’سندھ کی تقسیم یا ریفرنڈم قبول نہیں:‘ قوم پرست جماعتوں کی کراچی میں ریلی

جئے سندھ رہبر کمیٹی کے سربراہ ریاض چانڈیو نے کہا کہ اگر سندھ کی تقسیم کی باتیں بند نہ کی گئیں تو سندھ کے لوگ شاہراہیں، ریلوے لائنیں اور مواصلاتی نظام بند کر دیں گے۔

کراچی میں اتوار 22 نومبر، 2026 کو سندھ کی قوم پرست جماعتوں پر مشتمل ’جئے سندھ رہبر کمیٹی‘ کے زیرِ اہتمام صوبے کی تقسیم کے خلاف ’وحدت سندھ مارچ‘ منعقد کیا گیا(انڈپینڈنٹ اردو)

کراچی میں اتوار 22 نومبر کو سندھ کی قوم پرست جماعتوں پر مشتمل ’جئے سندھ رہبر کمیٹی‘ کے زیرِ اہتمام صوبے کی تقسیم کے خلاف ’وحدت سندھ مارچ‘ منعقد کیا گیا، جس میں شرکا نے سندھ کی وحدت پر کسی بھی قسم کے سمجھوتے یا ریفرنڈم کی تجویز کو یکسر مسترد کرتے ہوئے شدید مزاحمت کا اعلان کیا ہے۔

گلشنِ حدید سے شروع ہونے والا یہ مارچ شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا اواری ہوٹل کے قریب اختتام پذیر ہوا۔

مارچ میں حیدرآباد، دادو، شکارپور، لاڑکانہ اور میرپورخاص سمیت سندھ کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

یہ احتجاج ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب حال ہی میں پاکستان میں صوبائی حدود کی ازسرِنو تشکیل پر سیاسی بحث نے زور پکڑا ہے۔

اس بحث کا آغاز اس وقت ہوا جب 30 جولائی کو اسلام آباد میں ’پاکستان اکنامک سمٹ‘ سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے مزید صوبے یا انتظامی اکائیاں بنانے کی تجویز کی حمایت کی۔

بعد ازاں وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے چھوٹی انتظامی اکائیوں کے قیام پر عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تائید کی۔

پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترامیم کے ساتھ ساتھ سیاسی نمائندگی اور وفاقی محاصل کی تقسیم جیسے امور پر وسیع تر سیاسی اتفاق رائے درکار ہوگا۔

قوم پرست رہنماؤں اور شرکا کا شدید ردعمل

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے جئے سندھ رہبر کمیٹی کے سربراہ ریاض چانڈیو نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سندھ کسی بھی قسم کی تقسیم کو تسلیم نہیں کرے گا اور نہ ہی اس معاملے پر کوئی ریفرنڈم قبول کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آج کراچی کے باشعور عوام نے پرامن مارچ کیا ہے۔ گذشتہ چار ماہ سے جب سے ہم نے سندھ کی تقسیم کے خلاف تحریک شروع کی ہے، ہمیں گرفتار کیا گیا، ہم پر لاٹھیاں برسائی گئیں، لیکن ہم متحرک رہے۔‘

 انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی تقسیم کا حق کسی اور کو نہیں ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے ریاض چانڈیو نے کہا کہ ’تحریک کامیاب ہو چکی ہے اور سندھ کی وحدت ناقابلِ تقسیم ہونے کے مؤقف پر مبنی پرامن جدوجہد کی بنیاد قائم ہو گئی ہے۔‘

تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ’یہ پرامن تحریک چار ماہ سے جاری ہے۔ اگر سندھ کی تقسیم کی باتیں بند نہ کی گئیں تو سندھ کے لوگ شاہراہیں، ریلوے لائنیں اور مواصلاتی نظام بند کر دیں گے۔‘

مارچ میں شریک خاتون سندھو امان نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی عورت صوبے کے ہر مسئلے پر مزاحمت کر رہی ہے، چاہے وہ پانی کی نہروں کا معاملہ ہو، کارپوریٹ فارمنگ ہو یا سندھ میں نئے صوبے بنانے کا اعلان۔

 انہوں نے مزید کہا، ’جب سندھ کی وحدت پر بات آئے گی تو سندھ کی عورت سسی بن کر اپنا کردار ادا کرے گی۔‘

ایک اور شریک خاتون عائشہ نے کہا کہ ’جتنا دباؤ گے اتنا اوپر اٹھیں گے، جب آپ لوگ ہمارے اوپر اتنا ظلم کرو گے تو بغاوت ہوگی۔‘

چھوٹے صوبے بنانے کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ انتظامی ڈھانچے کو نچلی سطح تک منتقل کرنے (ڈی سینٹرلائزیشن) سے صحت، تعلیم اور عوامی اخراجات سمیت سرکاری سہولیات کو مقامی آبادیوں کے مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔

تاہم، صوبائی حدود اپنی سیاسی اور ثقافتی اہمیت بھی رکھتی ہیں، اور سندھ میں ان حدود کی ازسرِنو تشکیل یہ انتہائی حساس سوال کھڑا کرتی ہے کہ آیا صوبائی دارالحکومت اور ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی اس صوبے کا حصہ رہے گا یا نہیں۔

نئے صوبوں اور ریفرنڈم کے معاملے پر حکومتی اتحاد میں بھی واضح اختلافات سامنے آئے ہیں۔

سندھ میں برسرِ اقتدار پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے صوبے کی تقسیم سے متعلق کسی بھی اقدام کی مخالفت کی ہے۔

پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش سے شدید بدامنی پھیل سکتی ہے۔

 ان کا کہنا تھا، ’اگر صوبے کو زبردستی تقسیم کیا گیا تو معاشرہ تقسیم ہو جائے گا، اس سے دشمنی پیدا ہوگی، عام لوگ ہتھیار اٹھا لیں گے اور خونریزی کسی ایک جان تک محدود نہیں رہے گی۔‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں نئے صوبے بنانے کا باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے اور ریفرنڈم کی تجویز دینا ایک غیر آئینی متبادل تلاش کرنے کے مترادف ہے۔

دوسری جانب، ہفتے کو لاہور میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم جاری کردہ سرکاری اعلامیے میں ریفرنڈم کا کوئی ذکر نہیں تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس حوالے سے صدرِ مملکت کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ’صدر نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی بات نہیں کی ہے۔ جب وہ اس پر بات کریں گے تو ہم آپ کو آگاہ کر دیں گے۔‘

بلاول بھٹو کے بیان کے چند گھنٹوں بعد ایک ویڈیو بیان میں وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ریفرنڈم کی تجویز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’چھوٹی انتظامی اکائیوں کو تنازع کا باعث بنانے کے بجائے تعمیری انداز میں دیکھا جانا چاہیے، اور یہ فیصلہ عوام کی رائے پر مبنی ہونا چاہیے۔

’عوام کی رائے جاننے کا بہترین طریقہ ریفرنڈم ہو سکتا ہے۔‘

ادھر کراچی اور سندھ کے بعض دیگر شہروں کی بڑی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے رہنما فاروق ستار نے امید ظاہر کی کہ دسمبر میں ریفرنڈم منعقد ہو سکتا ہے اور 2027 کے آغاز تک پاکستان متعدد صوبوں اور انتظامی اکائیوں کی جانب بڑھے گا۔

نئے صوبوں کے لیے مالی خود کفالت کی شرط

وزیراعظم شہباز شریف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چوہدری نے کہا کہ نئے صوبوں پر بحث کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں ہونا چاہیے اور حتمی فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ موجودہ انتظامی ڈھانچہ بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہے، تاہم کسی بھی نئے صوبے کے لیے مالی خود کفالت کو ناگزیر قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا، ’جو صوبہ مالی طور پر خود کو چلا نہیں سکتا، وہ صوبہ نہیں بن سکتا۔ اگر آپ نے دوبارہ سارا بوجھ وفاق پر ہی ڈالنا ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ اگر آپ خود پیسہ پیدا نہیں کر سکتے تو اس کا کوئی مقصد نہیں ہے۔‘

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست