’صورت حال واضح ہونے تک‘ افغانستان-آسٹریلیا ٹیسٹ میچ ملتوی

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے خلاف 27 نومبر سے کھیلا جانے والا اپنا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ طالبان کی جانب سے افغان خواتین کو کھیل کی اجازت نہ دیے جانے پر ملتوی کر دیا ہے۔

تین ستمبر 2021 کو کابل انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں دو افغان ٹیموں ’پیس ڈیفنڈرز‘ اور ’پیس ہیروز‘ کے درمیان کھیلے جانے والے ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹرائل میچ کے دوران ایک شخص افغانستان کے قومی پرچم فروخت کر رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف رواں ماہ ہونے والا اپنا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اس سے قبل  کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے عندیہ دیا تھا کہ افغانستان کے نئے حکمرانوں کی جانب سے خواتین کے کھیلنے پر پابندی عائد ہونے کی خبریں درست ثابت ہوئیں تو 27 نومبر کو ہوبارٹ میں افغانستان کے خلاف ہونے والا تاریخی ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا کے کرکٹ حکام نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’متعلقہ سٹیک ہولڈرز‘ کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مردوں کا ٹیسٹ میچ، جو رواں ماہ ہوبارٹ میں کھیلا جانا تھا، اب نہیں ہوگا۔

اگست میں افغانستان کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد، سینیئر طالبان رہنماؤں نے کہا تھا کہ افغان خواتین اب کرکٹ یا کوئی اور کھیل نہیں کھیلیں گی۔

جس کے بعد سینئر آسٹریلوی کرکٹرز نے عندیہ دیا تھا کہ اگر افغان خواتین کی کرکٹ پر پابندی برقرار رہتی ہے تو وہ ٹیسٹ کو منسوخ دیکھنا چاہیں گے۔ ان میں سرفہرست آسٹریلیا کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایرون فنچ تھے، جنہوں نے خواتین پر کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کیے جانے کے نتیجے میں افغانستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز منسوخ کرنے کے بورڈ کے فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

افغانستان مینز ٹیم کے کھلاڑی اس وقت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیل رہے ہیں لیکن انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر یہ ملک نیوزی لینڈ میں ہونے والے خواتین کے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کو میدان میں اتارنے میں ناکام رہا تو انہیں بین الاقوامی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایک بیان میں کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ وہ ’افغانستان اور دنیا بھر میں خواتین اور مردوں کے بڑھتے ہوئے کھیل کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مزید کہا گیا: ’موجودہ غیر یقینی صورت حال کو دیکھتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا نے ٹیسٹ میچ کو اس وقت تک ملتوی کرنا ضروری سمجھا ہے، جب تک صورت حال واضح ہو جائے۔‘

دوسری جانب افغان کھلاڑیوں کو آسٹریلیا میں آئندہ بگ بیش لیگ سیزن میں کھیلنے کی اجازت ملنے کی توقع ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ وہ ’مستقبل میں افغانستان کی خواتین اور مردوں دونوں ٹیموں کی میزبانی کا منتظر ہے۔‘

افغانستان کے آل راؤنڈر اور  ٹی 20 کپتان محمد نبی نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک اب بھی افغان کرکٹ کی ترقی کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

نبی نے کہا: ’یہ مایوس کن ہے کہ ٹیسٹ میچ اس سال نہیں ہو رہا، لیکن مجھے خوشی ہے کہ میچ صرف ملتوی ہوا اور منسوخ نہیں کیا گیا۔‘

آسٹریلیا کے کرکٹرز اس وقت انگلینڈ کے خلاف ایشز ٹیسٹ کے لیے تیاری کر رہے ہیں، جو آٹھ دسمبر سے برسبین میں شروع ہو رہا ہے۔

افغانستان کے ساتھ ٹیسٹ نہ ہونے سے آسٹریلیا کی ایشز کی تیاری میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے، جسے یکم دسمبر سے برسبین میں ایک ’اندرونی تین روزہ میچ‘ کے انعقاد سے پُر کیا جائے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ ’اس سلسلے میں سکواڈ کا انتخاب اور اعلان نومبر کے وسط میں کیا جائے گا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم انگلینڈ لائنز کے خلاف تین روزہ وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ