یوم الحاق: پاکستان کا اقوام متحدہ سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کا مطالبہ

پاکستان نے ’یوم الحاقِ پاکستان‘ کے موقعے پر عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی کوششوں کی حمایت کرے۔

تین مارچ، 2026 کو سری نگر میں سڑک پر سکیورٹی اہلکار پہرہ دے رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان نے اتوار کو ’یوم الحاق پاکستان‘ کے موقعے پر عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کئی دہائیوں سے جاری مسئلہ کشمیر کے حل کی کوششوں کی حمایت کرے۔

یہ دن 19 جولائی، 1947 کو آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی جانب سے منظور کی گئی اس قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں برطانوی ہندوستان کی تقسیم سے قبل ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی حمایت کی گئی تھی۔

پاکستان ہر سال یہ دن کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے اعادہ کے طور پر مناتا ہے۔

ہمالیائی خطے کشمیر پر 1947 میں برطانوی راج سے آزادی کے بعد سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تنازع چلا آ رہا ہے۔

دونوں ممالک پورے خطے پر اپنا دعویٰ کرتے ہیں۔ تاہم دونوں ہی اس کے مختلف حصوں کا انتظام چلا رہے ہیں جبکہ اس تنازعے پر دونوں کے درمیان کئی جنگیں اور جھڑپیں بھی ہو چکی ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے اس موقعے پر اپنے پیغام میں کہا ’پاکستان ہمیشہ جموں و کشمیر تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن اور منصفانہ حل کا حامی رہا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’ہم عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ، سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کی کوششوں کی حمایت کرے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کو ریفرنڈم کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے کی بات کی گئی ہے۔

تاہم انڈیا کا موقف ہے کہ جموں و کشمیر اس کا ’اٹوٹ انگ‘ ہے اور یہ معاملہ صرف پاکستان اور انڈیا کے درمیان دوطرفہ نوعیت کا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے الگ بیان میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق نکالا جائے۔

انہوں نے کہا ’پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے، جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج ہے۔‘

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان