فرانسیسی ماڈل کا قبول اسلام: ’میری روح کا قابلِ فخر انتخاب‘

فرانسیسی ماڈل مرین الحمر کی جانب سے اسلام قبول کرنے کے اعلان پر سوشل میڈیا صارفین انہیں مبارک باد دے رہے ہیں۔

مرین الحمر کے مطابق انہوں نے چند مہینے قبل اسلام قبول کیا لیکن شیئر اب کر رہی ہیں (تصاویر مرین الحمر انسٹاگرام)

فرانس کی ریئلٹی شو سٹار اور ماڈل مرین الحمر نے اسلام قبول کرنے کو اپنی زندگی کا خوش گوار ترین لمحہ قرار دیا ہے۔

مرین نے قبول اسلام کی ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی اور لکھا کہ ’یہ میری روح، دل اور منطق کا انتخاب ہے اور مجھے اس انتخاب پر فخر ہے۔

’میں نے چند ماہ قبل اسلام قبول کیا مگر کم گھلنے ملنے والی طبیعت کی وجہ سے اس کا اعلان نہیں کیا۔

انہوں نے مزید لکھا: ’دنیا کے کسی بھی دوسرے مذہب کو قبول کرتے ہوئے شرم نہیں محسوس کرنی چاہیے کیونکہ یہ ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ ان سب کا بہت شکریہ جنہوں نے مجھے سراہا یا کم از کم میرے انتخاب کا احترام کیا۔‘

انہوں نے اسلام کی قبولیت کے اعلان کے دو دن بعد مسجد الحرام میں عمرے کی ادائیگی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں اور لکھا: ’خوشی اور جذبات کی جس شدت کو میں محسوس کر رہی ہوں اسے بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔

’مجھے امید ہے کہ یہ روحانی سفر میری رہنمائی کرے گا۔ میں آپ سب کی مہربانی اور حمایت پر بہت شکر گزار ہوں۔‘

15 لاکھ سے زائد انسٹاگرام فالوورز رکھنے والی فرانسیسی ماڈل مرین الحمر ٹیلی ویژن ریئلٹی شو Les Princes et les Princess de l’Amour میں حصہ لے چکی ہیں۔

اس کے علاوہ ان کی ایک ویب سائٹ ہے جہاں وہ فٹنس اور لائف سٹائل سے متعلق مواد شیئر کرتی ہیں۔

سات اکتوبر، 2022 کو انہوں نے مراکش کی شہریت حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انہوں نے لکھا کہ وہ مراکش کی شہریت پر بہت فخر محسوس کر رہی ہیں۔

وہ  انسٹاگرام پر گھومنے پھرنے اور اپنی سماجی زندگی سے متعلق چیزیں شیئر کرتی رہتی ہیں۔

مرین الحمر کے اسلام قبول کرنے پر سوشل میڈیا پر انہیں مبارک باد کے پیغامات دیے گئے۔

ٹوئٹر صارف ہارون ماہت نے لکھا: ’ایک فرانسیسی ماڈل نے اسلام قبول کیا اور اس کے بعد کعبہ کی زیارت بھی کی۔ ماشااللہ۔

ایک انسٹاگرام صارف نے ان کی اسلام قبول کرنے کی ویڈیو پر کمنٹ کیا: ’واہ اسے دیکھ کر میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ مجھے ان پر بہت پیار آ رہا ہے۔‘

انسٹاگرام پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’اس خوبصورت کمیونٹی میں خوش آمدید اور مبارک باد۔ میری دعا ہے آپ کو لامحدود خوشی، امن اور سکون ملے۔ آمین۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل