آسٹریلوی آل راؤنڈر کوپر کونولی نے منگل کو اپنے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ڈیبیو میں ناقابل شکست 72 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پنجاب کنگز کو گجرات ٹائٹنز کے خلاف تین وکٹوں سے فتح دلا دی۔
انہیوں نے فارم میں واپسی کا کریڈٹ خود کو ذہنی طور پر ری سیٹ کرنے کو دیا۔
22 سالہ کونولی گذشتہ چند ماہ سے آؤٹ آف فارم تھے اور رواں سال پاکستان کے خلاف تین ٹی20 میچوں میں محض ایک رن بنا پائے تھے۔
انڈیا اور سری لنکا میں ہونے والے حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی وہ دو میچوں تک محدود رہے، جہاں آسٹریلیا گروپ سٹیج میں ہی باہر ہو گیا۔ ان کی کارکردگی وہاں بھی تین اور 11 رنز تک محدود رہی۔
آئی پی ایل کے ڈیبیو میچ میں بہترین کھلاڑی قرار پانے والے کونولی نے کہا ’میں نے چند ہفتے گھر پر گزارے، ذہنی طور پر خود کو تازہ کیا، اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارا۔
’شاید وہی لمحہ تھا جب سب بدلا۔ میں نے سوچا ہاں، اب میں خود کو ری سیٹ کرتا ہوں اور آئی پی ایل میں تازہ دم ہو کر داخل ہوتا ہوں۔‘
پنجاب کی جیت میں ان کی اننگز فیصلہ کن ثابت ہوئی کیونکہ انہوں نے ایک موقعے پر اپنی ٹیم کی صرف آٹھ رنز کے اندر چار وکٹیں گرنے کے بعد لوئر آرڈر میں مارکو یانسن اور زیویر بارٹلیٹ کے ساتھ اہم شراکتیں بنائیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید کہا ’سچ پوچھیں تو زیادہ بات نہیں ہوئی۔ ماحول پرسکون تھا۔
’ہمیں اب بھی یقین تھا کہ ہم جیت سکتے ہیں۔ مارکو بھی کافی پرسکون تھے اور زیویر بھی۔‘
کونولی نے میچ میں پانچ چھکے اور پانچ چوکے لگائے۔ پنجاب کے کپتان شریاس ایئر نے ان کی بیٹنگ کو ’ناقابل یقین‘ قرار دیتے ہوئے کہا ’وہ بطور کھلاڑی بہترین سمجھ بوجھ رکھتے ہیں۔ میں نے انہیں آسٹریلیا کے لیے کھیلتے بھی دیکھا۔
’ان کا ذہنی رویہ بہت عمدہ ہے اور امید ہے کہ وہ اسی فارم کو جاری رکھیں گے۔‘
آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر موجود پنجاب کنگز اب جمعے کو چنئی سپر کنگز کا مقابلہ کریں گے۔