وسیم اکرم، کلبھوشن یادو، شعیب منصور: 2023 کی پاکستانی فلمیں

پاکستانی سینیما سخت مشکلات کا شکار ہے، پھر بھی 2023 میں کم از کم چھ اہم فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔

منی بیک گارنٹی سال کی سب سے اہم پاکستانی فلم سمجھی جا رہی ہے (زیشکو فلمز)

رواں برس پاکستان میں آنے والی فلموں کی تعداد کم ہے اور سینیما کی بھوک مٹانے کے لیے فلمساز ایک نئی آزمائش سے دوچار ہیں کیونکہ ’مولا جٹ‘ نے پروڈکشن کا معیار اتنا بلند کر دیا ہے کہ اس تک پہنچنا ایک کٹھن مرحلہ ہے۔

اس سال جنوری میں کوئی بھی پاکستانی فلم نمائش کے لیے نہیں پیش کی جا رہی اور رواں برس کی پہلی پاکستانی فلم فروری میں سینیما میں پیش ہو گی۔

زیر نظر ہیں رواں برس ریلیز ہونے والی چند اہم فلمیں جن سے امید ہے کہ وہ نہ صرف شائقین کو پسند آئیں گی بلکہ باکس آفس پر بھی اچھا کاروبار کریں گی:

’منی بیک گارنٹی‘

یہ رواں برس کی اہم ترین فلم ہے جس میں فواد خان نظر آئیں گے بلکہ پہلی بار بڑے پردے پر پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم بھی دلچسپ روپ میں نظر آئیں گے۔

یہ فلم کرونا کی عالمی وبا سے پہلے مکمل ہو گئی تھی، جس میں تاخیر کرونا کی وجہ سے ہوئی ہے، ٹریلر سے یہ ایک ڈکیتی کی واردات والی فلم لگتی ہے، اور کہیں کہیں اس کے ٹریلر میں ’منی ہائیسٹ‘ کی جھلک بھی نظر آتی ہے۔

زشیکو انٹرٹینمنٹ کی پیشکش اس فلم کو فیصل قریشی نے بنایا ہے، اس کے دیگر کرداروں میں عائشہ عمر، کرن ملک، میکائل ذوالفقار، مانی، جان ریمبو اور شایان خان نظر آئیں گے۔

یہ فلم عیدالفطر کے موقعے پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

نیلوفر

پاکستانی ٹیلیویژن کی حالیہ تاریخ کی سب سے مشہور جوڑی، ماہرہ خان اور فواد خان کی رومانوی فلم کا ان کے پرستاروں کو بے چینی سے انتظار ہے۔

بڑے پردے پر ماہرہ فواد کا رومانس دیکھنے کے لیے شائقین  بےتاب ہیں جبکہ اطلاعات ہیں کہ فلم میں ماہرہ خان ایک نابینا لڑکی کا کردار کر رہی ہیں۔

اس فلم کا بھی زیادہ تر حصہ کرونا کی وبا سے پہلے عکس بند ہو چکا تھا۔ 2022 میں اسے نمائش کے لیے پیش کرنا کا ارادہ تھا لیکن مولا جٹ کی بےمثال کامیابی کے بعد اس کی نمائش کچھ آگے بڑھا دی گئی اور اب غالب امکان یہ ہی ہے کہ یہ فلم عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے درمیان کسی وقت ریلیز ہو سکتی ہے۔

فلم میں مدیحہ امام بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے پروڈیوسروں میں خود فواد خان بھی شامل ہیں۔

آسمان بولے گا

پاکستانی شوبز کی صنعت کا ایک بڑا نام، شعیب منصور ’خدا کے لیے،‘’بول،‘ ’ورنہ‘ کے بعد لا رہے ہیں فلم ’آسمان بولے گا۔‘

شعیب منصور کی یہ فلم ممکنہ طور پر رواں برس مئی میں پیش کی جائے گی جس کی کہانی پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تنازعے سے جڑی ہوئی ہے۔

اس میں پاکستانی فلموں کی کامیاب اداکارہ مایا علی ایک بھارتی صحافی کا کردار کر رہی ہیں، جبکہ عماد عرفانی پاکستان کی ایئرفورس کے پائلٹ کے روپ میں نظر آئیں گے۔ اگرچہ ابھی اس فلم کا ابھی صرف پوسٹر ہی جاری کیا گیا ہے، لیکن مایا علی کی وجہ سے ان کے پرستاروں میں کافی بےچینی ہے کیونکہ وہ 2019 کے بعد سے ان کی کوئی بھی فلم سینیما میں نہیں لگی ہے۔

ڈھائی چال

یہ فلم اپنے نام سے زیادہ اپنے موضوع کی وجہ سے دلچسپی کا باعث ہے کیونکہ یہ پاکستان میں مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے تناظر میں بنائی گئی ہے۔

اس فلم کا زیادہ تر حصہ صوبہ بلوچستان میں فلمایا گیا ہے جو اس لحاظ سے اہم ہے کہ پاکستان میں شاذ و نادر کی کوئی فلم بلوچستان میں فلمائی جاتی ہے۔ اس لیے کافی امید ہے کہ اس میں بہت سے نئے مقامات دیکھنے کو ملیں گے۔

اس فلم میں شمعون عباسی کلبھوشن یادیو کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ دیگر اداکاروں میں ہمایوں اشرف اور عائشہ عمر شامل ہیں۔ عائشہ عمر اس فلم میں صحافی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

فلم کے پروڈیوسر عرفان اشرف کے مطابق وہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ یہ فلم رواں برس فروری میں پیش کر دی جائے۔ عرفان اشرف نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس فلم کی تیاری میں پاکستانی فوج سے کسی بھی قسم کی مدد حاصل نہیں کی گئی اور یہ مکمل طور پر ایک انفرادی کوشش ہے اور وہ پاکستان میں ہونے والی بھارتی مداخلت کو عوام کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔

نرم گرم

پاکستان کے باکس آفس کے راجا ہمایوں سعید کی یہ فلم واسع چوہدری نے لکھی ہے، جو اپنی ہیئت میں مزاح اور رومان سے بھرپور ہے لیکن تاحال اس کی فلم بندی ابھی شروع نہیں ہوئی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ ہمایوں سعید اس فلم کے لیے کسی نئی لڑکی کو بطور ہیروئن لینا چاہتے ہیں اور ابھی یہ تلاش جاری ہے۔

نیٹ فلکس کے مشہورِ زمانہ سیزن ’کراؤن‘ میں پاکستانی ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید گزشتہ کئی برسوں سے عید الاضحیٰ پر اپنی فلم پیش کرتے آ رہے ہیں، لیکن کیا اس بار وہ ایسا کر پائیں گے یہ دیکھنا ہے۔ نرم گرم میں ہدایت کاری ندیم بیگ کریں گے۔

یاد رہے کہ ان پانچ فلموں کے علاوہ بھی کئی دیگر فلمیں اس سال سینیما میں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی جن میں سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی ’بےبی لیشیس،‘ بھی شامل ہے جو رواں برس فروری میں پیش کی جائے گی۔

اس کے علاوہ پاکستانی فلمی صنعت کی مشہور پسِ پردہ جوڑی فضہ علی میرزا اور نبیل قریشی بھی ایک فلم پر کام کر رہے ہیں جس نام ابھی تک انہوں نے صیغہ راز میں رکھا ہوا ہے لیکن ذرائع نے بتایا ہے کہ اس میں ایک بار پھر وہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی کامیاب جوڑی کے ساتھ ہی ممکنہ طور پر عیدالاضحیٰ پر آئیں گے۔

وکھری

سال 2023 کے آخر میں پوری امید ہے کہ پاکستان میں سینیما شائقین ’وکھری‘ دیکھیں گے۔

عالمی شہرت یافتہ ہدایت کار ارم پروین بلال کی اس فلم کی نومبر 2022 میں عکس بندی مکمل ہو کر اب تدوین کے مرحلے میں ہے جس کا موضوع قندیل بلوچ اور ان جیسی دیگر خواتین سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی زندگی ہے۔

اس فلم میں مرکزی کردار فریال محمود ادا کررہی ہیں، جن کے ساتھ سہیل سمیر اور طوبیٰ صدیقی بھی ہیں۔

فلم کے پروڈیوسر عابد عزیز مرچنٹ کے مطابق یہ مکمل کمرشل مصالحہ فلم ہے جو ممکنہ طور پر رواں برس کے آخر میں سینیما کی زینت بنے گی۔

یاد رہے کہ اس فلم کا مرکزی خیال 2018 میں لوکارنواوپن ڈور سلیکشن میں جوائے لینڈ کے ساتھ منتخب ہوئی تھی، بعد ازاں اس فلم کو 2019 میں کان اور گزشتہ برس بوسان میں بھی منتخب کیا گیا تھا۔

اس کے دیگر پروڈیوسرز میں اپورنا بخشی بھی ہیں جو مشہور ’دہلی کرائم‘ کی بھی پروڈیوسر ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فلم