بالی وڈ کے ستارے اب فیشن آئیکون کیوں نہیں رہے؟

سمارٹ فون پر وقت گزارنے والے نوجوانوں کے پاس صرف ہیرو یا ہیروئن ہی نہیں بلکہ اب کئی اور متاثر کن شخصیات ہیں۔

 بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان دو نومبر 2023 کو اپنی 58ویں سالگرہ کی تقریبات کے دوران ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر مداحوں کے لیے اپنے مشہور پوز میں کھڑے ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

آخر اب بالی وڈ کے ستارے سٹائل آئی کون کیوں نہیں بن پا رہے؟ کیوں پرستار اپنے من پسند اداکار یا اداکارہ کے انداز سے متاثر ہو کر خود کو ان جیسا نہیں بنا پا رہے؟

یہ سوال کئی لوگوں کے ذہنوں میں ضرور کلبلاتے ہیں۔ بالی وڈ کی چمکتی دمکتی دنیا جہاں صرف فلمیں ہی نہیں اس کے ستارے بھی مداحوں کے لیے کشش رکھتے ہیں۔

کس نے کون سا لباس پہنا؟ کس کے بالوں کا انداز کیا ہے؟ کون کس طرح چلتا ہے؟ یا پھر کیا چیز کس کے استعمال میں زیادہ رہتی ہے، یہ ساری باتیں ہر پرستار کے نزدیک بہت معنی رکھتی ہیں۔

عام زندگی ہو یا پھر تہوار یہ سب انداز بطور خاص اختیار کیے جاتے، جنہیں ’فیشن ٹرینڈز‘ کا نام دیا جاتا۔

ماضی کا سفر طے کیا جائے تو دلیپ کمار، راج کپور یا پھر اُنہی دنوں کے کسی اور اداکار کو دیکھیں تو ان کی بیگی پتلونیں اُس دور کے نوجوان کی من پسند رہی ہیں۔

کچھ تو ایسے دیوانے ہوتے کہ اسی طرح کی پتلونیں سلوا کر جب زیب تن کرتے تو خود کو دلیپ کمار، راج کپور یا پھر گرو دت تصور کرتے۔

اسی طرح اداکاراؤں نے ساڑھیاں یا پھر چھوٹی کرتی اور تنگ پاجامے کا استعمال کیا تو ہر دوسری لڑکی نے اسے اپنایا۔ بات صرف لباس تک ہی محدود نہ رہی بلکہ ان کے بالوں کے سٹائل تو خاصے مقبول رہے۔

 ایک بڑا، چھیڑا ہوا کراؤن پف یا بوفائٹ جو سر کے اوپری حصے میں زیادہ حجم کے لیے بنایا جاتا ہے۔

یہ اسی دور کا ایک مشہور سٹائل تھا جس میں کبھی کبھار کوئی ہیروئن باریک ریشمی سکارف بھی بالوں میں پن سے آراستہ کرلیتی۔

جوڑے کے گرد چنبیلی یا موتیے کے پھولوں کا گجرا ہوتا، جو خاص موقعوں پر انتہائی دلکش لگتا۔ لمبے بالوں کو سادہ یا دوہری چٹیا کی شکل میں بھی گوندھا جاتا تھا۔

یہ روزمرہ کا بہت عام انداز تھا، خاص طور پر دیہی علاقوں میں۔ اُس دور میں تو بالوں کے لیے سادھنا کٹ بھی مشہور ہوا، جو فلم سٹار سادھنا کا سٹائل تھا جبکہ آئی لائنر سے آراستہ گہری بھنوئیں بھی من پسند درجہ رکھتیں۔

مدھو بالا سے مادھوری ڈکشٹ تک ان اداکاراؤں کے انداز صنف نازک کے لیے کسی تحریک کی صورت رکھتے۔

بات کی جائے 80 اور 90 کی دہائی کی تو فیشن کے تقاضوں میں بدلتے دور کے ساتھ جدت آنے لگی۔ ہیروز کی پھول دار شرٹس عوام میں مقبول ہوئیں۔

وہیں کچھ اداکاراؤں کے ویسٹرن سراپے نے بھی کشش حاصل کی۔ اس دور میں راجیش کھنہ مخصوص بالوں کے اپنے انداز کی وجہ سے نوجوانوں کے دلوں کے قریب رہے۔

کچھ ایسا ہی حال امیتابھ بچن کا تھا، جنہوں نے اپنے گھنے بالوں اور چوڑی قلموں کے انداز کے باعث غیر معمولی شہرت حاصل کی، پھر اس پر ان کی بڑے پائنچے والی پتلونوں نے بھی فیشن کی دنیا میں ہلچل مچائی۔

بعد میں ان کی فرینچ کٹ داڑھی تو جیسے ہر ڈھلتی عمر کے انسان نے رکھنا شروع کر دی۔

 ششی کپور اور رشی کپور تو اپنے کھلتے رنگوں کے سوئٹرز سے فیشن آئی کون بنے۔ پھر اس پر ان کی لیدر کی جیکٹس انہیں اور پروقار بناتیں۔

اسی طرح انیل کپور کی فلم ’جانباز‘ میں ہلکی شیو کے ساتھ آئے تو ان کے اس چہرے نے کئی نوجوانوں کو ایسا متاثر کیا کہ ہر دوسرا کچھ ایسا ہی کرتا ہوا نظر آیا۔

رجنی کانت کا ماچس جلانے اور پھر سگریٹ پینے کے انداز کو چاہنے والوں نے اپنایا۔ اسی طرح فلم ’عاشقی‘ میں راہول رائے کی لمبی زلفوں والے بالوں کے انداز نے سیلون والوں کو خاصا مصروف بھی رکھا اور کمائی کا ذریعہ بھی دیا۔

سلمان خان کی بالی وڈ میں آمد ہوئی تو انہوں نے جینز پر بنیان کے ساتھ ایک نیا روپ متعارف کروایا۔

اس دور کے بیشتر نوجوان پھر قیمض کی قید سے آزاد رہے۔ فلم ’ساجن‘ میں سنجے دت کے کندھے تک بال مشہور ہوئے جو ان کا ’ٹریڈ مارک‘ بھی بنا۔

جبکہ اسی تخلیق میں سلمان اور سنجے دت نے ڈھیلی ڈھالی پھول دار قیمضیں استعمال کیں تو ان کی مانگ میں بھی اضافہ ہوا۔

فلم ’تیرے نام‘ میں سلمان خان کے بالوں کا سٹائل تو آج تک مشہور ہے۔ فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ میں مادھوری ڈکشٹ کی جامنی رنگ کی ساڑھی فیشن کی ایک نئی پہچان بنی اور شادیوں اور تقریبات میں اسی ساڑھی کو زیب تن کیے جانے لگا۔

 گووندا کی لال پیلی قیمضیں اور پتلونیں مخصوص طبقے کے لیے کشش کا باعث بن گئیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاہ رخ خان نے ابتدا میں اپنے بالوں کے انداز سے پرستاروں کو متاثر کیا اور پھر فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں لیدر جیکٹ اور جینز کا سادہ مگر دلکش انداز اپنایا، جو نوجوانوں کے دلوں کو چھو گیا۔

ایک اور بالی وڈ سٹار عامر خان نے تو اپنی ہر نئی فلم میں فیشن کے اعتبار سے ایک نیا انداز دیا۔

کبھی گھنی یا چھوٹی مونچھیں رکھ کر تو کبھی بالوں کا منفرد انداز بنا کر تو کبھی اپنی مختلف ٹوپیوں کے ذریعے۔

اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ عامر خان کے بارے میں ہر کوئی اس تجسس کا شکار رہتا ہے کہ وہ اب کس نئی فلم میں کیا فیشن دینے جارہے ہیں۔

ایک اور اداکار سیف علی خان اپنی کھلی ڈھلی لیدر جیکٹس اور گھنے لمبے بالوں کی وجہ سے ہر دلعزیز ٹھہرے۔

یہ بھی اپنی جگہ ایک سچائی ہے کہ آج فیشن کی دنیا کا انحصار صرف بالی وڈ نہیں بلکہ سوشل میڈیا بن گیا ہے جس نے فیشن کی دنیا کو بھی تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔

اب فیشن ٹرینڈز صرف بالی وڈ ستاروں کی مرہون منت نہیں بلکہ انسٹاگرام انفلوئنسرز، ٹک ٹاکاکرز، فیشن بلاگرز اور دیگر اہم شخصیات بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ اس میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

سمارٹ فون پر وقت گزارنے والے نوجوانوں کے پاس صرف ہیرو یا ہیروئن ہی نہیں بلکہ اب کئی اور متاثر کن شخصیات ہیں، جن کو دیکھ کر وہ یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ فیشن کے بدلتے تقاضوں کے لیے کون سا قدم اٹھانا ہے۔

یعنی یہ کہا جا سکتا ہے کہ فیشن ٹرینڈز لانے میں بالی وڈ ستاروں کا کردار دھیرے دھیرے کم ہی ہوگیا ہے۔

نوٹ: یہ تحریر بلاگر کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی فلم