پاکستان میں مزید کرکٹ، نیوزی لینڈ کے دورے کا شیڈول جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک بیان کے مطابق مہمان ٹیم دو ٹیسٹ، آٹھ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے دومختلف مراحل میں پاکستان آئے گی۔

ستمبر 2021، راولپنڈی: پاکستانی کپتان بابر اعظم نیوزی لینڈ ٹیم کے ہم منصب ٹام لیتھم کے ساتھ ایک تقریب سے پہلے۔ (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول سوموار کو لاہور میں جاری کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک بیان کے مطابق مہمان ٹیم دو ٹیسٹ، آٹھ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے دومختلف مراحل میں پاکستان آئے گی۔

27 دسمبر سے 15 جنوری تک جاری رہنے والے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی۔

ابتدائی مرحلے میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ اس دوران کھیلے جانے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی جبکہ دوسرا 4 سے 8 جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔ اس دورے میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔

مہمان ٹیم دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان میں وائیٹ بال میچز کھیلے گی۔ اس دوران دونوں ٹیمیں پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی۔

اس مرحلے میں شامل ابتدائی چار ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پانچواں ٹی ٹونٹی اور ابتدائی دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب 23، 26 اور 28 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

دورے میں شامل آخری تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، چار اور سات مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے مابین پہلے دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز فیوچر ٹورز پروگرام کا حصہ ہیں جبکہ باقی دس وائیٹ بال میچز گذشتہ سال ستمبر میں ملتوی ہونے والی سیریز میں شامل تھے۔

ذاکر خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی‘ نے کہا کہ انہوں  نے اپنے پرجوش شائقین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انہیں 2022 میں اعلیٰ معیار کے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ مقابلے فراہم کریں گےاور  اس ٹور کا آج اعلان کرنا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

ذاکر خان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ ایک بہترین ٹیم  ہے اور ان کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کو بہت فائد ہوگا۔ ان بڑی ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کو تمام طرز کی کرکٹ میں ٹاپ تھری پوزیشن  حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیریز کرکٹ شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو براہ راست کھیلتا دیکھنے میں مدد کرے گی۔ پاکستان کی ٹیم ایسی ٹیموں کے خلاف جتنی زیادہ کرکٹ کھیلے گی وہ اتنی ہی زیادہ مضبوط ہوگی۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ اس وقت آٹھویں نمبر پر جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ آئی سی سی سپر لیگ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ بالترتیب چوتھے اور چھٹے نمبر پر ہیں۔

نیوزی لینڈ 2022 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی تیسری ہائی پروفائل کرکٹ ٹیم ہوگی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ بلیک کیپس شدت سے ان دونوں ٹورز کے منتظر ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دو طرفہ تعلقات بہت پرانے ہیں اور دونوں بورڈز کے درمیان احترام کا رشتہ ہے۔

انہوں  نے کہا وہ جانتے ہیں کہ ان کے کھلاڑی کرکٹ کی ثقافت سے جڑے کراچی، ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلنے کے تجربے سے لطف اندوز ہونے کے منتظر ہیں۔ حال ہی میں مکمل ہونے والے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان نے انہیں تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے معیار اور چیلنج سےبخوبی آگاہ کررکھا ہے۔

شیڈول:

دسمبر  27 تا 31- پہلا ٹیسٹ، کراچی (آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ)

جنوری 4 تا 8 - دوسرا ٹیسٹ، ملتان (آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ)

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جنوری  11 - پہلا ون ڈے، کراچی (آئی سی سی سپر لیگ)

جنوری  13 - دوسرا ون ڈے، کراچی (آئی سی سی سپر لیگ)

جنوری  15 - تیسرا ون ڈے، کراچی (آئی سی سی سپر لیگ)

اپریل  13 - پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ، کراچی

 اپریل 15 - دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل، کراچی

اپریل  16 - تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل، کراچی

اپریل  19– چوتھا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل، کراچی

اپریل  23–ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ، لاہور

اپریل  26 - پہلا ون ڈے، لاہور

اپریل  28- دوسرا ون ڈے، لاہور

یکم  مئی - تیسرا ون ڈے، راولپنڈی

مئی  4 - چوتھا ون ڈے، راولپنڈی

مئی  7 – پانچواں  ون ڈے، راولپنڈی

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ:

دسمبر  یکم تا 5 - پہلا ٹیسٹ، راولپنڈی (آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ)

دسمبر  9تا 13 - دوسرا ٹیسٹ، ملتان (آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ)

دسمبر  17تا 21 - تیسرا ٹیسٹ، کراچی (آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ