نیشنل ٹی 20 کپ: چھ کھلاڑی جو کبھی بھی میچ کا ’پانسہ پلٹ‘ سکتے ہیں

یہاں ایسے چھ کھلاڑیوں کا زکر کیا جا رہا ہے جن پر مخالف ٹیموں کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز کی نگاہیں بھی لگی ہوں گی۔

پاکستان میں بھی 30 ستمبر سے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا آغاز ہو رہا ہے (پی سی بی)

دنیا بھر میں کرونا کی وبا کی وجہ سے خالی ہونے والے کھیل کے میدانوں کی رونقیں واپس لوٹنا شروع ہو چکی ہیں۔

اسی سلسلے میں پاکستان میں بھی 30 ستمبر سے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا آغاز ہو رہا ہے، جس میں ملک بھر سے شامل کئی نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھانے کے لیے بے تاب ہیں۔

یہاں ایسے چھ کھلاڑیوں کا زکر کیا جا رہا ہے جن پر مخالف ٹیموں کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز کی نگاہیں بھی لگی ہوں گی۔

عاکف جاوید

سب سے پہلے بات کریں گے بلوچستان کے 19 سالہ فاسٹ بولر عاکف جاوید کی جو اپنی تیز رفتار بولنگ کے باعث ایونٹ میں حریف ٹیموں کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

عاکف نے اب تک 13 میچوں پر مشتمل اپنے مختصر ٹی ٹونٹی کرئیر میں 13 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے گذشتہ سال بھی ٹی ٹونٹی کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سات میچوں میں نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس کے علاوہ وہ اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان ایمرجنگ ٹیم اور رواں سال ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

بلوچستان کے ہیڈ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کا کہنا ہے کہ وہ عاکف جاوید کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع دینا چاہتے ہیں۔

ان کے مطابق اس دوران عمر گل اور عمید آصف کی صورت میں دو تجربہ کار بولرز کی سکواڈ میں موجودگی بھی عاکف جاوید کے لیے فائدہ مند ہوگی۔

اعظم خان

سندھ کی ٹیم کے بلے باز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو قومی ٹی ٹونٹی کپ کے لیے سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کا موقع دیا گیا ہے۔

22 سالہ اعظم نے اب تک دس ٹی ٹونٹی میچوں میں 124.61 کے سٹرائیک ریٹ سے 162 رنز بنائے ہیں۔

جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور بیٹسمین اعظم خان نے ٹی ٹونٹی کرئیر میں ایک نصف سنچری بھی سکور کر رکھی ہے۔

سندھ کے ہیڈ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ اعظم خان جیسا کھلاڑی کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

قاسم اکرم

17  سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین قاسم اکرم ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں اپنا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلیں گے۔

قاسم اکرم نے آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں متاثرکن کارکردگی کی بدولت شائقین کرکٹ اور ہیڈ کوچ شاہد انور کی توجہ حاصل کی۔

انہوں نے اس ایونٹ کے پانچ میچوں میں 46.50 کی اوسط سے 93 رنز بنائے، جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔

سنٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ شاہد انور کا کہنا ہے کہ قاسم اکرم ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں اور انہیں آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ 2020 میں متاثرکن کارکردگی کی بنیاد پر سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

محمد محسن

سوات سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ آل راؤنڈر محمد محسن اب تک 15 میچوں میں 115.38 کے سٹرائیک ریٹ سے 120 رنز سکور کر چکے ہیں۔

بولنگ کے حوالے سے بات کی جائے تو اب تک وہ 14 مرتبہ حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دکھا چکے ہیں۔

رواں سال پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بننے والے محمد محسن کو پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ بھی بنایا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ہیڈ کوچ سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ وہ محمد محسن جیسے باصلاحیت آل راؤنڈر کو جلد قومی کرکٹ ٹیم میں دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

ذیشان اشرف

پاکستان سپر لیگ 2020 کے لیگ میچز میں دو نصف سنچریاں بناکر شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بننے والے 28 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں حریف ٹیموں کے لیے یقینی طور پر ایک مشکل بلے باز ثابت ہوں گے۔

دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے ذیشان اشرف اب تک 32 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں تین نصف سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔ وہ اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر میں 538 رنز بنا چکے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

120.62 کے سٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین اب تک اپنے ٹی ٹوئنٹی کرئیر میں 57 چوکے اور 15چھکے بھی لگا چکے ہیں۔

سدرن پنجاب کے ہیڈ کوچ عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ ذیشان اشرف بہت باصلاحیت اور شاندار کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹاپ پرفارمر ذیشان اشرف کو فرسٹ الیون میں شامل کیا گیا۔

ذیشان ملک

پنجاب کے شمالی ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ اوپنر ذیشان ملک اب تک سات ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایک نصف سنچری کی بدولت تقریباَ 23 کی اوسط سے 158 رنز بناچکے ہیں۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ذیشان ملک نے گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی 21-2020 میں جنوبی پنجاب کے خلاف 216 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔

دفاعی چیپمیئن ناردرن پنجاب کے ہیڈ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم پرامید ہیں کہ ذیشان ملک محدود طرز کی کرکٹ میں بھی بھرپور ایکشن میں نظر آئیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ