افغانستان کی پہلی ٹیسٹ فتح

کپتان اصغر نے اسے افغانوں کے لیے ایک ’تاریخی دن‘ قرار دیا۔

افغان کرکٹ ٹیم  کی ٹرافی کے ہمراہ گروپ تصویر۔ بشکریہ: آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ

افغانستان نے بھارت کے شہر دہرہ دون میں آئرلینڈ کو سات وکٹوں سے ہرا کر اپنی کرکٹ تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ جیت لیا۔

پیر کو کھیلے گئے میچ کے چوتھے دن افغان کھلاڑیوں رحمت شاہ اور احسان اللہ نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

افغانستان کی جیت میں رحمت شاہ اور ڈیبیو کرکٹر جنت کی 139 رنز کی پارٹنر شپ نے اہم کردار ادا کیا۔ رحمت شاہ نے انفرادی 76 رنز بنائے جبکہ جنت 65 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

رحمت شاہ افغانستان کی پہلی اننگز میں بھی 98 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

افغانستان کو جیت کے لیے محض تین رنز درکار تھے کہ رحمت شاہ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد محمد نبی کی وکٹ گری اور پھر حشمت اللہ شاہدی نے آ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے شہرت حاصل کرنے والے افغان بولر راشد خان نے آئرلینڈ کے خلاف فتح میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں جبکہ مجموعی طور پر سات وکٹیں حاصل کیں۔

کپتان اصغر افغان نے اسے افغانیوں کے لیے ایک ’تاریخی دن‘ قرار دیتے ہوئے کہا ’ہم کافی عرصے سے کھیل رہے ہیں، ہمیں فرسٹ کلاس کرکٹ کا آئیڈیا ہے۔ ہمارے بولرز راشد خان اور یامین احمد زئی نے شاندار کارکردگی دکھائی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے ورلڈکپ سے قبل کچھ کرکٹ کھیلی ہے اور ہم ہر موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔‘

کرکٹ افغانستان کا قومی کھیل بن چکا ہے، جہاں بہت سے افغان کھلاڑیوں نے پاکستان کے پناہ گزین کیمپوں میں کھیل کر تربیت حاصل کی۔

افغانستان اور آئرلینڈ دونوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا مکمل رکن ہونے کا اعزاز 2017 میں حاصل کیا تھا۔

افغانستان کو 2009 میں ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کا درجہ ملا تھا جبکہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی حصہ لے چکی ہے۔ افغان کرکٹ ٹیم 30 مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کر چکی ہے۔

یہ آئرلینڈ کا بھی دوسرا ٹیسٹ میچ تھا، جس نے گذشتہ برس ڈبلن میں پاکستان کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں پانچ وکٹوں کی شکست کھائی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ