احسان اللہ احسان کے بارے میں خوش خبری ملنے والی ہے: وزیر داخلہ

وفاقی وزیرِ داخلہ اعجاز نے کہا ہے کہ طالبان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے سکیورٹی اداروں کی قید سے فرار ہونے کی خبر صحیح ہے اور اس سلسلے میں آپ ’خوش خبری‘ سنیں گے۔‘

احسان اللہ احسان نے  اپنے  ایک آڈیو پیغام میں  اپنےفرار ہونے کا انکشاف کیا تھا (فائل تصویر: اے ایف پی)

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے تصدیق کر دی ہے کہ کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان فرار ہو گئے ہیں۔ 

اتوار کو اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ حکومت کو خبر ہے کہ احسان اللہ احسان فرار ہو گئے ہیں۔ 

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے احسان اللہ احسان کے فرار کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا: ’وہ جو خبر آ رہی ہے وہ میں نے بھی پڑھی ہے اور وہ صحیح ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’حکومت اس بارے میں آگاہ ہے،‘ اس سلسلے میں ’بہت کچھ ہو رہا ہے اور آپ جلد ہی گڈ نیوز (خوش خبری) سنیں گے۔‘

واضح رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں احسان اللہ احسان کی ایک مبینہ آڈیو منظرِ عام پر آئی تھی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں کی قید سے فرار ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی اعلیٰ عہدے دار نے اس فرار کی تصدیق کی ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بعد گذشتہ ہفتے وفاقی حکومت کے تحت قانون نافذ کرنے والے ایک ادارے کے سینئیر اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ ’بعض حساس ادارے ایک کارروائی کر رہے تھے جس کے دوران احسان اللہ احسان کو فرار ہونے کا موقع ملا اور انہوں نے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔‘

تاہم حکومتی اہلکار نے کارروائی کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ’آپریشن کا تعلق دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق ریاستی کوششوں سے تھا۔‘

تاہم انہوں نے احسان اللہ احسان کے اہل خانہ سمیت ترکی میں موجودگی سے متعلق اطلاعات کے حوالے سے سوال پر خاموش رہنے کو ترجیح دی۔

احسان اللہ احسان کا اصل نام لیاقت علی ہے اور انہوں نے تحریک طالبان کے ترجمان کی حیثیت سے کئی طالبان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ 

بعد ازاں ٹی ٹی پی میں تقسیم کے بعد وہ جماعت الاحرار کے ترجمان بن گئے اور اس دہشت گرد تنظیم کے بھی کئی اہم حملوں کی ذمہ داری احسان اللہ احسان نے قبول کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان