ول جیکس سے بحث، حارث رؤف پر جرمانہ عائد

آئی سی سی کے مطابق حارث رؤف کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اتوار کو کھیلے گئے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔

پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف 20 اکتوبر 2026 کو انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی میں میچ کے دوران وکٹ لینے کے بعد جشن مانتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو لاہور میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اتوار کو کھیلے گئے ون ڈے میچ کے دوران آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

یہ میچ سہ ملکی سیریز کے سلسلے میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان اور انگلینڈ کے علاوہ تیسری ٹیم سری لنکا کی ہے۔

پاکستان اپنے ابتدائی تین میچز اور سری لنکا دو میچ جیت کر فائنل میں پہنچ چکے ہیں جبکہ انگلینڈ سیریز سے باہر ہو چکا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حارث رؤف کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اتوار کو کھیلے گئے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔

یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 46ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا، جب نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود حارث رؤف نے وائیڈ کی اپیل کی اور اس کے بعد انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس سے بحث شروع کردی۔

حارث رؤف نے اپنا بلا بھی اٹھایا اور امپائر شرف الدولہ ابن شاہد کی تنبیہ کے باوجود بحث جاری رکھی۔ وہ امپائر کے قریب سے گزرتے ہوئے ول جیکس کی جانب بڑھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق حارث رؤف کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.20 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، جو کھیل کی روح کے منافی رویے سے متعلق ہے۔

اس کے علاوہ حارث رؤف کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔ گذشتہ 24 ماہ کے دوران یہ ان کی تیسری خلاف ورزی تھی، جس کے بعد ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔

یہ وہی میچ ہے جس میں شاداب خان نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف اس وقت جیت دلوائی جب نو کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے اور حارث رؤف نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم پر مقررہ وقت میں تین اوورز کم کرانے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ وقت کی رعایت کو مدنظر رکھنے کے بعد انگلینڈ کو تین اوورز کی کمی کا مرتکب قرار دیا گیا۔

آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر ہر اضافی اوور کی کمی کے بدلے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد ہوتا ہے۔

حارث رؤف اور انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے اپنی اپنی خلاف ورزیوں کا اعتراف کرتے ہوئے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے جیف کرو کی تجویز کردہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ