جب وکی کوشل کیمرے کو کترینہ کیف سمجھ کر رقص کرتے تھے

وکی کوشل نے بھری محفل میں کترینا کیف کو سٹیج پر مدعو کر کے ازراہ مذاق پوچھا، ’آپ کسی اچھے سے وکی کوشل کو ڈھونڈ کر شادی کیوں نہیں کر لیتیں، آج کل ویسے ہی شادیوں کا سیزن چل رہا ہے؟‘

کترینہ اور وکی دونوں نے ایک عرصے تک اپنے تعلقات چھپائے رکھے (اے ایف پی)

وکی کوشل کو اپنے ایکٹنگ انسٹرکٹر کی بات بڑی حیران کن اور عجیب بات لگی، اور بات ہی کچھ ایسی تھی جس نے وہاں موجود وکی کوشل سمیت دیگر نوجوانوں کو بھی منہ دبا کر ہنسنے پر مجبور کر دیا۔

لیکن سب پر بڑا سٹار بننے کی دھن سوار تھی، اسی لیے مسکراہٹ کو جھٹ پٹ قابو کر کے انسٹرکٹر کی بات بغور سے سن رہے تھے۔ وہ کہہ رہے تھے، ’تو سمجھ گئے نا، آپ۔ یہ سمجھیں کہ یہ کیمرا آپ کی محبوبہ بلکہ کترینہ کیف ہے اور اب آپ کو ذہن میں کترینہ کیف سمجھ کر اس کے سامنے ’تیری اور تیری ہائے ربا‘ گنگنانا ہے۔ ‘ یعنی 2008 کی سپر ڈوپر فلم ’سنگھ از کنگ‘ کا مشہور گیت جو اکشے کمار اور کترینہ کیف پر فلمایا گیا تھا۔ جس کے بعد وکی کوشل نے کیمرے آنکھیں ملائی اور ذہن میں یہ تصور کیا کہ جیسے سامنے کترینہ کیف کھڑی ہوں اور پھر لہک لہک کر گانا گنگنانے لگے۔

اس وقت تک لمبے تڑنگے وکی کوشل کا ابتدائی تعارف یہ رہا تھا وہ ایکشن ڈائریکٹر شیام کوشل کے بیٹے ہیں۔ وہی شیام کوشل جو فلموں کے خطرناک مناظر کی عکس بندی میں مہارت رکھتے تھے لیکن یہ کیسا عجیب اتفاق تھا کہ وکی کوشل کو والد کے شعبے میں جانے سے زیادہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا جنون تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ممبئی کے راجیو گاندھی آف ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ سے الیکٹرونکس اور ٹیلی کمیونیکشن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد وہ ایک آئی ٹی کمپنی میں بھی نوکری کرنے لگے لیکن بہت جلد ان کا دل اس ملازمت سے بھر گیا۔

والد شیام کوشل کو بتایا کہ وہ اداکاری کرنا چاہتے تھے تو ان کا پہلا ردعمل یہی تھا کہ پہلے اداکاری سیکھو۔ جبھی انہوں نے کشور نمت کپور کی ایکٹنگ اکیڈمی میں 2009 میں داخلہ لیا۔ جہاں اداکاری سکھانے والا انسٹرکٹر انہیں کیمرے کو کترینہ کیف تصور کر کے ’تیری اور تیری ہائے ربا‘ پر رقص کے ساتھ ساتھ چہرے کے رومانی تاثرات کی خواہش کر رہا تھا۔ ممکن ہے کہ اس وقت وکی کوشل نے کبھی یہ بھی تصور نہیں کیا ہو گا کہ اگلے 12سال میں وہ کترینہ کیف کے شریک سفر بھی بن جائیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صرف اسی وقت ہی نہیں اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کرنے کے بعد جب وہ کسی اچھے موقعے کی تلاش میں تھے، تب بھی ان کے وہم و گمان میں نہ تھا کہ ایک دن وہ سلمان خان کی گرل فرینڈ کا دل چرا لیں گے۔

وکی کوشل کو والد کی سفارش پر انوراگ کیشپ نے ’گینگ آف واسع پور‘ میں اسٹنٹ ڈائریکٹر رکھ لیا لیکن وکی کوشل کو اداکاری کرنا تھی۔ 2012 میں ’لو شو تے چکن کھرانہ‘ جیسی فلاپ فلم سے یہ خواہش پوری تو ہو گئی لیکن مقام کچھ نہ ملا۔ اگلے دو برس میں ایسی ہی اوسط درجے کی فلموں میں نظر آئے۔ 2015 میں جب وکی کوشل فلم ’بمبے ویلوٹ‘ میں کام کر رہے تھے تو کترینہ کیف کبھی کبھار سیٹ پر آ جاتیں۔ یہ وہ وقت تھا جب فلمی جرائد رنبیر کپور اور کترینہ کیف کی محبت کی داستانیں شائع کر رہے تھے۔

کترینہ کیف سے سیٹ پر ہیلو ہائے تو ہوتی لیکن وکی کوشل نے اس لمحے بھی ممکن ہے سوچا نہ ہو کہ رنبیر کپور جو کترینہ کیف کی زلفوں کے اسیر بنے بیٹھے ہیں، کچھ ایسا ہی حال ان کا بھی ہو گا۔ وکی کوشل کی خوش قسمتی ہی ہے کہ اسی سال ان کی فلم ’مسان‘ نے انہیں بطور اداکار وہ پہچان کرا دی، جس کی انہیں آرزو تھی۔ پھر 2018 میں سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ نے تو جیسے وکی کوشل کی قسمت ہی پلٹ کر رکھ دی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم میں بھی وکی کوشل کے ساتھ رنبیر کپور تھے، جو اس وقت تک کترینہ کیف کے ’سابق بوائے فرینڈ‘ بن چکے تھے اور بالی وڈ میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ کترینہ کیف اور سلمان خان کی پھر سے دوستی ہوگئی ہے۔

وکی کوشل کا فلمی سفر اب تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا تھا۔ بالخصوص ’رازی‘ نے انہیں بھی کامیاب اداکاروں کی صف میں لا کھڑا کیا تھا۔ ایسے میں جب بالی وڈ میں پریانکا چوپڑہ نک جونز اور پھر دپیکا پدوکون اور رنویر سنگھ نے بیاہ رچایا تو 2019 کی ایک ایوارڈ تقریب میں جس میں سلمان خان بھی موجود تھے۔

وکی کوشل نے بھری محفل میں کترینہ کیف کو سٹیج پر مدعو کرکے ازراہ مذاق پوچھا، ’آپ کسی اچھے سے وکی کوشل کو ڈھونڈ کر شادی کیوں نہیں کر لیتیں، آج کل ویسے ہی شادیوں کا سیزن چل رہا ہے؟‘

کترینہ کیف نے سوال کا معلوم کیا تو بیک گراؤنڈ میں ان کی ہی فلم کا گیت ’مجھ سے شادی کرو گی‘ بج اٹھا۔‘ اس موقعے پر مہمانوں میں بیٹھے سلمان خان کے تاثرات دیکھنے سے تعلق رکھتے تھے۔

ظاہری بات ہے کہ یہ سیگمنٹ ایوارڈ تقریب کا طے شدہ حصہ تھا۔ عین ممکن ہے اس وقت وکی کوشل کے ذہن کے گوشے میں کہیں بھی یہ نہیں تھا کہ وہ کترینہ کیف کو دل دے بیٹھیں گے، اسی عرصے میں وکی کوشل نے ویب چینل کے لیے کترینہ کیف کا انٹرویو بھی لیا، جس کے دوران ممکن ہے کہ دونوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملا۔ دوسری جانب کرن جوہر کے ’کافی ود کرن‘ میں کترینہ کیف نے خواہش ظاہر کی کہ وہ وکی کوشل کے ساتھ فلموں میں کام کرنا چاہتی ہیں۔

پھر حالات بدلنے لگے۔ وکی کوشل اور کترینہ کیف کی ملاقاتیں بڑھنے لگیں اور پھر ہنسی مذاق میں کہی ہوئیں باتیں حقیقت کا روپ دھارنے لگیں۔ کب دونوں ایک دوسرے کے قریب آئے، کب ایک دوسرے کے لیے دل دھڑکنے لگے یہ معلوم نہ ہوسکا۔ یہ ضرور ہے کہ دونوں کو ہر تقریب میں بس ساتھ ساتھ دیکھا جاتا۔ سلمان خان اور رنبیر کپور کے بعد اب کترینہ کیف کی زندگی میں وکی کوشل داخل ہو چکے تھے۔

ذرائع ابلاغ جب دونوں سے اس رشتے کے متعلق دریافت کرتے تو جواب کترینہ کیف دیتیں نہ وکی کوشل۔ یہاں تک بات پھر شادی تک پہنچ گئی۔ گو کترینہ کیف وکی کوشل سے لگ بھگ پانچ سال بڑی ہیں لیکن عشق کی آگ نے عمروں کا یہ فرق بھی مٹا دیا، دونوں اب ایک نئے رشتے اور تعلق سے جڑ گئے ہیں۔

اب کم از کم اتنی آسانی ضرور ہو گئی ہے کہ اس کے بعد وکی کوشل کو اب کیمرے کو کترینہ کیف سمجھ کر رقص نہیں کرنا پڑے گا۔ پھر سب سے بڑھ کر یہ وہ کسی ایوارڈ تقریب میں کترینہ کیف سے یہ سوال بھی نہیں کرپائیں گے کہ کوئی اچھا سا وکی کوشل ڈھونڈ کر شادی کیوں نہیں کر لیتیں۔

اور کوئی بعید نہیں کہ کترینہ کیف کی وکی کوشل کے ساتھ کام کرنے کی خواہش بھی اب پوری ہو جائے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فلم