ہالی وڈ اداکار پر چین میں حملہ

ٹامب ریڈر، نیکڈ کلر، الیکشن اور فل کنٹیکٹ کے اداکار سائمن یام پر اُس وقت تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا جب وہ جنوبی چین میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

سائمن یام   ٹامب ریڈر، نیکڈ کلر، الیکشن اور فل کنٹیکٹ سمیت  125 فلموں اور 40 ٹی وی سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں (اے ایف پی)

ٹامب ریڈر سمیت کئی ہالی وڈ فلموں میں کام کرنے والے اداکار سائمن یام، چین میں تیز دھار آلے کے وار سے زخمی ہوگئے۔

ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے اداکار اور فلم پروڈیوسر یام پر اُس وقت تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا جب وہ جنوبی چین میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

یام کے مینیجر کے مطابق حملہ اداکار کے پیٹ پر کیا گیا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ زخم جان لیوا نہیں ہیں۔

حملے کے بعد 64 سالہ اداکار کو زونگ شین شہر کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا ایک معمولی آپریشن کیا گیا۔

یام کے مینیجر نے اخبار ’ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا: ’ان کے پیٹ پر وار کیا گیا تھا جبکہ ان کے بازو پر بھی زخم آیا ہے تاہم وہ اس دوران تمام وقت ہوش میں رہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا: ’ابتدائی معائنے سے یہ بات واضح ہو گئی تھی کہ ان کی حالت تشویش ناک نہیں ہے جبکہ ابتدا میں ڈاکٹرز یہ فیصلہ کر رہے تھے کہ آیا ان کا آپریشن ہونا بھی چاہیے یا نہیں۔‘

یام اب تک 125 فلموں اور 40 ٹی وی سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

ان کی یادگار فلموں میں ٹامب ریڈر، نیکڈ کلر، الیکشن اور فل کنٹیکٹ جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔

یام جنوبی چین کے شہر زونگ شین میں ایک سٹور کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے جب نامعلوم حملہ آور نے سٹیج پر چڑھ کر اچانک ان پر حملہ کر دیا۔

چین کے سوشل میڈیا پر اس حملے کی دو ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں سے ایک میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے حملے کے بعد یام نے زخمی پیٹ کو اپنے ہاتھوں سے تھام رکھا ہے۔

مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم پولیس اس حملے کے پیچھے محرکات سے ابھی تک لاعلم ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم