چین میں ایسی گھڑی تیار، جو شاید سیکنڈ کی تعریف ہی بدل دے

نئی آپٹیکل کلاک کی درستگی کا عالم یہ ہے کہ یہ تقریباً 30 ارب سال میں صرف ایک سیکنڈ آگے یا پیچھے ہوتی ہے۔

یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آف چین کی تیار کردہ سٹرونٹیم آپٹیکل لیٹس گھڑی (سی ایم جی)

چینی سائنس دانوں نے اتنی زیادہ درست گھڑی تیار کر لی ہے کہ یہ ایک سیکنڈ کی نئی عالمی تعریف اور انتہائی درست عالمی وقت کے معیار کا سبب بن سکتی ہے۔

اس نئی آپٹیکل کلاک کی درستگی کا عالم یہ ہے کہ یہ تقریباً 30 ارب سال میں صرف ایک سیکنڈ آگے یا پیچھے ہوتی ہے۔

یعنی اگر یہ گھڑی کائنات کی موجودہ عمر سے دو گنا زیادہ عرصہ بھی چلتی رہے تو بھی صرف ایک سیکنڈ کی غلطی ہوگی۔ 

یہ تحقیق یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آف چین کے محققین نے کی ہے۔

آپٹیکل کلاک سیکنڈ کو 19 اعشاری مقامات تک ناپ سکتی ہے اور موجودہ دور کی سب سے زیادہ درست وقت ناپنے والی ڈیوائس سمجھی جاتی ہے۔

یہ گھڑیاں وقت کی پیمائش ایٹم کے الیکٹرانز کے توانائی کی سطح تبدیل کرنے کے دوران خارج ہونے والی روشنی کی فریکوئنسی سے کرتی ہیں۔

ایسی گھڑیاں آج کی ٹیکنالوجیز، جیسے سیٹلائٹ نیویگیشن، ٹیلی کمیونی کیشن اور انتہائی باریک پیمائشوں، کے لیے انتہائی درست وقت فراہم کرتی ہیں۔

آپٹیکل کلاک بنیادی طبیعیات کے اصولوں کو جانچنے، گریویٹیشنل ویوز اور ڈارک میٹر کی تلاش جیسے بڑے سائنسی مقاصد کے لیے بھی استعمال ہوتی ہیں۔

اس سے پہلے تک سائنس دان 10⁻¹⁹ سطح سے زیادہ درستگی والی گھڑیاں بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے، یعنی وہ گھڑی جو اربوں سال میں صرف ایک سیکنڈ آگے پیچھے ہو۔

محققین کے مطابق اس نئی کامیابی کے ساتھ نئے سائنسی اور تکنیکی دروازے کھل سکتے ہیں، جیسا کہ زمین کی گریویٹی اور اونچائی میں ملی میٹر کے برابر تبدیلیوں کا مشاہدہ، زمین کی پرت میں بگاڑ، زیر زمین پانی میں تبدیلیاں اور آتش فشانی سرگرمی کی زیادہ درست نگرانی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ابتدائی دور میں ایک دن کو 86,400 حصوں میں تقسیم کرکے سیکنڈ کی تعریف کی گئی تھی لیکن سائنسی اعتبار سے یہ کافی درست نہیں تھی۔

1967 میں اٹومک کلاکس کی آمد کے ساتھ فرانس میں قائم International System of Units (SI) نے سیکنڈ کی تعریف سیزیم-133 ایٹم کی 9,192,631,770 کمپنوں پر کی۔

تاہم آپٹیکل کلاک کو اس سے بھی زیادہ درست پایا گیا۔ اب نئی آپٹیکل گھڑیوں کی بے مثال درستگی سے ڈارک میٹر کی تلاش کے نئے طریقے سامنے آ سکتے ہیں، جن کے ذریعے ڈارک میٹر کے تعامل سے ممکنہ طور پر پیدا ہونے والے کم فریکوئنسی سگنلز پکڑے جا سکیں گے۔

مطالعے میں کہا گیا کہ اس نئی گھڑی کی کارکردگی وہ معیار پوری کرتی ہے جو SI سیکنڈ کی دوبارہ تعریف کے لیے ضروری ہے یعنی 2 × (10⁻¹⁸) کی ایک گھڑی کی درستگی۔

سیکنڈ کی دوبارہ تعریف کے لیے کم از کم تین ایسی گھڑیاں، جو مختلف اداروں میں موجود ہوں اور انتہائی مستحکم اور درست ہوں، درکار ہوتی ہیں۔

فی الحال دو ایسی گھڑیاں اس معیار پر پہلے ہی پوری اتر چکی ہیں اور جیسے جیسے مزید انتہائی درست گھڑیاں اس معیار تک پہنچتی جائیں گی، سیکنڈ کی نئی تعریف جلد ممکن ہو سکے گی۔

© The Independent

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی