ذیشان علی کے خلائی سفر نے بچوں میں خلا باز بننے کی امنگ جگا دی

اسلام آباد میں قائم ’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘ آنے والے بچوں میں سے کسی نے مصنوعی سیاروں کے بارے میں معلومات لیں اور کسی نے خلا باز بننے کی خواہش ظاہر کی۔

پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے چینی مشن کے ساتھ خلائی سفر نے بچوں کو خاص طور پر متاثر کیا ہے اور وہ اسلام آباد میں ’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘ پہنچ کر نہ صرف خلا اور سیٹلائٹس کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں بلکہ بہت سوں نے خلا باز بننے کی خواہش بھی ظاہر کی ہے۔

اسلام آباد کے پاکستان چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘ قائم کیا گیا ہے، جہاں بچے اور خاندان بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔

اس خصوصی مرکز کا افتتاح 25 نومبر کو ہوا تھا اور یہ 28 نومبر تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔

یہاں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے آنے والوں کو خلائی سائنس، سیٹلائٹس، خلائی مشنز اور جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

مرکز میں خلائی راکٹ کا نمائشی ماڈل، پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی تصاویر، ورچوئل رئیلٹی (وی آر) کا تجربہ، بچوں کے لیے خصوصی ڈوم اور سپارکو کا پویلین بھی موجود ہے۔

ان مقامات پر بچوں کو خلائی مشنز اور سائنسی تجربات کے بارے میں جاننے کا موقع مل رہا ہے۔

مرکز کا دورہ کرنے والی مہروبا ساجد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی کامیابی سے متاثر ہو کر یہاں آئی ہیں۔

ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بنے۔ وہ مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور سائنسی تجربات کے لیے خلائی سٹیشن پر 5 سے 10 روز قیام کریں گے۔

مہروبا نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ایک پاکستانی خلا میں گیا اور اس نے ملک کا نام روشن کیا۔

ان کے مطابق مرکز میں آ کر انہیں خلا اور سیٹلائٹس کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

انہیں مرکز میں نصب بڑی سکرین خاص طور پر پسند آئی، جس کے ذریعے زمین پر رہتے ہوئے خلا کو دیکھنے اور اس کا تجربہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

مہروبا نے کہا کہ مرکز میں موجود مختلف چیزوں کی مدد سے انہیں خلائی سائنس سمجھنے کا موقع ملا اور انہوں نے اس دورے سے بھرپور لطف اٹھایا۔

ایک اور بچے موسیٰ بن فہاد نے بھی محمد ذیشان علی کی کامیابی کو پاکستان کے لیے بڑا اعزاز قرار دیا۔

موسیٰ نے کہا کہ ذیشان علی نے پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور انہیں قومی اثاثہ سمجھا جانا چاہیے۔

انہوں نے انگریزی میں کہا: ’.He should be our national treasure‘

موسیٰ نے بتایا کہ وہ بھی خلا باز بننے اور مستقبل میں خلا میں جانے کا خواب دیکھتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘ بچوں کے لیے صرف تفریح کا مقام نہیں بلکہ سیکھنے اور مستقبل کے خواب دیکھنے کا ذریعہ بھی بن رہا ہے۔

بچے بڑی سکرین، خلائی مشنز سے متعلق معلومات اور ورچوئل رئیلٹی کی مدد سے خلا کی دنیا کو قریب سے سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بعض بچوں نے خلائی مخلوق اور دوسرے سیاروں کے بارے میں جاننے میں دلچسپی ظاہر کی، جب کہ کچھ نے مستقبل میں خود خلا باز بننے کی خواہش ظاہر کی۔

محمد ذیشان علی کے خلائی سفر نے ان بچوں کو یہ یقین دلایا ہے کہ پاکستانی نوجوان بھی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا کے بڑے منصوبوں کا حصہ بن سکتے ہیں۔

یہ مرکز 28 نومبر تک عوام کے لیے کھلا ہے جہاں بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں کو خلائی سائنس اور پاکستان کے خلائی سفر کے بارے میں جاننے کا موقع مل رہا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ