پاکستان ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گا: سرفراز

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ 2019 کا فائنل ضرور کھیلے گا۔

کپتان سرفراز احمد۔ تصویر ۔ اے ایف پی

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ 2019 کا فائنل ضرور کھیلے گا۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو اتوار کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر کپتان کا یہ خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کے لیے ورلڈکپ جیتے اور میرا بھی یہی خواب ہے۔ ’مجھے قوی امید ہے کہ پاکستان اس میگا ایونٹ کا فائنل ضرور کھیلے گا۔‘ انہوں نے پیشں گوئی کی کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں سب سے اوپر ابھر کر سامنے آئیں گی۔

ٹیم کے انتخاب کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ورلڈکپ کے لیے ٹیم منتخب کی جائے گی۔ ’ان فارم کھلاڑیوں پر مشتمل بہترین ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔‘

کرکٹ عالمی کپ کا 12واں ایڈیشن 30 مئی تا 14 جولائی، 2019ء تک برطانیہ اور ویلز میں منعقد ہوگا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈکپ جیتنے کے لیے پاکستانی ٹیم اپنی بہترین کارکردگی دکھاتی آئی ہے۔ کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ ٹیم میچ میں آرمی کیپ پہن سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے دوران کسی بھی کھلاڑی کے زخمی ہو جانے کی صورت میں اس کا متبادل وہاں ہی موجود ہو گا۔

مختلف کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ حسن علی نے پی ایس ایل میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور امید ہے کہ امام الحق اور فخر زمان ورلڈکپ میں بطور اوپنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ محمد عامر بھی ایک اچھے تیز باولر ہیں لیکن بدقسمتی سے گزشتہ چند سیریز میں وہ وکٹیں حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد حسنین بھی ایک اچھے تیز باولر ہیں لیکن انہیں مزید پالش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کے لیے بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔’ اسے اپنی سپیڈ کی بجائے اپنی لائن اینڈ لینتھ کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔‘ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک سب سے سینئر ترین کھلاڑی ہیں اور میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈکپ کے لیے ایک لیگ اسپنر اور ایک آف اسپنر کا انتخاب کیا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ