لائیو: ایران سے حملے قابلِ قبول اور قابل جواز نہیں: سعودی وزارت خارجہ

سعودی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت اپنی سلامتی، خودمختاری کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتی ہے۔

دو مارچ 2026 کو سعودی عرب کی راس تنورہ آرامکو ریفائنری کو ایران نے حملے کا نشانہ بنایا (اے ایف پی)
 

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ دسیوں روز بھی جاری ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔


نویں دن کے احوال کے لیے یہاں کلک کریں


 

بلوچستان میں تمام تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان

کوئٹہ، 9 مارچ 2026: حکومتِ بلوچستان کے محکمہ تعلیم (سکولز) نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حالیہ علاقائی صورتحال اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے انتظامی تیاریوں کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان بھر کے تمام تعلیمی ادارے 9 مارچ 2026 سے 23 مارچ 2026 تک فوری طور پر بند رہیں گے۔ حکومت کے مطابق یہ اقدام ممکنہ نقل و حرکت اور ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل کے پیش نظر عوامی سہولت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ جاری داخلہ مہم، اسکولوں کی ڈیجیٹل مردم شماری اور شیڈول کے مطابق ہونے والے امتحانات بدستور جاری رہیں گے۔

متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان سرگرمیوں کو محکمہ تعلیم کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق مؤثر طریقے سے جاری رکھا جائے۔


شام چھ بج کر 40 منٹ: سرکاری افسران کی گاڑیوں کے پٹرول و ڈیزل الاونس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی: پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خطے میں جنگ کے باعث معاشی دباؤ سے نمٹنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرولیم بحران ختم ہونے تک صوبائی وزرا کے لیے سرکاری فیول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں جاری اعلامیے کے اہم نکات یہ ہیں؛

سرکاری افسران کی گاڑیوں کے پٹرول و ڈیزل الاونس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی

صوبائی وزرا اور اعلیٰ سرکاری افسران کے پروٹوکول میں شامل اضافی گاڑیوں پر پابندی

سکیورٹی ضرورت کے تحت وزرا اور افسران کے ساتھ صرف ایک گاڑی رکھنے کی اجازت

سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی نافذ، صرف ضروری عملہ دفاتر آئے گا

صوبے بھر میں سکول، کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند

تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز لینے کی اجازت جبکہ امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے

سرکاری کاموں کے لیے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسز منعقد کیے جائیں گے

تمام سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی، ہارس اینڈ کیٹل شو بھی ملتوی

ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم

پیٹرولیم مصنوعات کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کرنے کا ٹاسک پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو سونپ دیا گیا

ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کے نمائندے ٹریک اینڈ ٹریس ٹیم میں شامل ہوں گے۔


شام پانچ بجے: امریکی سفارتی عملہ ترکی سے نکالنے کا فیصلہ

امریکی محکمہ خارجہ نے جنوبی ترکی کے شہر ادانا میں واقع امریکی قونصل خانے سے غیر ضروری عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو واپس بلانے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی امریکی شہریوں کو جنوب مشرقی ترکی چھوڑنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ ایران کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد یہ دسواں امریکی سفارتی مشن ہے جسے خالی کرایا جا رہا ہے۔


سہ پہر چار بج کر 40 منٹ: غزہ میں اسرائیلی حملہ، تین فلسطینی جان سے گئے

مرکزی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے میں دو خواتین اور ایک 12 سالہ بچی جان سے گئے۔

مقامی ہسپتال کے مطابق یہ حملہ بے گھر افراد کے کیمپ ابو شمیس میں ٹینک گولہ باری کے نتیجے میں ہوا۔


سہ پہر ساڑھے تین بجے: ایران سے حملے قابل جواز نہیں: سعودی وزارت خارجہ

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں سے ایران سے مملکت اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ ساتھ متعدد عرب، اسلامی اور دوست ممالک کے خلاف کیے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے ’کسی بھی حالت میں قابلِ قبول یا قابلِ جواز نہیں ہیں۔‘
مملکت اس بات کی بھی تصدیق کرتی ہے کہ وہ اپنی سلامتی، خودمختاری اور اپنے شہریوں اور مقیم افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے اور کسی بھی ’جارحیت‘ کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتی ہے۔


سہ پہر تین بجے: ’گمراہ کن‘ معلومات پھیلانے میں قطر میں 300 گرفتار

قطر میں حکام نے ایران کے حملوں کے دوران تصاویر اور ’گمراہ کن معلومات‘ شیئر کرنے پر300  سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔

قطری وزارت داخلہ نے ایک بیان میں بتایا کہ گرفتار افراد نے ویڈیو کلپس بنائے اور گردش کیے اور ایسی غلط اطلاعات و افواہیں پھیلائیں جو عوامی رائے کو بھڑکا سکتی تھیں۔

قطری حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری اور مجاز ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور غیر مصدقہ مواد شیئر نہ کریں- اے ایف پی


دوپہر دو بج کر 40 منٹ: بحرین کی سرکاری توانائی کمپنی نے آپریشنز پر فورس میجور نافذ کر دی

بحرین کی سرکاری توانائی کمپنی باپکو نے پیر کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے حملوں کی متعدد لہروں میں ملک کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد کمپنی نے فورس میجور کا اعلان کر رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا ’باپکو اس کے ذریعے اپنی گروپ آپریشنز پر فورس میجور نافذ کرنے کا نوٹس دیتی ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں جاری علاقائی تنازع اور اس کی ریفائنری کمپلیکس پر حالیہ حملے سے متاثر ہوئے ہیں۔‘

فورس میجور کا مطلب غیر متوقع حالات یا قدرتی آفات کی وجہ سے اپنی معاہداتی ذمہ داریوں کو عارضی طور پر معطل کرنا ہے- اے ایف پی


دوپہر 2 بجے: ابوظبی میں فضائی کارروائی کے دوران ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی

ابوظبی میں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائل یا ڈرون کو ناکام بنانے کے بعد گرنے والے ملبے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔

ابوظبی میڈیا آفس کے مطابق دو مختلف مقامات پر پیش آنے والے ان واقعات میں ایک اردنی شہری معمولی جبکہ ایک مصری شہری معمول سے زیادہ زخمی ہوا۔

حکام کے مطابق ملبہ اس وقت گرا جب فضائی دفاعی نظام نے آنے والے خطرے کو کامیابی سے روک لیا۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں۔


دو پہر ایک بج کر 10 منٹ: جی سیون ممالک کا سٹریٹجک آئل ذخائر استعمال کرنے پر غور

دنیا کی سات بڑی معیشتوں کی تنظیم گروپ سیون (جی 7) ممالک کے وزرائے خزانہ پیر کو مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے باعث تیل کی عالمی فراہمی پر ممکنہ دباؤ کے پیش نظر سٹریٹجک آئل ذخائر سے تیل فراہم کرنے کے امکان پر غور کریں گے۔

اے ایف پی کے مطابق اس معاملے پر ہونے والے اجلاس میں سٹریٹجک تیل ذخائر کے استعمال کو ایک ممکنہ آپشن کے طور پر زیر غور لایا جائے گا۔

اس سے قبل فنانشل ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ جی سیون ممالک کے وزرائے خزانہ بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے تعاون سے سٹریٹجک تیل ذخائر مشترکہ طور پر جاری کرنے کے منصوبے پر بھی بات چیت کریں گے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی سپلائی میں ممکنہ خلل کے خدشات کے پیش نظر زیر غور ہے۔


دن 11 بج کر 30 منٹ: اسرائیل نے لبنان کے رہائشی علاقوں پر ممنوعہ وائٹ فاسفورس بم استعمال کیے: ہیومن رائٹس واچ

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے رواں ماہ کے آغاز میں لبنان کے جنوبی علاقوں میں رہائشی علاقوں پر ممنوعی وائٹ فاسفورس بم فائر کیے، جو بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

حقوق انسانی گروپ کے مطابق انھوں نے سات تصاویر کی تصدیق کی ہے جو لبنان کے جنوبی علاقے یوہمور میں رہائشی علاقے پر وائٹ فاسفورس کے گولے گرنے اور کم از کم دو گھروں میں آگ لگنے کی عکاسی کرتی ہیں، یہ واقعہ تین مارچ کو پیش آیا۔

ہیومن رائٹس واچ کے لبنان کے محقق رمزی قیص نے کہا: ’رہائشی علاقوں پر اسرائیلی فوج کی غیر قانونی کارروائی انتہائی تشویش ناک ہے اور اس کے شہریوں پر سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’وائٹ فاسفورس کے جلانے والے اثرات جان لیوا زخمیوں یا ایسے اذیت ناک چوٹوں کا باعث بن سکتے ہیں جو عمر بھر تک جاری رہیں۔‘

بین الاقوامی قوانین کے مطابق شہریوں کے خلاف اور رہائشی علاقوں میں وائٹ فاسفورس بموں کا استعمال ممنوع ہے اور یہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔


دن 10 بج کر 30 منٹ: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 9,780 پوائنٹس کی کمی کے بعد ٹریڈنگ عارضی طور پر معطل

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کی صبح شدید مندی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں کے ایس سی 100 انڈیکس تقریباً 9,780.15 پوائنٹس گرنے کے بعد عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔

پی ایس ایکس کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق کے ایس سی 30  انڈیکس اپنے پچھلے تجارتی دن کے اختتام سے پانچ فیصد گرنے پر مارکیٹ ہالٹ کی کارروائی کی گئی اور اس کے بعد تمام ایکویٹی بیسڈ مارکیٹس معطل کر دی گئیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شدید فروخت عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی ایران جنگ کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔

ٹریڈنگ کی عارضی معطلی کے وقت 100 انڈیکس 147,715.95 پوائنٹس پر تھا۔


دن 10 بج کر 15 منٹ: ایران جنگ کے اثرات: تیل کی قیمتیں 30 فیصد بڑھ گئیں

ایشیائی سٹاک مارکیٹس پیر کو شدید مندی کا شکار ہو کر گر گئیں کیونکہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ کے باعث مشرق وسطیٰ سے تیل کی فراہمی پر خدشات پیدا ہو گئے اور تیل کی قیمتیں بھی 30 فیصد تک بڑھ گئیں۔

اے ایف پی کے مطابق سرمایہ کار، جو پہلے ہی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر اخراجات کے حوالے سے پریشان تھے، نے مارکیٹ سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا کیونکہ خام تیل کی قیمتیں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد اب اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اصرار کہ صرف ایران کی ’غیر مشروط ہتھیار ڈالنے‘ سے ہی جنگ ختم ہو سکتی ہے، جس کے بعد سرمایہ کاروں میں مزید خدشات پیدا ہوئے کہ مشرق وسطیٰ کا تنازعہ طویل عرصے تک جاری رہ سکتا ہے۔

ایران کی جانب سے تیل پیدا کرنے والے خلیجی ممالک پر جوابی حملوں کے بعد گذشتہ ہفتے کی طرح دونوں اہم آئل بینچ مارک دوبارہ بلند ہو گئے۔

امریکی تیل کی نمایاں مارکیٹ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 30 فیصد بڑھ کر 118.88 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ برینٹ کی قیمت 28 فیصد بڑھ کر 118.73 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

یہ ایران جنگ کے آغازکے بعد  ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 75 فیصد اور برینٹ کی قیمت 60 فیصد سے زیادہ اضافہ ہے۔

جنوبی عراق اور شمالی خود مختار کردستان کے علاقوں میں امریکی تیل کی تنصیبات پر حملے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث ایک امریکی آئل فیلڈ بند ہو گیا جبکہ متحدہ عرب امارات اور کویت نے بھی اپنی پیداوار کم کرنا شروع کر دی۔

یہ صورت حال آبنائے ہرمز میں سمندری آمد و رفت کے بند ہونے کے بعد سامنے آئی ہے جہاں سے دنیا کے خام تیل اور گیس کا پانچواں حصہ گزرتا ہے۔


صبح 9 بجے: سعودی عرب اور یو اے ای کا متعدد ڈرون گرانے کا دعویٰ

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پیر کو اپنی اپنی فضائی حدود میں کئی ڈرون گرانے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سعودی عرب نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے روبع الخالی کے صحرا کے اوپر شیبہ آئل فیلڈ کی جانب آنے والے چار ڈرونز کو مار گرایا ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے بھی کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام مبینہ طور پر ایران کی جانب سے آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کے خطرات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

امارات وزارت کے مطابق ’ملک میں سنی جانے والی دھماکوں کی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ان حملوں کو روکنے کے دوران ہونے والی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔‘


صبح 8 بج کر 10 منٹ: حملے جاری رہے تو سب سے زیادہ نقصان خود ایران کو ہو گا: سعودی عرب

سعودی عرب نے پیر کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے حملے جاری رہے تو اس کے نتجے میں سب سے زیادہ نقصان خود تہران کو ہوگا۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایران کی جانب سے مملکت اور دیگر خلیجی، عرب اور اسلامی ممالک پر کیے گئے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں ’گھناؤنا‘ قرار دیا۔

سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ میں اپنی پہلی اموات بھی رپورٹ کی ہیں۔ 

سعودی حکام کے مطابق گولہ رہائشی علاقے میں گرنے سے ایک انڈین اور ایک بنگلہ دیشی شہری جان سے گئے جب کہ 12 دیگر بنگلہ دیشی زخمی بھی ہوئے۔ 

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

یہ اعلان اتوار کی شام اس وقت سامنے آیا جب نو روزہ جنگ کے دوران خلیجی اور دیگر ممالک پر ایران کے سینکڑوں میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد خطے میں غصہ بڑھ رہا ہے۔

سعودی وزارت کے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا کہ شہری تنصیبات، بشمول ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانا سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے اور یہ بین الاقوامی چارٹرز اور عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں ایران کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا گیا کہ سعودی عرب نے جنگ کے لیے اپنے علاقے سے جنگی طیاروں اور ایندھن فراہم کرنے والے طیاروں کو آپریٹ کرنے کی اجازت دی۔

وزارت کے مطابق یہ طیارے دراصل سعودی عرب اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کی فضائی حدود کو ایرانی میزائلوں اور ڈرونز سے محفوظ رکھنے کے لیے فضائی گشت کر رہے ہیں۔

سعودی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کے مسلسل حملے کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے اور اس کے موجودہ اور مستقبل کے تعلقات پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران کے موجودہ اقدامات نہ تو دانشمندی کی عکاسی کرتے ہیں اور نہ ہی کشیدگی میں اضافے سے بچنے کے مفاد میں ہیں، اور ایسی صورت حال میں سب سے زیادہ نقصان خود ایران کو ہوگا۔


صبح 8 بج کر 10 منٹ: پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی ویزا طے شدہ اپائنٹمنٹس عارضی طور پر منسوخ

امریکی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ نو سے 13 مارچ تک امیگرنٹ اور نان امیگرنٹ ویزوں کی تمام طے شدہ اپائنٹمنٹس منسوخ کر دی گئی ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کے بعد کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر ہنگامہ آرائی اور احتجاج کے دوران کئی افراد جانوں سے گئے اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ویزا درخواست گزاروں کو نئی تاریخ کے تعین سے متعلق ہدایات ای میل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کراچی اور لاہور میں امریکی قونصل خانوں میں تمام قونصلر خدمات تاحکمِ ثانی معطل رہیں گی۔

تاہم بیان میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ امریکی شہریوں کو معمول اور ہنگامی قونصلر خدمات فراہم کرتا رہے گا۔


صبح 7 بج کر 45 منٹ: سعودی عرب میں موجود پاکستانی نظم و ضبط برقرار رکھیں: پاکستانی سفیر

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے ہم وطنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں پرسکون رہیں، مقامی قوانین کا احترام کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں۔

ویڈیو پیغام میں انہوں نے سعودی عرب میں مقیم 28 لاکھ سے زائد پاکستانیوں سے کہا کہ کسی بھی صورتحال میں صرف سعودی حکومت کے مستند ذرائع پر انحصار کریں۔

سفیر نے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان شہریوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور ہنگامی نمبرز کے ذریعے بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروازوں میں تعطل کے باعث پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر ایئرپورٹس اور سرحدی مقامات پر سفارتی ٹیمیں تعینات ہیں جو پاکستانیوں کو رہائش، خوراک، ادویات اور پروازوں کی دوبارہ بکنگ میں مدد فراہم کر رہی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ میں اپنی پہلی اموات رپورٹ کی ہیں۔ 

سعودی حکام کے مطابق گولہ رہائشی علاقے میں گرنے سے ایک انڈین اور ایک بنگلہ دیشی شہری جان سے چلے گئے۔

بیان کے مطابق 12 دیگر بنگلہ دیشی زخمی بھی ہوئے۔ 

یہ اعلان اتوار کی شام اس وقت سامنے آیا جب نو روزہ جنگ کے دوران خلیجی اور دیگر ممالک پر ایران کے سینکڑوں میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد خطے میں غصہ بڑھ رہا ہے۔


صبح ساڑھے چار بجے: آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای ملک کے نئے سپریم لیڈر مقرر

اے ایف پی کے مطابق امریکی-اسرائیلی حملوں میں بزرگ آیت اللہ علی خامنہ ای کے مارے جانے کے بعد علما کی حکومت کی ماہرین کی اسمبلی نے اپنا اگلا رہنما منتخب کرنے کے لیے اجلاس منعقد کیا۔

ایک طویل بیان میں، اسمبلی نے کہا: 'محتاط اور وسیع مطالعہ کے بعد... آج کے غیر معمولی اجلاس میں، آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای (اللہ انہیں حفاظت میں رکھے) کو اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام کے تیسرے رہنما کے طور پر مقرر اور متعارف کرایا جاتا ہے، جو ماہرین کی اسمبلی کے معزز نمائندوں کی فیصلہ کن رائے پر مبنی ہے۔‘

آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے، جو 56 سال کے ہیں، کہا: 'انہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام کے تیسرے رہنما کے طور پر مقرر اور متعارف کرایا گیا ہے، جو کہ ماہرین کی اسمبلی کے معزز نمائندوں کی فیصلہ کن رائے پر مبنی ہے۔‘

مجتبیٰ خامنہ ای 8 ستمبر 1969 کو مشرقی ایران کے شہر مشہد میں پیدا ہوئے، اور وہ مرحوم سپریم لیڈر کے چھ بچوں میں سے ایک ہیں۔

علما کی اسمبلی نے بیان میں کہا کہ 'نئے رہنما کے انتخاب میں ایک لمحے کی بھی ہچکچاہٹ نہیں کی گئی، حالانکہ یہ سب کچھ مجرم امریکہ اور بدعنوان صیہونی رجیم کی وحشیانہ جارحیت کے باوجود ہوا۔‘

ایران کے انقلابی گارڈز نے اتوار کو ملک کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ وفاداری کا عہد کیا ہے۔

جنگ کے پہلے دن کا احوال — دوسرے دن کا احوال — تیسرے دن کا احوال —  چوتھے دن کا احوال  —  پانچویں دن کا احوال —  چھٹے دن کا احوال  —  ساتویں دن کا احوال — آٹھویں دن کا احوال 

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا