گذشتہ آئی پی ایل سیزن میں ناکام بشنوی کی شاندار واپسی کیسے ہوئی؟

راجستھان رائلز کے لیگ سپنر روی بشنوی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ایک بڑی کمزوری کو اپنی طاقت میں بدل لیا ہے۔

راجھستان رائلز کے سپنر روی بشنوی 30 مارچ، 2026 کو گوہاٹی میں چنئی سپر کنگز کے بیٹر میٹ ہنری کو آؤٹ کرنے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (اے ایف پی)

راجستھان رائلز کے لیگ سپنر روی بشنوی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ایک بڑی کمزوری کو اپنی طاقت میں بدل لیا ہے، جس کا ثبوت انہوں نے ہفتے کو گجرات ٹائٹنز کے خلاف انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں جتوانے والی کارکردگی دکھا کر دیا۔

بشنوی نے گذشتہ سال اپنے بدترین آئی پی ایل سیزن میں 11 میچوں میں صرف نو وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کے بعد لکھنؤ سپر جائنٹس نے انہیں ریلیز کر دیا تھا۔

25  سالہ سپنر نے اپنی لائن اور لینتھ درست کرنے کے لیے سخت محنت کی اور گذشتہ روز4-41 کی شاندار بولنگ سے راجستھان کو گجرات کے خلاف چھ وکٹوں سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کر نے کے بعد بشنوی نے کہا ’پچھلا سیزن مشکل تھا۔‘

’میری ایک کمزوری تھی… اگر میری لینتھ غلط ہوتی تھی تو مجھے فورز اور سکسز پڑتے تھے۔

’میں نے پورا ڈومیسٹک سیزن کھیلا اور اپنی لینتھ پرفیکٹ کرنے پر کام کیا۔ درست لینتھ نے بیٹرز کے لیے مشکلات پیدا کیں۔ آج بھی جب میں نے گیند زیادہ فل کی تو مجھے مار پڑی۔‘

ان کی یہی حکمت عملی ان کی شاندار بولنگ میں نظر آئی۔

بشنوی نے سائی سدرشن اور گلین فلپس کو گوگلی پر دھوکہ دیا، واشنگٹن سندر کو آؤٹ کیا اور آخر میں راہل تیواتیا کی قیمتی وکٹ لے کر میچ پر مہر لگا دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’چاروں وکٹیں میری پسندیدہ ہیں، لیکن راہل کی وکٹ اہم تھی کیونکہ وہ اہم مرحلے پر ملی۔

’وہ فنشر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ اگر وہ آؤٹ نہ ہوتے تو میچ کسی بھی طرف جا سکتا تھا۔‘

راجستھان کے لیے یہ ایک دباؤ والا میچ تھا کیونکہ گجرات 211 رنز کے ہدف کا بھرپور تعاقب کر رہا تھا۔

گجرات کو آخری دو اوورز میں 15  رنز درکار تھے جبکہ تین وکٹیں باقی تھیں، لیکن جوفرا آرچر نے شاندار دوسرا آخری اوور کراتے ہوئے صرف چار رنز دیے اور تشار دیش پانڈے نے بھی آخری اوور میں اتنے ہی رنز دے کر گجرات کی امیدیں ختم کر دیں۔

آئی پی ایل کی پوائنٹس ٹیبل میں راجستھان رائلز سرفہرست ہیں، وہ دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کے ساتھ چار پوائنٹس پر برابر ہیں، مگر بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر آگے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ