نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: کس کا کون فیورٹ؟

رمیز راجہ کہتے ہیں کہ عماد وسیم  کی کپتانی میں ناردرن کی  ٹیم  کو شکست دینا آسان نہیں ہو گا جبکہ یونس خان کہتے ہیں کہ انہیں یقین ہے کہ یاسر شاہ اور بسم اللہ خان کی موجودگی میں بلوچستان کی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

عمران نذیر نے کہا ہے کہ محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد رضوان اور  فخر زمان جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں خیبرپختونخوا کا کمبی نیشن سب سے بہترین ہے(اے ایف پی)

پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے 30 ستمبر سے آغاز سے ہو رہا ہے۔ سوال یہی پوچھا جا رہا کہ اس مرتبہ کی فیورٹ ٹیم کون سے ہے، کس کا پلڑا بھاری رہے گا اور کون اچھا پرفارم کرے گا۔

کرونا وائرس کے غیرمعمولی حالات کے باوجود کرکٹ سرگرمیوں کے آغاز پر جہاں کرکٹ کے مداح پرجوش ہیں تو وہیں سابق کرکٹرز بھی کرکٹ کے اس محدود ترین فارمیٹ میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کے  منتظر ہیں۔

ملتان میں شروع ہونے والے ایونٹ میں ناردرن اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ نو اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، جہاں ایونٹ کی دو بہترین ٹیموں کے درمیان فائنل 18 اکتوبر کو ہوگا۔

اس سلسلے میں پاکستان کے نامور سابق کھلاڑیوں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020 میں شریک چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز میں سے اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کا انتخاب کیا ہے۔

سابق کپتان رمیز راجہ اور سعید اجمل کو ناردرن سے ٹائٹل کے دفاع کی امید ہے تاہم بازید خان، عمران نذیر اور عبدالرحمٰن نے محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی خیبرپختونخوا کواپنی  فیورٹ ٹیم قرار دیا ہے۔

یونس خان نے بلوچستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تو ماضی کے دو معروف وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطيف اور معين خان کی نظریں ایونٹ میں اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے دیکھنے کی منتظر ہیں۔

سابق کپتان رمیز راجہ کا کہناہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے  قریب آتے ہی فضا میں خوشی کی ایک واضح لہر  محسوس کی جا  سکتی ہے۔ ’یقین ہے کہ یہ ٹورنامنٹ شاندار رہے گا کیونکہ یہاں پاکستان کے سب سے باصلاحیت کرکٹرز ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے مدمقابل ہوں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ عماد وسیم اعلیٰ کپتان ہیں اور ان کی کپتانی میں میدان میں اترنے والی ناردرن ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔ ناردرن کے نائب کپتان شاداب خان بھی محدود طرز کی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں۔

رمیز راجہ نے کہا کہ ناردرن کی ٹیم میں شامل نوجوان بیٹسمین حیدر علی کی بےخوف بیٹنگ کرنے کی صلاحیت انہیں ٹورنامنٹ میں شریک دیگر تمام کھلاڑیوں سے منفرد بناتی ہے۔

یونس خان جو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی 2009 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان تھے کہنا ہے کہ وہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020 میں بلوچستان  کی ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں کیونکہ اس ٹیم میں سینیئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے۔ انہیں یقین ہے کہ یاسر شاہ اور بسم اللہ خان کی موجودگی میں بلوچستان کی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

بلوچستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ  نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سنسنی خیز مقابلے ہوں گے جسے دیکھ کر شائقین کرکٹ خوب محظوظ ہوں  گے۔

سعید اجمل، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہے۔ انہوں نے کپتان عماد وسيم، شاداب خان اور محمد عامر جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ناردرن کو ایونٹ کی فیورٹ ٹیم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حيدر علی اور روحيل نذير جیسے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی موجودگی کے باعث دیگر ٹیموں کی نسبت ناردرن کا کمبی نیشن زیادہ بہتر ہے۔

عمران نذیر چھ مرتبہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیتنے والی سیالکوٹ سٹالینز کے پانچ چیمپئن سکواڈز کا حصہ رہے ہیں۔ وہ اس مرتبہ ایونٹ میں خیبر پختونخوا کو سپورٹ کریں گے۔ عمران نذیر نے کہا ہے کہ محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد رضوان اور  فخر زمان جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں خیبرپختونخوا کا کمبی نیشن سب سے بہترین ہے۔ انہیں امید ہے کہ سکواڈ میں شامل ہر کرکٹر عبدالرزاق کی کوچنگ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کرے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عبدالرحمٰن چھ مرتبہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیتنے والی سیالکوٹ سٹالینز کے پانچ چیمپئن اسکواڈز کا حصہ رہے۔ انہوں نے بھی خیبرپختونخوا کو اپنی پسنديدہ ٹيم قرار دیا ہے۔ سابق ٹیسٹ سپنر کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ميں کسی بھی ٹیم کا انحصار آلراؤنڈرز پر ہوتا ہے اور خيبرپختونخوا کی ٹيم ميں شعيب ملک اور محمد حفيظ جیسے دو تجربہ کار آلراؤنڈرز موجود ہیں۔ ان کا مزيد کہنا تھا کہ ٹيم کا توازن برقرار رکھنے کے ليے اس ميں فخر زمان اور محمد رضوان جيسے کھلاڑی موجود ہيں۔  

سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر بازيد خان بازید خان کا کہنا ہے کہ ان کی نظر ميں خيبر پختونخوا کی ٹيم ميچ ونرز کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، لہٰذا یہ ٹیم ٹورنامنٹ جيتنے کے ليے سب سے فيورٹ ہے، وہاب رياض، شاہين شاہ آفریدی اور جنيد خان ميچ ونر کھلاڑی ہیں۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا سکواڈایک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے لحاظ سے بہت اچھا بولنگ اٹيک ہے اور کسی کو بھی سپن آلراونڈر زوہيب خان کی صلاحيت پر بھی کوئی شک نہيں ہونا چاہيے۔

انہوں نے مزيد کہا کہ تجربہ کار شعيب ملک، محمد حفيظ، فخر زمان اور افتخار احمد جیسے کرکٹرز بخوبی جانتے ہیں کہ ایک اچھا ٹارگٹ کیا ہوتا ہے۔

معین خان، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی تاریخ کی پہلی سنچری کرنے والے  کرکٹر کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ یہ ایک بہترین ٹورنامنٹ ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ يہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑيوں کو ايچ بی ایل پی ایس ایل اور قومی ٹيم ميں سليکٹ ہونے کے مواقع فراہم کرے گا، لہٰذا قومی کھلاڑيوں کو کسی صورت یہ موقع نہیں گنوانا چاہیے ۔

راشد لطیف، سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ دفائی چيمپين ناردرن کے پاس محمد وسيم کی صورت ميں ایک بہترین ہيڈ کوچ اور عماد وسيم جیسا کپتان موجود ہے، اس سکواڈ میں محمد عامر جیسا تجربہ کار فاسٹ باؤلر اور حيدر علی جیسا نوجوان کھلاڑی موجود ہے، اسی طرح خيبرپختونخوا کے پاس عبدالراق جیسا نیا کوچ اور محمد رضوان جیسا نیا کپتان موجود ہے، جنہیں جنيد خان، محمد حفیظ، وہاب رياض اور شعيب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کا ساتھ میسر ہے۔

راشد لطیف نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی بھرپور سپورٹ کریں گے ۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ