پاکستان کی ایک عدالت نے پیر کو ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کے شوہر احسن طاہر خان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، ربیعہ اتوار کو راولپنڈی میں اپنے گھر پر مردہ پائی گئی تھیں۔
احسن طاہر کے وکیل سمیع اللہ وحید نے ریمانڈ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ’عدالت نے آج احسن طاہر خان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔‘
دوسری جانب ربیعہ کے بھائی خرم احمد کا کہنا ہے کہ اہل خانہ نے احسن کے خلاف مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
خرم نے بتایا کہ واقعے کے وقت ان کی بہنیں ربیعہ کے گھر پر موجود تھیں اور وہ اس واقعے کو حادثہ قرار دے رہی ہیں، جس کے بعد اہل خانہ نے مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کے مطابق وہ احسن کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں اپنا مؤقف پیش کر دیں گے۔
پولیس نے اتوار کو احسن کو گھر سے ربیعہ کی لاش ملنے کے بعد حراست میں لیا تھا۔
پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق ربیعہ کے گلے کے نیچے گولی لگنے کا زخم تھا، جس کے بعد قتل کی تحقیقات شروع کی گئیں اور ان کے شوہر کو حراست میں لیا گیا۔
ربیعہ نیوز چینل 92 نیوز میں بطور اینکرپرسن کام کرتی تھیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مقامی میڈیا کے مطابق اتوار کو پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 302 (قتلِ عمد) اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس 2015 کی دفعہ 2-اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
پیر کو پولیس نے احسن کو مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست کے ساتھ ایریا مجسٹریٹ طلعت وحید کی عدالت میں پیش کیا۔
راولپنڈی کے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) حسن مشتاق سکھیرا نے اتوار کو صحافیوں کو بتایا تھا کہ فرانزک ٹیموں نے مبینہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے ہیں اور وہ اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے جس سے ربیعہ کی جان گئی۔
مقامی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ احسن نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ آتشیں اسلحے سے اتفاقی طور پر گولی چلی، جس کے نتیجے میں ان کی اہلیہ کی موت واقع ہوئی۔
تاہم پولیس نے فائرنگ کے حالات کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی اور نہ ہی یہ طے کیا ہے کہ واقعہ حادثاتی تھا یا دانستہ۔