پنجاب کنگز کے کپتان شریاس ائیر نے جمعے کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی مسلسل دوسری جیت کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم کی سیزن کے آغاز میں کامیابی کی وجہ ڈریسنگ روم سے باہر کے لوگوں کو متاثر کرنے کی خواہش کی بجائے ایک دوسرے کو ہی متاثر کرنے کا جذبہ ہے۔
ٹیم نے چنئی سپر کنگز کے خلاف آٹھ گیندیں قبل 210 رنز کا ہدف حاصل کر کے آئی پی ایل سٹینڈنگز میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور مسلسل دو فتوحات کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کرتے ہوئے ایک اور شاندار کامیابی اپنے نام کی۔
ان کے ٹاپ آرڈر نے آتے ہی جارحانہ بلے بازی کی اور دباؤ کم نہیں ہونے دیا۔ ائیر نے 29 گیندوں پر 50 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آگے بڑھ کر قیادت کی۔
انہوں نے میچ کے بعد کہا ’ہم نے ڈریسنگ روم میں بس یہ فیصلہ کیا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے، ہم ایسی کرکٹ کھیلیں گے جس سے ہم ایک دوسرے کو متاثر کریں، باہر والوں کو نہیں۔
’اس سے ہمیں ایک خاص قسم کی واضح سوچ ملتی ہے، جب ہم میچ کے لیے میدان میں اترتے ہیں۔ یہ بنیادی طور پر ڈریسنگ روم کے اندر ایک دوسرے کو چیلنج کرنا ہے باہر نہیں۔‘
یہ ہدف حاصل کرنا پنجاب کی 200 سے زائد رنز کے ہدف کی نویں کامیاب کوشش تھی، جو آئی پی ایل کی 10 فرنچائزز میں سب سے زیادہ ہے۔
اوپنر پریانش آریہ نے 11 گیندوں پر 39 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ابتدا میں ہی شاندار آغاز فراہم کیا اور پنجاب کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے اس رفتار کو برقرار رکھا جس کی وجہ سے چنئی کی ٹیم میچ کے زیادہ تر حصے میں دباؤ کا شکار رہی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا تھا ’مجھے خوشی ہے کہ پہلے دو میچوں میں ہی ہر کسی کو بیٹنگ کا موقع ملا۔
’اس سے ٹیم کو بے پناہ اعتماد ملتا ہے۔ جب بھی ہم دباؤ والی صورت حال میں پھنستے ہیں تو کھلاڑیوں کو معلوم ہوتا ہے کہ اس سے کیسے نمٹنا ہے۔‘
تاہم اس میں ایک خامی بھی تھی، کیوں کہ ائیر اور ان کے ساتھیوں پر مسلسل دوسرے میچ میں سلو اوور ریٹ کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جسے کپتان نے تسلیم کیا کہ اسے جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔
’اوور ریٹ ایک ایسی چیز ہے جس پر ہمیں ابھی توجہ دینی چاہیے کیوں کہ آخری دو اوورز میں پانچ فیلڈرز کے دائرے کے اندر آنے سے آپ کو ایک طرح سے معلوم ہوتا ہے کہ بولنگ کے لیے ایک ہی لائن ہے۔
’یہی وہ واحد حصہ ہے جس پر ہمیں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔‘