مودی کا دل سوشل میڈیا سے اچاٹ؟

اگرچہ بھارتی وزیراعظم نے یہ نہیں بتایا کہ اس فیصلے کے پیچھے کیا وجہ ہے، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تبصروں اور قیاس آرائیوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ٹوئٹر  پر نریندر مودی کو فالو کرنے والے افراد کی تعداد پانچ کروڑ تیس لاکھ سے زائد ہے(فائل تصویر: اے ایف پی)

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر پوسٹ کیے گئے اپنے پیغام میں نریندر مودی نے لکھا کہ ’اس اتوار سے سوچ رہا ہوں کہ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کروں۔ آپ کو اس بارے میں آگاہ کروں گا۔‘

ٹوئٹر پر نریندر مودی کو فالو کرنے والے افراد کی تعداد پانچ کروڑ تیس لاکھ سے زائد ہے، فیس بک پر انہیں چار کروڑ چالیس لاکھ سے زائد افراد فالو کرتے ہیں جبکہ انسٹاگرام پر ان کے فالورز تین کروڑ پچاس لاکھ سے زائد ہیں۔

اگرچہ بھارتی وزیراعظم نے یہ نہیں بتایا کہ اس فیصلے کے پیچھے کیا وجہ ہے، تاہم سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر صارفین کی جانب سے تبصروں اور قیاس آرائیوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

جہاں کچھ صارفین نے بھارتی وزیراعظم کو مفت مشورے دیے، وہیں بعض نے تجاویز سے بھی نوازا جبکہ کچھ نے تو استعفے تک کا کہہ ڈالا۔

ثانیہ سید نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا: ’سر! پلیز استعفیٰ بھی دے دیں۔‘

کپل نام کے صارف کہاں پیچھے رہنے والے تھے، جھٹ سے طنز کر ڈالا اور مودی کو ’نکما‘ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بجائے نکما پن چھوڑنے کا مشور دے دیا۔

سری واتسہ نامی ایک صارف نے لکھا: ’وزیراعظم صاحب یہ آپ کے مداح اور پارٹی کے لوگ ہیں جو لوگوں کو قتل عام پر اکساتے ہیں۔ ان سب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس چھوڑنے کے لیے کہیں۔‘

فیصل نامی صارف نے پوچھا: ’کیا مودی کشمیر آ رہے ہیں؟‘ واضح رہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انٹرنیٹ سروس گذشتہ کئی مہینوں سے معطل ہے۔

ایک اور صارف نے بھارتی وزیراعظم سے معصومانہ سوال پوچھا کہ ’کیا آپ نے ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنالیا ہے؟‘

فیس بک پر ایک صارف نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’سر عام آدمی کے لیے آپ سے رابطے کا واحد ذریعہ سوشل میڈیا ہے۔ مضبوط بنیں اور کچھ منفی چیزوں کو ہینڈل کریں۔ ہمت نہ ہاریں، ہم بطور وزیراعظم آپ سے محبت کرتے ہیں۔ بھارت کو عظیم بنائیں۔‘

دوسری جانب انسٹاگرام پر ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’یہ ایک مذاق ہے، مودی جی مذاق کے موڈ میں ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ