کرکٹ کی نوعمر سینسیشن ویبھو سوریہ ونشی نے اپنی شہرت کے مطابق کارکردگی دکھاتے ہوئے 17 گیندوں پر 52 رنز بنا کر راجستھان رائلز کو پیر کو اپنے ابتدائی آئی پی ایل میچ میں چنئی سپر کنگز کے خلاف آٹھ وکٹوں سے شان دار فتح دلا دی۔
پندرہ سالہ سوریہ ونشی نے اپنی جارحانہ بیٹنگ میں چار چوکے اور پانچ چھکے لگائے جبکہ راجستھان نے گوہاٹی میں 128 رنز کا ہدف 7.5 اوور پہلے ہی حاصل کر لیا۔
سوریہ ونشی گذشتہ سال انڈین پریمیئر لیگ میں صرف 14 برس کی عمر میں شان دار آغاز کے ساتھ تاریخ رقم کرنے کے بعد عالمی کرکٹ میں مرکزِ توجہ بن گئے تھے، جس میں 35 گیندوں پر سنچری بھی شامل تھی۔
بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز، جو گذشتہ ہفتے 15 برس کے ہوئے، اپنی پہلی گیند پر کیچ ڈراپ ہونے کے بعد بچ گئے مگر جلد ہی انہوں نے اپنی ردھم حاصل کر لی اور مخالف باؤلنگ پر حاوی ہو گئے۔
سوریہ ونشی نے بتایا کہ جمعہ 27 مارچ کو ان کی سالگرہ سادگی سے گزری کیونکہ وہ کیک کاٹنے سے بچنے کے لیے جلد سو گئے تھے۔
اپنے جارحانہ انداز کے بارے میں انہوں نے کہا، 'میں دفاع کے بارے میں بھی سوچتا ہوں، مگر آج ہمارا منصوبہ پاور پلے میں کھیل پر کنٹرول حاصل کرنا تھا کیونکہ مختصر ہدف کے تعاقب میں یہ مرحلہ نہایت اہم ہوتا ہے۔'
انہوں نے 15 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جس میں افغانستان کے بائیں ہاتھ کے کلائی کے سپنر نور احمد کے خلاف دو چھکے شامل تھے، جس پر مقامی شائقین نے خوب داد دی۔
سوریہ ونشی اس وقت آؤٹ ہوئے جب سرفراز خان نے میڈیم پیس باؤلر انشُل کمبوج کی گیند پر باؤنڈری لائن کے قریب شان دار ڈائیو لگا کر کیچ پکڑا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ باصلاحیت کھلاڑی اس وقت بہترین فارم میں ہیں کیونکہ گذشتہ ماہ ہرارے میں انڈر 19 عالمی کپ میں انڈیا کی فتح میں نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے انہوں نے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 80 گیندوں پر ریکارڈ 175 رنز بنائے۔
راجستھان کے دوسرے اوپنر یشسوی جیسوال نے 38 ناٹ آؤٹ رنز بنا کر مضبوطی دکھائی جبکہ کپتان ریان پراگ نے 14 رنز بنائے اور دونوں نے ٹیم کو 12.1 اوورز میں فتح تک پہنچایا۔
راجستھان نے، جس نے 2008 میں آسٹریلیا کے مرحوم سپن لیجنڈ شین وارن کی قیادت میں پہلا آئی پی ایل جیتا تھا، پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ان کے باؤلرز نے کامیابی کی بنیاد رکھی۔
تیز رفتار باؤلرز جوفرا آرچر، ناندرے برگر اور بائیں ہاتھ کے سپنر رویندرا جڈیجا نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے پانچ بار کی چیمپئن چنئی کو 19.4 اوورز میں 127 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
بھارت کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ہیرو سنجو سمسن اپنے چنئی کے پہلے میچ میں صرف چھ رنز بنا کر جنوبی افریقہ کے برگر کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ آرچر نے کپتان رتوراج گائیکواڈ کو بھی چھ رنز پر آؤٹ کر دیا۔
چنئی کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی تاہم آٹھویں نمبر پر آنے والے جیمی اوورٹن نے 36 گیندوں پر 43 رنز بنا کر مجموعے کو کچھ حد تک بہتر بنایا۔
آرچر نے 2-19 کی شان دار کارکردگی دکھائی جبکہ برگر نے 2-26 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
گائیکواڈ نے کہا، 'ایک اچھی بات یہ ہے کہ ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی ہیں، اس لیے شاید سب کے لیے آغاز تھوڑا دباؤ والا تھا، مگر ایک میچ کھیل لینا اور غلطیوں کے ساتھ آغاز کرنا بھی اہم ہے۔ امید ہے یہاں سے بہتری آئے گی۔'
چنئی کے تجربہ کار کھلاڑی ایم ایس دھونی پنڈلی کی تکلیف سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو ہفتوں تک دستیاب نہیں ہوں گے، جس کا اختتام 31 مئی کو ہونا متوقع ہے۔