بسمہ معروف ویمنزکرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار، اقبال ہیڈ کوچ مقرر

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ بسمہ معروف اور اقبال امام نے یہاں تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے اور انہیں یقین ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کپتان اور ہیڈ کوچ کی موجودگی میں مزید ترقی کی جانب گامزن ہوگی۔

بسمہ معروف کہتی ہیں کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بسمہ معروف کو خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے اور اقبال امام کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان اور کوچ کی تقرری آئندہ سال آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک کے لیے کی گئی ہے۔ ایونٹ 21 فروری سے آٹھ مارچ تک آسٹریلیا میں جاری رہے گا۔

آسٹریلیا روانگی سے قبل قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنی ہے۔ ملائیشیا میں شیڈول ایک روزہ سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کا حصہ ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ایک روزہ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔

15 ایک روزہ اور 33 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والی بسمہ معروف کی بطور کپتان جیت کا تناسب 2.5 ہے۔ 28 سالہ خاتون کرکٹر تاحال پاکستان کی جانب سے 105 ایک روزہ اور 103 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں شرکت کرچکی ہیں۔

بسمہ معروف نے 2016 میں دورہ انگلینڈ کے دوران پہلی بار قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کی تھی۔

بطور کرکٹر 15 سالہ ڈومیسٹک کیریئر میں اقبال امام نے 147 فرسٹ کلاس میچز کھیلے۔ 1989 سے 2005 تک مشتمل کیریئر میں اقبال امام نے 6249 رنز اور 136 وکٹیں حاصل کیں۔

سابق کرکٹر اقبال امام کو رواں سال اپریل میں قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ ہیڈ کوچ مارک کولز کے مستعفی ہونے کے بعد اقبال امام کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا تھا۔

کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گی۔

بسمہ نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی متاثر کن رہی ہے اور تمام کرکٹرز بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا: ’قومی خواتین کرکٹرز میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، آئندہ سال شیڈول ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم بہترین نتائج دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔‘

چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ ٹیم اور رکن کرکٹ کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ وہ بسمہ معروف اور اقبال امام کو ان کے عہدوں پر تعیناتی پر مبارک باد پیش کرتی ہیں۔

عروج ممتاز نے کہا کہ میگا ایونٹ میں اپنے ملک کی قیادت کرنا کسی بھی کرکٹر کا خواب ہوتا ہے اور ان کی رائے میں بسمہ معروف اس عہدے کے لیے سب سے اہل کرکٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بسمہ معروف کے پاس تجربہ ہے اور وہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے ایک بہترین قائد بھی ثابت ہو رہی ہیں۔

عروج ممتاز نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں بسمہ معروف کے وسیع تجربے کے باعث قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے۔

اقبال امام کا کہنا ہے کہ وہ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالنے پر خوش ہیں۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم دن بہ دن ترقی کر رہی ہےاور اس کی حالیہ مثال نئی باصلاحیت کرکٹرز کی قومی خواتین سکواڈ میں شمولیت ہے۔

اقبال امام نے کہا کہ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل کی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز برابر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ قومی ویمنز سکواڈ میں باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں اور وہ ان سے بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ بسمہ معروف اور اقبال امام نے یہاں تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے اور انہیں یقین ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کپتان اور ہیڈ کوچ کی موجودگی میں مزید ترقی کی جانب گامزن ہوگی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ اپریل سے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی مینیجمنٹ میں موجود اقبال امام اس عہدے کی ضروریات کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عہدے کے خواہش مند افراد میں اقبال امام سب سے بہترین تھے۔

وسیم  خان نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں اقبال امام کی زیر نگرانی بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور امید ہے کہ وہ کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔

آئندہ سال ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کپتان اور کوچ کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2021 سے قبل کوئی سیریز شیڈول نہیں ہے۔

نیوزی لینڈ میں شیڈول میگا ایونٹ 30 جنوری سے 20 فروری 2021 تک جاری رہے گا۔

اُدھر پاکستان نے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

شیڈول:

9 دسمبر: پہلا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارااکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپیئن شپ)

12 دسمبر: دوسرا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارااکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپیئن شپ)

14 دسمبر: تیسرا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارااکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپیئن شپ)

17دسمبر: پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارااکیڈمی اوول

19 دسمبر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارا اکیڈمی اوول

20 دسمبر: تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ، پاکستان بمقابلہ انگلیند بمقام کنرارا اکیڈمی اوول

 آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020:

26 فروری 2020: پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز

28 فروری 2020: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ

یکم مارچ 2020: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ افریقہ

3مارچ 2020: پاکستان بمقابلہ کوالیفائر ٹو

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ