آئی پی ایل 2026 میں 15 سالہ نوجوان بیٹر ویبھو سوریہ ونشی کی شاندار بیٹنگ نے نہ صرف شائقین بلکہ کرکٹ ماہرین کو بھی حیران کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق آسٹریلوی بلے باز اور کوچ جسٹن لینگر نے ان کی کارکردگی کو ’حیران کن‘ اور ’بے مثال‘ قرار دیا ہے۔
منگل کو کھیلے گئے میچ میں سوریہ ونشی نے صرف 38 گیندوں پر 93 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر راجستھان رائلز کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف اہم فتح دلائی اور ٹیم کو پلے آف مرحلے کے قریب پہنچا دیا۔ ان کی اس تباہ کن اننگز میں 10 چھکے شامل تھے۔
یہ کارکردگی اس سیزن میں ان کی مسلسل شاندار پرفارمنسز کا حصہ ہے، جس میں 36 گیندوں پر ایک سنچری بھی شامل ہے۔
سوریہ ونشی نے اس اننگز کے بعد آئی پی ایل بیٹنگ چارٹ میں لکھنؤ کے مچل مارش کے 563 رنز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور اب 13 میچز میں 579 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
اسی کے ساتھ انہیں ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر کے طور پر اورنج کیپ بھی مل گئی ہے۔
لکھنؤ سپر جائنٹس کے کوچ جسٹن لینگر نے جے پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ :’میں نے اپنی 35 سالہ کرکٹ زندگی میں کئی عظیم کھلاڑی دیکھے ہیں، لیکن کسی نوجوان کو اس طرح بیٹنگ کرتے دیکھنا واقعی حیران کن ہے۔ نہ صرف آج بلکہ پورے سیزن میں اس کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سوریہ ونشی نے مچل سٹارک اور ہینرک نورکیا جیسے عالمی معیار کے فاسٹ بولرز کے خلاف بھی بھرپور بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
لینگر نے کہا کہ: یہ واقعی حیرت انگیز ہے کہ وہ اتنی کم عمر میں اس انداز میں کھیل رہا ہے اور اب اس کے پاس اورنج کیپ بھی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ جب وہ مزید سیکھے گا تو کیا کرے گا؟ یہ عالمی کرکٹ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہو سکتا ہے۔‘
ان کی شاندار کارکردگی کے بعد انہیں جلد انڈیا کی قومی ٹیم میں شامل کرنے کی آوازیں بھی بلند ہو رہی ہیں۔ تاہم انڈیا کے چیف سلیکٹر اجیت آگرکر نے کہا کہ فی الحال انہیں انڈیا اے ٹیم میں شامل رکھا جا رہا ہے۔
’ہم اس کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں اور امید ہے کہ وہ اسی طرح انڈیا اے کے ساتھ بھی عمدہ کھیل پیش کرے گا۔‘
سوریہ ونشی کی کارکردگی نے انہیں نہ صرف اس سیزن کا نمایاں کھلاڑی بنا دیا ہے بلکہ مستقبل میں عالمی کرکٹ کا ایک بڑا ستارہ بننے کی توقع بھی بڑھا دی ہے۔