نیشنل ٹی 20 کپ میں 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پرکشش انعامی رقم کی تقسیم کا مقصد کرکٹ سے حاصل ہونے والا  پیسہ واپس کرکٹرز کو دینا ہے۔ 

نیشنل ٹی 20 کپ ٹیم 2019-20 (پی سی بی)

ملک بھر سےتعلق رکھنے والے محدود طرز کی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں جلوہ گر ہوں گے۔

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کے اس ابتدائی ٹورنامنٹ میں  مجموعی طورپر تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی۔

ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ کی انعامی رقم جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم 25 لاکھ روپےکی حق دار ٹھہرے گی۔ یہی نہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، باؤلر اور وکٹ کیپر کو ایک ایک لاکھ روپے  کی انعامی رقم بھی دی  جائے گی۔

سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے جبکہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ کے مین آف دی فائنل کو بطور انعام 35 ہزار روپے ملیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک بیان کے مطابق ٹورنامنٹ میں تقسیم ہونے والی یہ تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم  ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کو ملنے والے ماہوار وظیفے اور میچ فیس کے علاوہ ہے۔ ادھر سیزن 21-2020 کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ حاصل کرنے والا ایک کرکٹر ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں سالانہ 18 سے 32 لاکھ روپے (کٹیگری کے اعتبار سے ) کمائے گا۔

 پی سی بی کا کہنا ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے پرکشش انعامی رقم کا اعلان بورڈ کی اس پالیسی کے عین مطابق ہے جس کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بناناہے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سے حاصل ہونے والے پیسے کو واپس کرکٹرز کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کو ہی اپنا ہدف بنا رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں مجموعی طور پر تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختلف انداز سے کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں پی سی بی پہلے ہی کھلاڑیوں کی کمائی کا ایک نیا اور پرکشش سٹرکچر متعارف کروا چکا ہے، اب کوویڈ 19 کے دوران ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جانے والا یہ ایونٹ کھلاڑیوں کی آمدن کو بھی دگنا کر دے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ