انگلینڈ کے فاسٹ بولر برائیڈن کارس کے خلاف ہفتے کو ڈربی کے ایک نائٹ کلب میں پیش آنے والے مبینہ واقعے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے تحقیقات کی تصدیق کی ہے۔
اتوار کو سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں بظاہر کارس کو ہتھکڑیوں میں چار پولیس اہلکاروں کے ہمراہ کلب سے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈرہم کے فاسٹ بولر کارس پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کے سکواڈ میں شامل ہیں اور انہیں ساتھی کھلاڑی میتھیو پوٹس کے ساتھ دیکھا گیا۔
ای سی بی نے اتوار کو جاری بیان میں کہا ’ہمیں ڈربی میں گذشتہ رات پیش آنے والے ایک مبینہ واقعے کا علم ہے اور اس حوالے سے فی الحال تحقیقات جاری ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ’ہم ممکن ہونے پر مزید معلومات فراہم کریں گے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
14 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کارس اور پوٹس دونوں نے ڈرہم کی جانب سے ڈربی میں کھیلے گئے کاؤنٹی چیمپیئن شپ کے ڈویژن ٹو کے میچ میں شرکت کی، جس میں ڈرہم نے ڈربی شائر کو 338 رنز سے شکست دی۔
31 سالہ کارس پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچوں کے لیے انگلینڈ کے سکواڈ میں شامل تھے۔
تاہم ہیڈنگلے میں رواں ہفتے کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، جہاں میزبان انگلینڈ نے اننگز اور 103 رنز سے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے میچ تین دن کے اندر ختم کر دیا۔
لارڈز میں دوسرا ٹیسٹ جمعرات سے شروع ہو گا۔