جب 61 سالہ دادی نے اپنی ہی پوتی کو جنم دیا

سیسیل ایلیج کے بیٹے اور داماد (ہم جنس جوڑے) نے جب اولاد کی خواہش ظاہر کی تو انہوں نے متبادل ماں بننے کے لیے فوراً ہامی بھر دی۔

سیسیل اور ان کی ننھی پوتی اوما لویس۔ تصویر بشکریہ: ایریلپینووچ

امریکی ریاست نیبراسکا میں ایک بزرگ خاتون نے اپنے بیٹے اور داماد کے لیے متبادل ماں (surrogate mother) کے طور پر اپنی ہی پوتی کو جنم دیا ہے۔

کچھ عرصہ پہلے جب 61 سالہ سیسیل ایلیج کے ہم جنس پرست بیٹے میتھیو ایلیج اور ان کےشوہر ایلیٹ ڈوہرٹی نے خواہش ظاہر کی کہ وہ والدین بننا چاہتے ہیں تو سیسیل نے ان کی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے ان کے بچے کی متبادل ماں بننے کے لیے فوراً ہامی بھر دی۔  

کے ای ٹی وی نیوز سے بات کرتے ہوئے سیسیل ایلیج نے کہا: ’ہچکچاہٹ کا تو کوئی لمحہ ہی نہیں تھا۔ یہ تو قدرتی جبلت ہے۔‘

طویل طبی معائنوں کے بعد اوماہا شہرکی یونیورسٹی آف نیبراسکا میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹروں نے اس حمل کی اجازت دے دی۔

میتھیو ایلیج کے سپرم اور ان کے شوہر ایلیٹ ڈوہرٹی کی بہن سے لیے گئے بیضوں کی مدد سے ان ویٹرو فرٹلائزیشن (in vitro fertilisation) کے ذریعے جنِین بنایا گیا۔

پچھلے ہفتے زچگی کی تاریخ سے کچھ ہفتے قبل ہی سیسیل ایلیج نے پانچ پاؤنڈ 13 آونس وزن کی حامل تندرست بچی کو جنم دیا جس کے والدوں نے اس کا نام اوما لویس رکھا۔

میتھیو ایلیج نے کہا: ’جب آپ ہم جنس ہوتے ہیں، شادی شدہ ہوتے ہیں اور بچہ چاہتے ہیں، تو آپ کو پہلے سے ہی معلوم ہوتا ہے کہ آپ کو اپنا گھرانا کسی خاص طریقے سے ہی بڑھانا پڑے گا۔ خاندان بنانے کےتخليقی اور منفرد طریقے موجود ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’جس طرح یہ پورا عمل مکمل ہوا ہم اس کے لیے شکر گزار ہیں۔ ہم بہت شکر گزار ہیں کہ اوما اور اس کی دادی دونوں یہاں ہیں اور خوش اور تندرست ہیں۔‘

’ڈاکٹروں اور نرسوں سے لے کر لیب ٹیکنیشن تک، پوری ٹیم  نے پیشہ ورانہ رویے اور تلطف کا مظاہرہ کیا۔ اب بس آرام کریں گے اور اس لمحے کا لطف اٹھائیں گے۔‘

اوما لویس کی پیدائش کو اموہا سے تعلق رکھنے والی فوٹوگرافر ایریل پینووچ نے ایک خوبصورت سیریس میں عکس بند کیا جن میں سے کچھ تصاویر انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیں۔

ایسی ہی ایک تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا: ’ننھی سی اوما لویس اس دنیا میں آگئی ہے اور میں آپ کو بتا سکتی ہوں کہ وہ بالکل ٹھیک اور بخیریت ہے۔‘

’اپنی 61 سالہ دادی  کی کوکھ سے پیدا ہونے والی، اپنے پیار کرنے والے دونوں والدوں اور پھپو کی مدد سے جنم لینے والی اوما مکمل پیار اور محبت کے ماحول سے گھری ہوئی ہے۔ ‘

ایریل نے مزید لیکھا: ’آج کے دن کا حصہ ہونا بہت اچھا لگتا ہے۔ سیلی (سیسیل) آپ ایک جنگجو ہیں۔‘

 

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین