2023: بالی وڈ کی وہ فلمیں جن کا سب کو انتظار ہے 

فلم سے وابستہ بیشتر ناقدین کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے دوران لوگوں نے ماضی کی نسبت کہیں زیادہ بڑی تعداد میں دیگر زبانوں میں بننے والی فلمیں دیکھیں۔ آن لائن دستیابی بھی آسان تھی اور وقت بھی نسبتاً زیادہ میسر تھا۔

شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ 25 جنوری کو ریلیز ہونے جا رہی ہے (انسٹاگرام/ شاہ رخ خان)

2022 بالی وڈ کی ہٹ مشین سمجھے جانے والے ستاروں کے لیے مایوس کن سال تھا۔

اتنا مایوس کن کہ مسٹر پرفیکٹ ’لال سنگھ چڈھا‘ کی مقامی مارکیٹ میں ناکامی کے بعد  کچھ عرصے کے لیے فلموں سے بریک پر چلے گئے۔  ایوشمان کھرانہ جیسے ابھرتے ستارے اور اکشے کمار جیسے تجربہ کار کھلاڑی باکس آفس پر یوں ڈگمگائے کہ ایک نقاد کے بقول ’صبح فلم سینما میں لگتی تو دوپہر تک پتہ صاف ہو چکا ہوتا تھا۔‘

دیکھنا یہ ہے کہ بالی وڈ کے بھائی جان اور کنگ خان کا بھی وہی حال ہوتا ہے جو مسٹر پرفیکٹ کا ہوا؟ 

بالی وڈ کو ساؤتھ اور دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں کا جیسا اب چیلنج درپیش ہے شاید ماضی میں کبھی نہ تھا۔

فلم کے پروڈیوسر اور اعداد و شمار کے گورکھ دھندے کے ماہر گریش جوہر نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ 2019 میں باکس آفس کے کل مجموعہ میں بالی وڈ کی شراکت 75 فیصد تھی جو 2022 میں ہندوستانی فلم انڈسٹری کی کل آمدنی کا محض 51 فیصد رہ گئی۔

خدشہ یہ ہے کہ 2023 میں یہ مزید سکڑ جائے گی۔ شاید بالی وڈ کرونا کے بعد تیزی سے تبدیل شدہ صورت حال کا ادراک کرنے میں ناکام رہا ہے۔

فلم سے وابستہ بیشتر ناقدین کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے دوران لوگوں نے ماضی کی نسبت کہیں زیادہ بڑی تعداد میں دیگر زبانوں میں بننے والی فلمیں دیکھیں۔ آن لائن دستیابی بھی آسان تھی اور وقت بھی نسبتاً زیادہ میسر تھا۔ عام شائقین بالی وڈ فلموں کے مواد کو دیگر زبانوں کی فلموں کے سامنے رکھ کر دیکھنے لگے تو انہیں مایوسی ہوئی۔ وہ ایسی فلم پر وقت اور پیسہ نہیں برباد کرنا چاہتے جس کی کہانی ان کا دل نہ کھینچ سکے۔

ماضی میں عام شائقین اپنے پسندیدہ ستاروں کی جھلک دیکھنے کے لیے کمزور کہانی پر بھی سمجھوتہ کر لیا کرتے تھے۔ تب ستاروں کو فلم کے علاوہ دیکھنے کے کتنے مواقع میسر تھے؟ زیادہ سے زیادہ یہ ہوا کہ کسی میگزین یا اخبار کا صفحہ اپنے تکیے کے نیچے رکھ لیا۔

مگر اب انسٹا گرام سے لے کر فٹبال ورلڈ کپ کے سٹیج تک ان کے پسندیدہ ستارے ہر جگہ سکرین پر نظر آتے ہیں۔ اب وہ ان کی جھلک کو ترستے نہیں بلکہ کسی بھی وقت یوٹیوب پر جا کر دیکھ لیتے ہیں۔ ایسے میں بڑی کاسٹ سے یہ توقع رکھنا کہ ’نام ہی کافی ہے‘ ایک بھیانک خواب ہو سکتا ہے۔ 

اس بدلتے منظر نامے میں کیا 2023 گذشتہ برس سے بہتر ثابت ہو گا؟ اس سوال کے جواب کے لیے ہمیں رواں برس سینما کی زینت بننے والی فلموں کی ریلیز کا انتظار کرنا ہو گا۔  ہم یہاں ایسی پانچ فلموں کا ذکر کرتے ہیں جو کافی حد تک نہ صرف بالی وڈ بلکہ بڑے بڑے ناموں کے لیے بھی فیصلہ کن ثابت ہوں گی۔ 

1۔ پٹھان

رواں برس بالی وڈ کا شاید سب سے بڑا ایڈونچر 25 جنوری کو پٹھان کی ریلیز ہو گا۔ اس فلم سے کنگ خان کے پرستار ان کی واپسی کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔ اگر یہ ناکام ثابت ہوئی تو شاہ رخ خان کے کیریئر کو بہت بڑا دھچکا لگے گا۔ 

فلم کے دیگر ستاروں میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم شامل ہیں۔ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ ایکشن فلم سردست ہندو انتہا پسندوں کی شدید تنقید کی زد میں ہے۔ ’پٹھان‘ کے بائیکاٹ کی مہم بھی زور و شور سے جاری ہے۔ ویسے ’لال سنگھ چڈھا‘ کے خلاف بھی ہندو انتہا پسندوں کا رویہ کچھ ایسا ہی تھا۔  تو کیا باکس آفس پر بھی تاریخ اپنے آپ کو دہرانے جا رہی ہے؟ 

2. ٹائیگر تھری 

 ٹائیگر سیریز کی تیسری قسط کے ساتھ بھائی جان کی واپسی ہو گی مگر اصل خبر یہ ہے کہ ان کے ساتھ کترینہ کیف بھی سکرین پر اپنے جلوے دکھائیں گی۔ جی ہاں سلمان اور کترینہ ایک بار پھر ’ایک تھا ٹائیگر‘ کی یادیں زندہ کرنے جا رہے ہیں۔

ٹائیگر تھری یش راج فلمز کی تخلیق کردہ جاسوسی دنیا کی کہانی کو آگے بڑھائے گی۔ منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی ایکشن فلم میں شاہ رخ خان بھی ایک اہم کیمیو کرتے نظر آئیں گے۔ 

فلم نومبر میں دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی جس سے بھائی جان کی پرستاروں کی بہت توقعات وابستہ ہیں۔ 

 سلمان خان کی رواں برس ایک اور فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ بھی تیار ہے۔ جو 21 اپریل کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ دیکھتے ہیں بھائی جان کی کونسی فلم کیا چمتکار دکھاتی ہے۔

3۔ تو جھوٹا میں مکار 

گذشتہ برس ’شمشیرا‘ سے رنبیر کپور کے لیے پرستار شدید مایوس ہوئے تھے مگر ’براہمستر‘ سے انہوں نے کافی حد تک تلافی کر دی۔ مگر اس دوران ایک چیز کا انتظار رہا کہ رنبیر دوبارہ کب شریر قسم کے رومانوی لڑکے کا روپ دھاریں گے جیسے ہم نے انہیں ان کی بہترین فلموں میں دیکھا۔ 2023 یہ خواب پورا کرنے جا رہا ہے۔  

رواں برس ’تو جھوٹا میں مکار‘ آٹھ مارچ کو ریلیز ہو گی۔ اس رومانٹک کامیڈی فلم کے ہدایت کار ہیں لَو رانجن جو ’پیار کا پنچ نامہ‘ سے اپنی مہارت منوا چکے ہیں اور ان سے اچھی فلم کی توقعات ہیں۔ 

 تو جھوٹا میں مکار میں رنبیر کپور کے ساتھ شردھا کپور اہم کردار نبھائیں گی جبکہ ڈمپل کپاڈیہ اور بونی کپور بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔

 یہ فلم 8 مارچ 2023 کو تھیٹر میں ریلیز ہو گی۔

4۔ راکی اور رانی کی پریم کہانی

بالی وڈ کے مقبول ترین ستاروں میں سے ایک رنویر سنگھ کا وقت کچھ اچھا نہیں چل رہا ہے۔ گذشتہ برس وہ جاتے جاتے سرکس کی صورت میں ایک اور فلاپ دے گئے۔ دیکھنا یہ ہے کہ راکی اور رانی کی پریم کہانی سے وہ دوبارہ خود کو منوا سکتے ہیں کہ نہیں۔ 

راکی اور رانی کی پریم کہانی ایک رومانوی فلم ہے جس کے ہدایت کار کرن جوہر ہیں۔    

راکی اور رانی کی پریم کہانی ایک آنے والی ہندوستانی ہندی زبان کی رومانوی فلم ہے جس کی ہدایت کاری کرن جوہر نے کی ہے اور اسے دھرما پروڈکشن نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم میں ویسے تو لیجنڈری اداکاروں کی جھلک بھی دیکھنے کو ملے گی جیسا کہ دھرمیندر، جیا بچن اور شبانہ اعظمی لیکن تمام تر توجہ رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی کیمسٹری پر ہو گی۔ اس سے پہلے دونوں زویا اختر کی میوزیکل ڈرامہ ’گلی بوائے‘ میں متاثر کن مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔ دیکھیے راکی اور رانی کی پریم کہانی میں وہ اپنی سابقہ کارکردگی دہرا سکتے ہیں کہ نہیں۔

 یہ فلم 28 اپریل 2023 کو ریلیز ہونے والی ہے۔

5۔ ڈنکی

منا بھائی ایم بی بی ایس، تھری ایڈیٹس، پی کے اور سنجو جیسی شاہکار فلموں کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی کی فلم کا کسے انتظار نہیں ہو گا۔ وہ تقریباً پانچ برس کے وقفے سے ایک بار پھر اپنی نئی فلم ڈنکی کے ساتھ حیران کرنے کو تیار ہیں۔   

 رواں برس کے آخر میں ریلیز ہونے والی ڈنکی میں شاہ رخ مرکزی کردار نبھائیں گے جن کا ساتھ دیں گی تاپسی پنو۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے فلم کی کہانی غیر قانونی راستے سے دوسرے ممالک جانے والے کردار کے گرد بنی ہو گی۔ 

راج کمار ہیرانی بہت سوچ سمجھ کر کسی پروجیکٹ کا آغاز کرتے ہیں اور بالعموم نتائج حوصلہ افزا رہتے ہیں۔ دیکھیے اس بار وہ توقعات پر کس قدر پورا اترتے ہیں۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم