پی ایس ایل 11: ٹرافی کے علاوہ کس کھلاڑی کو کیا ملا؟

اس رپورٹ میں ہم نے پی ایس ایل 11 کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چنیدہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور ان کو ملنے والے انعامات کا ایک جائزہ پیش کیا ہے۔

3 مئی، 2026 کی اس تصویر میں پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم پی ایس ایل 11 جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ(اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن اپنے اختتام کو پہنچا، اس ایڈیشن کی خاص بات یہ تھی کہ پہلی بار اس میں آٹھ ٹیمیں مدمقابل تھیں۔

 لیکن سب سے دلچسپ بات یہ کہ پہلی بار اس لیگ کا حصہ بننے والی ٹیم حیدر آباد کنگز مین نے نہ صرف اچھی کرکٹ کھیلی بلکہ فائنل تک رسائی بھی حاصل کی۔

جہاں اسے پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا اور پشاور زلمی پی ایس ایل کی تاریخ میں دوسرا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی۔

اس رپورٹ میں ہم نے پی ایس ایل 11 کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چنیدہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور ان کو ملنے والے انعامات کا ایک جائزہ پیش کیا ہے۔

سب سے زیادہ رنز: بابر اعظم

بابر اعظم نے پی ایس ایل 11 میں 73 رنز کی اوسط اور 145 کے سٹرائیک ریٹ سے 11ا ننگز میں 588 رنز بنائے۔ وہ اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر رہے اور انہیں اس کامیابی پر حنیف محمد کیپ سے نوازا گیا۔ انہیں 35 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔

سب سے زیادہ وکٹیں: سفیان مقیم

پشاور زلمی کے سفیان مقیم نے اس ٹورنامنٹ میں 11 میچز میں 22 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین پرفارمنس 32 رنز کے عوض چار وکٹیں تھیں۔ انہیں اس کارکردگی پر فضل محمود کیپ سے نوازا گیا۔ انہیں 35 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔

فائنل کے پلیئر آف دی میچ: آرون ہارڈی

پشاور زلمی کے آرون ہارڈی نے اپنی آل راؤنڈر کارکردگی کے بلے بوتے پر فائنل کے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے 27 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور پھر مشکلات کی شکار اپنی ٹیم کے لیے 39 گیندوں پر 56 اہم رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ انہیں دو لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔

بہترین فیلڈر: فرحان یوسف

پشاور زلمی کے فرحان یوسف کو ٹورنامنٹ کا بہترین فلیڈر قرار دیا گیا۔ انہوں نے 11 میچز میں 10 کیچ پکڑے جن میں کئی مشکل اور تقریباً ناممکن کیچ بھی شامل تھے۔ انہیں 35 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔

بہترین آل راؤنڈر: شاداب خان

اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کو اس ٹورنامنٹ کا بہترین آل راؤنڈر قرار دیا گیا۔ انہوں نے 10 میچز میں 173 رنز بنائے اور 17 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں 35 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔

ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ: حنین شاہ

حیدر آباد کنگز مین کے اٹیک بولر حنین شاہ کو رواں سیزن میں اپنی نپی تلی بولنگ اور 17 وکٹیں حاصل کرنے پر ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے رواں ایڈیشن میں اپنی ٹیم کو کئی بار یقینی شکست سے بچایا۔ انہیں 35 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔

بہترین وکٹ کیپر: کوشل مینڈس

پشاور زلمی کے کوشل مینڈس نے بطور وکٹ کیپر دو اہم کیچز پکڑے اور 11 اننگز میں 55 کی اوسط سے 550 رنز بھی سکور کیے۔ انہیں 35 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ