پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے جمعے کو تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں بابر اعظم اور فخر زمان سمیت اگر کوئی سینیئر کھلاڑی ٹیم میں فٹ نہ ہوا تو اسے پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان اپنا پہلا میچ، جو ورلڈ کپ کا افتتاحی مقابلہ بھی ہے، سنہالی سپورٹس کلب گراؤنڈ میں ہفتے کو کھیلے گا۔
میچ سے قبل پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے ٹیم کے توازن اور مضبوط ترین کمبی نیشن کے انتخاب کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور فخر زمان جیسے سینیئر کھلاڑی پاکستان کے لیے نہایت اہم رہے ہیں، تاہم ترجیح ہمیشہ ایسی ٹیم کے انتخاب کو دی جائے گی جو جیت کے بہترین امکانات فراہم کرے۔
سلمان آغا نے کہا: ’ہم یہاں 15 کھلاڑیوں کا بہترین کمبی نیشن لے کر آئے ہیں اور ہم اسی کے مطابق ٹیم کھلانے کی کوشش کریں گے۔ اگر بابر یا فخر سمیت کوئی بھی سینیئر کھلاڑی فٹ نہیں ہوا تو ہم اسے نہیں کھلائیں گے، بلکہ وہی انتخاب کریں گے جو ٹیم کے لیے بہتر ہو۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’فخر نے گذشتہ 10 برسوں میں پاکستان کے لیے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور بابر نے بھی ایسا ہی کیا ہے۔ میری دونوں کے ساتھ مکمل سپورٹ ہے لیکن ٹیم کے مفاد میں بہترین پلیئنگ الیون تشکیل دیں گے۔‘
عثمان طارق کے بولنگ ایکشن سے متعلق خدشات پر بات کرتے ہوئے کپتان نے یقین دلایا کہ ٹیم مینجمنٹ کو کھلاڑی پر مکمل اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا: ’ہم وہی کمبی نیشن منتخب کریں گے جو سب سے بہتر ہو۔ میرا ماننا ہے کہ ہر چیز میدان میں ہونی چاہیے، میدان سے باہر نہیں۔ عثمان طارق کے ایکشن میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ وہ دو بار کلیئر ہو چکے ہیں، پھر بھی اس پر اتنی بات کیوں ہو رہی ہے، سمجھ نہیں آتا۔ اب بس انہیں میدان میں خود کو ثابت کرنا ہے۔‘
سلمان آغا نے پریس کانفرنسز میں انڈیا پاکستان سیاسی کشیدگی اور غیر متعلقہ سوالات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’اکثر پریس کانفرنسز میں سوالات کرکٹ سے ہٹ کر ہو جاتے ہیں، جو اچھا نہیں۔‘
بابر اعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کے لیے نہایت اہم ہیں اور اپنی سٹرائیک ریٹ بہتر بنانے پر مسلسل محنت کر رہے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا: ’ان حالات میں بابر ہمارے لیے بہت اہم ہیں اور وہ اپنی بیٹنگ بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں۔ ہماری پوری توجہ کھیل پر ہے۔‘
32 سالہ کپتان نے ٹیم کی تیاری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی پُرعزم اور مکمل طور پر تیار ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا: ’ہم پچھلے میچز کے دباؤ میں نہیں ہیں۔ ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے اور جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ہماری تیاری بہت اچھی ہے، اب ہمیں صرف اپنے پلان پر عمل کرنا ہے۔ گذشتہ چھ ماہ میں ہم نے اچھا کرکٹ کھیلا ہے۔‘
اپنی بیٹنگ پوزیشن کے حوالے سے سلمان آغا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا: ’اس وقت میں نمبر تین پر اچھا کھیل رہا ہوں، اس لیے تبدیلی کی ضرورت نہیں۔ میں نمبر تین پر ہی بیٹنگ کروں گا۔‘
سری لنکا میں بارشوں کی پیشن گوئی کے حوالے سے سوال پر سلمان آغا نے کہا: ’موسم ہمارے اختیار میں نہیں، اس لیے ہم اس پر کچھ نہیں کر سکتے۔ ہماری کارکردگی ہمارے ہاتھ میں ہے اور ہمیں وہ دکھانی ہوگی۔ اگر ہم تینوں میچ جیت گئے تو ہمیں زیادہ رن ریٹ کی فکر نہیں ہوگی۔‘