سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے تعاون مزید گہرا ہو گا: شہباز شریف

’کوپ 27 سمٹ‘ کے موقع پر ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید بڑھانے کے پیش نظر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے مصر کے شہر شرم الشیخ میں ملاقات کے دوران کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کا پاکستان کا آئندہ دورہ ’باہمی دلچسپی کے تمام شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں معاون ہو گا۔‘

پاکستانی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ’کوپ 27 سمٹ‘ کے موقع پر ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید بڑھانے کے پیش نظر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے مملکت میں کام کرنے والے 20 لاکھ پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب کی مہمان نوازی اور تعاون کو بھی سراہا، جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی پیش رفت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ روابط کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے، جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے، ثقافت و اقدار اور باہمی حمایت کی لازوال روایت میں گہری ہیں۔

ریاض میں اپنی حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم اور ولی عہد نے بڑھتے ہوئے اعلیٰ سطح کے روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم شہباز شریف نے بالخصوص دونوں برادر ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ترقی اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے سعودی عرب کی امداد کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں ماحولیاتی آلودگی سے ہونے والے ضیاع اور نقصان کی مالی اعانت پر توجہ دینے کے حوالے سے ’کوپ 27‘ کے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔

وزیراعظم نے ’مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو‘ کے تحت مربوط ماحولیاتی اقدام کی فعالیت پر ولی عہد کی کاوشوں کو بھی سراہا اور سعودی قیادت کو پاکستان کی جانب سے مکمل معاونت کا یقین دلایا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان