سرکردہ سیاسی و صحافتی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ’اصول پسند صحافی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے صحافت اور جمہوریت کا ایک روشن باب بند ہو گیا۔

اتوار کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے حسین نقی کی صحافت، آزادی اظہار اور انسانی حقوق کے لیےطویل خدمات کو خراجِ تحسین پپش کرتے ہوئے کہا کہ حسین نقی نے صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

سینیٹر شیری رحمان نے انہیں ’ہمارے عہد کا باغی فرشتہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آمریت کے کٹھن ترین ادوار میں صحافیوں کی کئی نسلوں کی تربیت کی۔

 

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے ’ایکس‘ پر اپنے تعزیتی پیغام میں حسین نقی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ان سے دہائیوں پرانی عقیدت تھی۔

’آئی اے رحمان، عاصمہ جہانگیر اور امین مغل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی وقار اور غریبوں کے حقوق کے علمبردار یہ بیش قیمت ہیرے ہم سے رخصت ہو رہے ہیں، جن کے خواب دراصل 25 کروڑ عوام کے خواب ہیں اور ابھی شرمندہ تعبیر ہونا باقی ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان