ایران کا حملہ، سعودی عرب میں دو اموات

سعودی حکام کے مطابق ایک گولہ رہائشی علاقے میں گرنے سے ایک انڈین اور ایک بنگلہ دیشی شہری جان سے چلے گئے۔

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ نویں روز بھی جاری ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔


جنگ کے پہلے دن کا احوال — دوسرے دن کا احوال — تیسرے دن کا احوال —  چوتھے دن کا احوال  —  پانچویں دن کا احوال —  چھٹے دن کا احوال  —  ساتویں دن کا احوال — آٹھویں دن کے احوال کے لیے یہاں کلک کریں


رات نو بج کر 50 منٹ: سعودی عرب میں ایرانی حملے سے دو اموات

سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ میں اپنی پہلی اموات رپورٹ کی ہیں۔ 

سعودی حکام کے مطابق گولہ رہائشی علاقے میں گرنے سے ایک انڈین اور ایک بنگلہ دیشی شہری جان سے چلے گئے۔

بیان کے مطابق 12 دیگر بنگلہ دیشی زخمی بھی ہوئے۔ 

یہ اعلان اتوار کی شام اس وقت سامنے آیا جب نو روزہ جنگ کے دوران خلیجی اور دیگر ممالک پر ایران کے سینکڑوں میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد خطے میں غصہ بڑھ رہا ہے۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے ایک سفارتی اجلاس میں ایران پر سخت تنقید کرتے ہوئے عرب ممالک پر حملوں کو غیر ذمہ دارانہ پالیسی قرار دیا ہے- اے پی


رات: نو بج کر 15 منٹ: میری منظوری کے بغیر ایران کا نیا لیڈر نہیں رہے گا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی منظوری کے بغیر ایران کا اگلا سپریم لیڈر ’زیادہ دیر قائم نہیں رہے گا‘۔

انہوں نے اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ’انہیں ہماری منظوری لینی ہو گی۔اگر انہیں ہماری منظوری نہیں ملی تو وہ زیادہ دیر قائم نہیں رہ پائیں گے۔‘

ان کے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران جلد ہی مرحوم سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے جانشین کا اعلان کرنے جا رہا ہے۔ اے ایف پی


رات آٹھ بج کر 45 منٹ: ’ایران کی توانائی صنعت کو نشانہ نہیں بنائیں گے‘

امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے اتوار کو کہا کہ امریکہ ایران کی توانائی کی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہیں بنائے گا۔

تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم اور گیس صنعت میں خلل عارضی ہوگا۔ ’بدترین صورت میں بھی یہ چند ہفتوں کا معاملہ ہے، مہینوں کا نہیں۔‘

انہوں نے کہا اسرائیل نے ہفتے کو تہران اور اس کے اردگرد تیل کے ذخیرہ کرنے کے مراکز پر حملے کیے، جن کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ لگی لیکن یہ حملے زیادہ سنگین نہیں۔

رائٹ نے کہا ’یہ اسرائیلی حملے ہیں، یہ مقامی ایندھن کے ڈپو ہیں تاکہ گاڑیوں کے ٹینک بھرے جا سکیں۔‘

انہوں نے مزید کہا ’امریکہ کا کوئی منصوبہ نہیں کہ ایران کی توانائی کی صنعت، ان کا تیل یا قدرتی گیس کا شعبہ یا توانائی کے شعبے کی کوئی چیز نشانہ بنائے۔‘

اس جنگ کے نتیجے میں آبنائے ہرمز تقریباً بند ہو چکی ہے، جس کے ذریعے عام طور پر دنیا کے تقریباً 20 فیصد خام تیل اور 20 فیصد مائع قدرتی گیس گزرتی ہے۔

توانائی کی منڈیوں میں اس رکاوٹ کی وجہ سے ہلچل مچ گئی اور تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

امریکی بینچ مارک کے مطابق تیل کی قیمت جمعے کو 12 فیصد بڑھ گئی اور ایک ہفتے میں 36 فیصد اضافے کے بعد یہ بلند سطح پر پہنچ گئی۔

ایران دنیا کی تیل کی پیداوار کا تقریباً چار فیصد حصہ فراہم کرتا ہے۔ اگرچہ ایران کی تیل کی صنعت بین الاقوامی پابندیوں کے تحت ہے لیکن کچھ تیل اب بھی برآمد کیا جاتا ہے، زیادہ تر چین کو۔ اے ایف پی


رات آٹھ بجے: یو اے ای کی ایران پر حملے کی تردید

متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے اس خبر کی تردید کی ہے کہ ایران کے ایک ڈی سیلینیشن پلانٹ پر حملے میں امارات ملوث تھا۔

متحدہ عرب امارات کی قومی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین علی النعیمی نے کہا ’یہ جھوٹی خبر ہے، متحدہ عرب امارات نے ایسا کوئی حملہ نہیں کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ امارات ایران کی عوام اور حکومت کو ایک ہی نظر سے نہیں دیکھتا اور ایرانی عوام دراصل اس حکومت کی پالیسیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمسایہ ہونے کے ناطے ہم اس حقیقت کو سمجھتے ہیں اور ایرانی عوام کی بھلائی کا خیال رکھتے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بھی اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔


سہ پہر 4 بج کر 25 منٹ: پاسداران انقلاب کا اسرائیلی شہروں اور اردن میں امریکی اڈے پر حملے کا دعویٰ

ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کے متعدد شہروں اور اردن میں ایک امریکی فضائی اڈے کو میزائل حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق جاری بیان میں پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسرائیل کے شہروں تل ابیب اور بیرشیبا میں ’فوجی اہداف‘ کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اردن کے شہر ازرق میں واقع ایئربیس کو بھی کئی مرتبہ نشانہ بنایا گیا۔

پاسداران انقلاب کے مطابق یہ اڈہ ’امریکی جارح جنگی طیاروں کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ فعال حملہ آور فضائی اڈہ‘ ہے۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ آنے والے گھنٹوں اور دنوں میں ایرانی مسلح افواج کی جانب سے دشمن پر حملوں کا دائرہ اور شدت مزید بڑھائی جائے گی۔


سہ پہر ساڑھے تین بجے: وزیر اعظم شہباز شریف کا دبئی میں دو پاکستانی شہریوں کی اموات پر افسوس

وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کو دبئی میں میزائل کے ملبے کے سبب دو پاکستانی شہریوں کی اموات پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے سفارتی ادارے متحدہ عرب امارات میں دبئی کے حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے اور میتوں کی واپسی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔

وزیر اعظم نے اس غمگین موقع پر سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

اس سے قبل دبئی میڈیا آفس نے بتایا تھا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دبئی کے علاقے البرشا میں ایک گاڑی پر فضائی حملے کو روکنے کے دوران گرنے والا ملبہ آ گرا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گیا۔

حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کی فضائی حدود کی طرف آنے والے میزائل یا ڈرون کو تباہ کیا، جس کے بعد اس کے ٹکڑے نیچے گر گئے۔

یہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات میں کسی پاکستانی شہری کی موت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل بھی ابو ظبی میں ایک پاکستانی شہری کی ملبہ گرنے سے موت واقع ہو چکی ہے۔


دوپہر دو بج کر 25 منٹ: ایران میں رہبر اعلیٰ کے انتخاب پر تقریباً اتفاق، اسرائیل کی جانشین کو نشانہ بنانے کی دھمکی

اسرائیلی فوج نے اتوار کو دھمکی دی ہے کہ وہ ایران کے مقتول سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ہر ممکنہ جانشین کا پیچھا کرے گی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے فارسی میں جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ ہر اس شخص کا بھی پیچھا کرے گی جو خامنہ ای کا جانشین منتخب کرنے کی کوشش کرے، جس میں ایران کے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے منتخب کردہ ادارے ’مجلسِ خبرگان رهبری‘ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کی ’مجلس خبرگان رهبری‘ نے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے زیادہ تر اتفاق رائے حاصل کر لیا ہے۔

مجلس خبرگانِ رهبری کے رکن آیت اللہ محمد مہدی میرباقری نے کہا کہ انتخاب کے عمل میں ’کچھ رکاوٹیں‘ اب بھی دور کرنے کی ضرورت ہے تاہم اکثریت نے ابتدائی طور پر کسی امیدوار کا انتخاب کر لیا ہے۔

ایک اور رکن آیت اللہ محسن ہیدری الکاسر نے نورنیوز کی جانب سے جاری کیے گئے ویڈیو میں بیان کہا کہ موجودہ حالات میں مجلس کا دو بدو اجلاس ممکن نہیں لیکن انہوں نے یہ بھی بتایا کہ منتخب امیدوار وہی ہے جو مقتول سپریم لیڈر کی ہدایت کے مطابق ’دشمن کے لیے ناپسندیدہ‘ ہونا چاہیے۔


دوپہر دو بجے: اسرائیل میں ایران کی جنگ کے آغاز سے تقریباً 2,000 افراد ہسپتالوں میں داخل

اسرائیل کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 1,929 افراد ہسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں، جن میں سے 157 افراد گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہسپتال پہنچے۔

وزارت صحت کے مطابق زخمیوں میں سے نو افراد کی حالت تشویشناک، 42 کی درمیانی اور 70 کو معمولی زخم آئے۔

مزید بتایا گیا کہ ہسپتال آنے والے بیشتر زخمی افراد محفوظ مقامات کی طرف جاتے ہوئے زخمی ہوئے۔


دن ایک بج کر 05 منٹ: فضائی حملہ روکنے کے دوران ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی کی موت: پاکستانی سفارت خانے کی تصدیق

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے نے اتوار کو تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی رات دبئی کے علاقے البرشا میں ایک آنے والے میزائل کو روکنے کے دوران گرنے والے ملبے سے ایک پاکستانی شہری کی موت واقع ہوئی ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں سفارت خانے نے بتایا کہ دبئی میں قونصل خانہ مقامی حکام کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہے تاکہ متاثرہ خاندان کی مدد کی جا سکے اور میت کی جلد وطن واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔

سفارت خانے نے ایک بیان میں مزید کہا: ’غم کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے لیے دعا گو ہیں۔‘

دبئی میڈیا آفس کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دبئی کے علاقے البرشا میں ایک گاڑی پر فضائی حملے کو روکنے کے دوران گرنے والا ملبہ آ گرا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گیا۔

حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کی فضائی حدود کی طرف آنے والے میزائل یا ڈرون کو تباہ کیا، جس کے بعد اس کے ٹکڑے نیچے گر گئے۔

یہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات میں کسی پاکستانی شہری کی موت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل بھی ابو ظبی میں ایک پاکستانی شہری کی ملبہ گرنے سے موت واقع ہو چکی ہے۔


دن ساڑھے 11 بجے: مناب سکول پر حملے کی جنگی جرم کے طور پر تحقیقات ہونی چاہییں: ہیومن رائٹس واچ

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اتوار کو مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی ایران میں بچیوں کے ایک پرائمری سکول پر ہونے والے حملے کی جنگی جرم کے طور پر تحقیقات ہونی چاہییں، جس میں کم از کم 160 افراد جانوں سے گئے جن میں بڑی تعداد سکول کے بچوں کی تھی۔

ہیومن رائٹس واچ کے ڈیجیٹل انویسٹی گیشنز لیب کی محقق صوفیہ جونس نے کہا کہ غیر قانونی حملے کے ذمہ دار افراد کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے اور جنگی جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمات چلائے جانے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ اس حملے کی فوری اور جامع تحقیقات ضروری ہیں، جن میں یہ بھی دیکھا جائے کہ آیا حملہ کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ وہاں ایک سکول موجود ہے اور دوپہر سے پہلے وہ بچوں اور اساتذہ سے بھرا ہوگا۔

یہ حملہ 28 فروری کو شروع ہونے والی کارروائی کے پہلے دن ایران بھر میں ہونے والے سینکڑوں حملوں میں شامل تھا، جو امریکی اور اسرائیلی افواج نے کیے تھے۔


صبح 10 بج کر 50 منٹ: ہمسایہ ممالک پر حملوں سے متعلق بیان کی ’دشمن نے غلط تشریح کی‘: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اتوار کو  کہا ہے کہ ان کے حالیہ بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

صدر پزشکیان نے گذشتہ روز اپنے عرب ہمسایہ ممالک سے حملوں پر معذرت کرتے ہوئے اس وقت تک مزید حملے نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جب تک وہاں سے ایران پر حملہ نہیں کیا جاتا۔

ایرانی صدر کے اس بیان کے بعد امریکی صدر نے اس کا کریڈٹ لیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران ان کے شدید حملوں کی وجہ سے عرب ممالک سے معافی مانگنے پر مجبور ہوا ہے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں صدر پزشکیان نے کہا کہ ’دشمن ان کے الفاظ کو اس طرح پیش کر رہا ہے جیسے ایران خلیجی ممالک پر حملے روکنے کا اعلان کر چکا ہو، حالانکہ صورت حال کو غلط سمجھا گیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بیان کو ایسے دشمن نے توڑ مروڑ کر پیش کیا جو ایران اور اس کے ہمسایہ ممالک کے درمیان اختلاف پیدا کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا: ’ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ ہم بھائی ہیں اور ہمیں اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے چاہییں۔ تاہم اگر ہم پر حملہ کیا جائے تو ہمیں اس کا جواب دینا پڑتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارا کسی ہمسایہ ملک سے تنازع ہے یا ہم ان کے عوام کو ناراض کرنا چاہتے ہیں۔‘


صبح 8 بج کر 30 منٹ:  تہران کے آئل ڈپو پر حملے

اے ایف پی نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ہفتے کو تہران میں ایک آئل ڈپو پر امریکہ اور اسرائیل نے حملے کیے ہیں۔

سرکاری خبر ایجنسی ’ارنا‘ نے کہا: ’جنوبی تہران میں ایک آئل ڈپو کو امریکا اور صہیونی حکومت نے نشانہ بنایا۔‘

یہ ڈپو ایک اہم آئل ریفائنری کے قریب واقع علاقے میں تھا، لیکن ’ایلنا‘ نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ ریفائنری کی تنصیبات ’فوجی حملوں میں نقصان سے محفوظ رہیں۔‘

اے ایف پی کے ایک صحافی کے مطابق تہران کے شمال مغرب میں واقع ایک اور آئل ڈپو پر بھی حملے ہوئے، جہاں مقام سے آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔


صبح 08 بجے: ناروے میں امریکی سفارت خانے میں دھماکہ: پولیس

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ناروے پولیس نے بتایا ہے کہ اوسلو میں اتوار کی صبح امریکی سفارت خانے میں دھماکہ ہوا، جس سے معمولی نقصان ہوا، تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔

عینی شاہدین نے ناروے کے روزنامہ ’ویردنز گانگ‘ کو بتایا کہ سفارت خانے کے احاطے کے اطراف سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکے کی وجہ کیا تھی یا اس میں کون ملوث تھا۔

تاہم یہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کے بعد تہران کے جوابی حملے جاری ہیں، جن میں اس نے اسرائیل اور مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔


صبح 7 بج کر 30 منٹ: ایران سے مذاکرات میں دلچسپی نہیں: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں ایران کے ساتھ مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ ایران کی جنگ اسی وقت ختم ہو گی جب تہران کے پاس نہ کوئی فعال فوج باقی رہے گی اور نہ ہی اقتدار میں کوئی قیادت۔

روئٹرز کے مطابق ہفتے کو ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ فضائی مہم مذاکرات کو بے معنی بنا سکتی ہے کہ اگر ایران کی تمام ممکنہ قیادت مار دی جائے اور ایرانی فوج تباہ کر دی جائے۔

ٹرمپ نے کہا، ’کسی وقت میرا خیال ہے کہ شاید وہاں یہ کہنے والا بھی کوئی نہیں بچے گا کہ ہم ہتھیار ڈال دیتے ہیں۔‘

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)


صبح 7 بج کر 45 منٹ: بیروت میں ہوٹل کر اسرائیلی حملہ، چار اموات

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کی صبح لبنان کے دارالحکومت بیروت کے وسط میں واقع رمادا ہوٹل کی عمارت میں ایک اپارٹمنٹ پر اسرائیلی حملے میں کم از کم چار افراد جان سے چلے گئے

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے لبنانی دارالحکومت میں کام کرنے والے ایرانی کمانڈروں کو نشانہ بنایا تاہم ان کے نام نہیں بتائے۔

یہ حملہ گذشتہ ہفتے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد بیروت کے عین مرکزی علاقے پر ہونے والا پہلا اسرائیلی حملہ تھا۔

لبنان کی وزارتِ صحت نے ایک بیان میں کہا کہ بیروت کے روشے علاقے پر حملے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔


صبح 7 بجے: ایران چھ ماہ تک جنگ لڑ سکتا ہے: پاسداران انقلاب

اے ایف پی کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اتوار کو فارس نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کم از کم چھ ماہ تک امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید جنگ لڑ سکتا ہے۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان علی محمد نائینی نے کہا: ’اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج موجودہ رفتارِ کارروائی کے ساتھ کم از کم چھ ماہ تک شدید جنگ جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔‘

پاسداران انقلاب نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے خطے بھر میں امریکہ اور اسرائیل کے اڈوں اور تنصیبات سے متعلق ’200 سے زیادہ‘ مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)


صبح 6 بج کر 30 منٹ: مشرق وسطی میں جنگ ’کبھی نہیں ہونی چاہیے تھی‘: چین

چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ یی نے اتوار کو کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ ’کبھی نہیں ہونی چاہیے تھی۔‘

انہوں نے بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’یہ ایسی جنگ ہے جو کبھی نہیں ہونی چاہیے تھی،‘ اور مزید کہا کہ ’طاقتور مکے کا مطلب نہیں طاقتور دلیل نہیں۔ دنیا جنگل کے قانون کی طرف واپس نہیں جا سکتی۔‘


صبح 6 بجے: ریاض میں سفارتی علاقے کو نشانہ بنانے والا ڈرون حملہ ناکام: سعودی عرب

سعودی وزارت دفاع نے اتوار کو کہا کہ دارالحکومت ریاض میں سفارتی علاقے کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملے کو ناکام بنا دیا گیا، اور اس میں نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کوئی نقصان پہنچا۔

وزارت نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’ریاض کے سفارتی علاقے کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ڈرون کو مار گرانے کے نتیجے میں نہ کوئی مالی نقصان ہوا اور نہ ہی کوئی شہری زخمی ہوا۔‘

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا