ناسا اور انڈین خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کے اشتراک سے بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے چوتھے نجی خلا باز مشن ’ایکسیم مشن فور‘ کی 10 جون، 2025 کو لانچ کی تیاری جاری ہے، جس کے ذریعے مختلف سائنسی تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا۔
ناسا کے کینیڈی خلائی سٹیشن سے 10 جون کو روانہ ہونے والے اس مشن میں انڈیا کے پائلٹ شبھانشو شکلا، امریکہ سے کمانڈر پیگی وِٹسن، پولیڈ سے سلاوس اوزانسکی اور ہنگری سے تیبور کاپو شامل ہیں۔
ناسا کے مطابق انڈیا، پولینڈ اور ہنگری کی حکومتوں کی سرپرستی میں یہ پہلی خلائی پرواز ہو گی جو گذشتہ 40 برسوں سے زائد وقفے کے بعد کی جا رہی ہے۔
اگرچہ یہ تینوں ممالک کی تاریخ میں دوسرا انسانی خلائی مشن ہو گا، لیکن یہ پہلا موقع ہو گا جب یہ تمام ممالک بیک وقت بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر اپنا مشن مکمل کریں گے۔
یہ مشن بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس) پر مختلف تجربات کے لیے روانہ کیا جا رہا ہے۔
ان تجربات میں پٹھوں کی دوبارہ افزائش، اگنے والے بیجوں اور خوردنی الجی کی نشوونما، ننھے آبی جان داروں کی خلائی ماحول میں بقا اور مائیکروگریوٹی میں الیکٹرانک ڈسپلے سے انسانی تعامل کا مطالعہ شامل ہے۔
پٹھوں کی دوبارہ افزائش
طویل خلائی پروازوں کے دوران خلا نوردوں کے پٹھے کمزور ہو جاتے ہیں۔ محققین کا ماننا ہے کہ مائیکروگریوٹی مائیٹوکانڈریا (خلیوں میں توانائی پیدا کرنے والے اجزا) کے میٹابولزم کو متاثر کرتی ہے۔
مائیو جیناسس اسرو نامی تحقیق، پٹھوں کے بنیادی خلیات پر مبنی ہے جو مرمت کے عمل کو سمجھنے اور مخصوص کیمیکلز کے اثرات جانچنے پر مشتمل ہے۔
اس کے نتائج خلا نوردوں کے لیے طویل مشنوں میں پٹھوں کی صحت برقرار رکھنے، بڑھاپے سے متعلق کمزوری یا پٹھوں کی بیماریوں میں مبتلا افراد اور سرجری کے بعد بحالی کے عمل میں مدد دے سکتے ہیں۔
بیجوں کا اگنا
سپراؤٹس اسرو نامی تحقیق میں مائیکروگریوٹی میں دال اور میتھی کے بیجوں کی نشوونما اور اگنے کا مطالعہ کیا جائے گا۔
خلائی ماحول پودوں کی کئی نسلیوں کی جینیات، غذائیت اور دیگر خصوصیات پر کیسے اثر انداز ہوتا ہے، یہ جاننا مستقبل کے مشنز میں خوراک کے قابلِ اعتماد ذرائع کے طور پر پودوں کی پیداوار کے طریقے تیار کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
خوردنی الجی کی افزائش
سپیس مائیکرو الگی اسرو نامی تحقیق مائیکروگریوٹی میں خوردنی الجی کی افزائش اور جینیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ الجی نہ صرف غذائیت سے بھرپور ہے بلکہ یہ تیزی سے نشوونما پاتی ہے، آکسیجن پیدا کرتی ہے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتی ہے۔
ٹارڈیگریڈس ایک ننھے آبی جان دار ہیں جو زمین پر انتہائی سخت ماحول برداشت کر سکتے ہیں۔
ووئیجر ٹارڈیگریڈس اسرو نامی تحقیق میں خلا کے شدید حالات (جیسے کائناتی شعاعیں اور انتہائی کم درجہ حرارت) میں ان کی بقا کو پرکھا جائے گا۔
یہ تحقیق خلا نوردوں اور زمینی سخت ماحول میں کام کرنے والوں کے تحفظ کے لیے نئی ٹیکنالوجی میں مدد دے سکتی ہے۔
الیکٹرانک آلات سے تعامل
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ خلا میں انسان ٹچ سکرینز اور الیکٹرانک ڈیوائسز سے مختلف انداز میں تعامل کرتے ہیں۔
ووئیجر ڈسپلے اسرو نامی تحقیق میں بات کا مطالعہ ہے کہ خلا میں سفر انسانی رویے پر کیسے اثر انداز ہوتا ہے، خاص طور پر الیکٹرانک ڈسپلے سے تعامل کے حوالے سے، جیسے کسی شے کی طرف اشارہ کرنا، نگاہ کو ایک جگہ مرکوز رکھنا، اور تیز آنکھوں کی حرکت۔
اس تحقیق میں یہ بھی جانچا جائے گا کہ یہ تعاملات صارف کے ذہنی دباؤ یا احساسِ فلاح پر کیا اثر ڈالتے ہیں۔