پشاور زلمی کے کوچ اظہر محمود نے بابر اعظم کی سینچری پر کہا ہے کہ انہیں ماضی میں صحیح سے استعمال نہیں کیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ میں اتوار کو بابراعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف سینچری سکور کی جو ان کی ایک طویل عرصے بعد لبمی اننگز تھی۔
بابر اعظم اس میچ میں ایک بار پھر پرانے انداز میں دکھائی دیے اور سب سے اہم بات یہ تھی کہ انہوں نے یہ سینچری صرف 52 گیندوں پر بنائی جس کا مطلب یہ ہے کہ ان کا سٹرائیک ریٹ 192 رہا۔
سٹرائیک ریٹ ہی وہ چیز تھی جس کو بڑھاتے بڑھاتے بابر اعظم اپنی مخصوص کرکٹ کھیلنے کے انداز سے دور ہو گئے تھے۔
یہی بات پشاور زلمی کے کوچ اظہر محمود نے بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کے بعد پریس کانفرنس میں کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بابر اعظم ہمیشہ سے ورلڈ کلاس تھا وہ پراپر کرکٹنگ شاٹ کھیلنے والا پلیئر ہے۔ وہ جاتے ہی بڑی ہٹیں نہیں لگا سکتا۔
’وہ جیسے آج کھیلا ہے اس نے اپنی اننگز کو اعلیٰ انداز میں آگے بڑھایا اور 52 گیندوں پر 100 کیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اظہر محمود نے کہا کہ ’بابر اعظم سے ڈیمانڈ ہی غلط کی جا رہی تھی۔ ان سے ورلڈ کپ میں 4 نمبر پر بیٹنگ کروائی گئی۔
’ان کے سٹرائیک ریٹ کی بات کی جاتی ہے تو اگر ٹی 20 میں پاکستان کے لیے سٹرائیک ریٹ کی بات کی جائے تو صاحبزادہ فرحان کا سٹرائیک ریٹ 135 کا ہے جو ان کا سب سے زیادہ سٹرائیک ریٹ ہے۔ باقی ہمارے پاس 180 سے 190 والا کوئی نہیں ہے۔‘
انہوں نے بابر اعظم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’بابر کا سٹرائیک ریٹ انٹرنیشنل کرکٹ میں 128 ہے جو اتنا زیادہ فرق نہیں ہے۔ لیکن بابر اعظم کے ساتھ آپ کو مستقل مزاجی ملے گی۔‘
اظہر محمود نے کہا کہ ’بابر اعظم کو یہ کہنا کہ ان کا سٹرائیک ریٹ کم ہے اور جس طرح انہیں استعمال کیا گیا وہ ان کے ساتھ زیادتی تھی۔‘
بابر اعظم گذشتہ طویل عرصے سے خراب فارم سے لڑتے دکھائی دیے ہیں اور ان کی پرفارمنس پر انہیں مسلسل تنقید کا سامنا بھی رہا ہے۔
تاہم پی ایس ایل کے رواں سیزن میں انہوں نے اب تک دو نصف سنچریاں اور ایک سینچری سکور کی ہے جبکہ ان تینوں اننگز میں وہ ناٹ آؤٹ بھی رہے ہیں۔
یہ بابر اعظم کی پی ایس ایل میں تیسری سینچری ہے اور ان کی پرفارمنس کا نتیجہ یہ ہے کہ پشاور زلمی اس وقت بنا کوئی میچ ہارے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔