اسلام آباد دھماکہ: سعودی عرب سمیت عالمی برادری کی مذمت اور اظہار افسوس

دارالحکومت اسلام آباد کی ایک مسجد میں جمعہ کو ہونے والے دھماکے کی افغانستان، برطانیہ سمیت متعدد ممالک نے مذمت کی ہے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں جمعہ کو ایک مسجد میں نماز کے دوران دھماکہ ہوا جس میں اب تک کم از کم 31 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق اس واقعے میں زخمیوں کی تعداد 169 ہے۔

یہ واقعہ اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں ایک امام بارگاہ سے متصل مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں پیش آیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم و صدر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے واقعے کی مذمت کی ہے جبکہ افغانستان سمیت دنیا کے کئی دیگر ممالک نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سعودی عرب نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مسجد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’مملکت، برادر اسلامی ملک پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کی مخالفت کرتی ہے۔‘

متحدہ عرب امارات نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یو اے ای ان مجرمانہ کارروائیوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور ہر قسم کے تشدد، انتہاپسندی اور دہشت گردی کو مسترد کرنے کے اپنے مستقل مؤقف کی توثیق کرتا ہے جو امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے کی جاتی ہیں۔‘

افغانستان کی وزرات خارجہ کی جانب سے جمعے کی شام جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزارت خارجہ اسلام آباد کی ایک مسجد میں نمازہ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’افغانستان ایسے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے جو مقدس مذہبی عبادات اور مساجد کی حرمت کو پامال کرتے ہیں اور عبادت گزاروں اور بے گناہ افراد کو نشانہ بناتے ہیں۔‘

اس واقعے کی مذمت کرنے والے ممالک میں انڈیا بھی شامل ہے۔ انڈین وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ ’آج اسلام آباد کی ایک مسجد میں ہونے والا بم دھماکہ قابلِ مذمت ہے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر انڈیا تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔‘

اسی طرح آذربائیجان نے بھی اسلام آباد دھماکے کی مذمت کی ہے۔

آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عوام اور حکومت سے اسلام آباد میں ایک مسجد پر ہونے والے المناک دہشت گرد حملے کے بعد دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، جس میں قیمتی جانیں گئیں اور کئی افراد زخمی ہوئے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم عبادت گاہ جیسے مقدس مقام پر عبادت گزاروں کو نشانہ بنانے والے اس گھناؤنے تشدد اور دہشت گردی کے عمل کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی کہا ہے کہ اسلام آباد میں امام بارگاہ پر ہونے والے ہولناک حملے پر شدید غم و غصے اور دلی صدمے کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میری دعائیں اور ہمدردیاں مرنے والوں، زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ اس قسم کا تشدد قابلِ نفرت ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

پاکستان میں یورپی یونین کے مشن کا بھی ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’ہمیں آج اسلام آباد میں ہونے والے گھناؤنے خودکش حملے کی خبر سن کر گہرے صدمے کا سامنا کرنا پڑا۔ یورپی یونین دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کی تمام اقسام کی سخت مذمت کرتی ہے۔‘

یورپی یونین پاکستان نے کہا کہ ’ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور مرنے والوں اور زخمیوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔‘

امریکی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’امریکہ آج اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں بے گناہ نمازی جاں سے گئے اور زخمی ہوئے، امریکہ اس واقعے سمیت ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کی  مذمت  کرتا ہے۔

’امریکہ کی جانب سے میں اس حملے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ اور عزیزو اقارب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔ شہریوں اور عبادت گاہوں کے خلاف دہشت گردی اور انہیں نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ پاکستانی عوام حفاظت اور وقار کے ساتھ ، خوف کے بغیر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے حقدار ہیں۔ 

امریکہ امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور استحکام کے لیے اپنی شراکت داری پر قائم ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

فرانس اور نیدرلینڈز کے سفارت خانوں نے بھی اسلام آباد میں ہونے والی دھماکے کی مذمت اور اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ’اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے، میں اسلام آباد میں جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے گھناؤنے اور افسوسناک دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں، جس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوئے۔

’میں حکومتِ پاکستان اور عوامِ پاکستان، بالخصوص سوگوار خاندانوں سے دلی اور گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔‘

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا