پاکستان کے مختلف حصوں میں بارشوں سے 43 اموات

حکام کے مطابق کے پی میں 20 بچوں سمیت 30 افراد جان سے گئے، جبکہ بلوچستان میں نو اور پنجاب میں چار اموات ہوئیں۔

تین اپریل، 2026 کو پشاور میں بارش سے ہر طرف کیچڑ پھیلا ہوا ہے (اے ایف پی)

پاکستان کے مختلف حصوں میں گذشتہ کئی روز سے جاری بارشوں میں کم از کم 43 افراد مارے گئے، جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہفتے کو جاری اعداد و شمار میں بتایا کہ صوبے میں 25 مارچ سے جاری بارشوں اور طوفانی موسم کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 30 افراد جان سے گئے اور 85 زخمی ہوئے۔

مرنے والوں میں 20 بچے، پانچ خواتین اور پانچ مرد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 36 بچے، 11 خواتین اور 38 مرد ہیں۔

ان بارشوں سے اب تک صوبے میں مجموعی طور پر 140 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 115 گھروں کو جزوی اور 25 گھروں کو مکمل نقصان ہوا۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، لکی مروت، کرم، ہنگو، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر اپر، بٹگرام، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں حادثات پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں فصلوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا اور سروے کا عمل جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کر رہی ہے۔

ادھر بلوچستان میں پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ گذشتہ دو دن سے کوئٹہ، وادی کوئٹہ، کچھی، ژوب، زیارت اور قلعہ سیف اللہ کے علاقوں میں بارش اور برف باری کے بعد چھتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کوئٹہ، کچھی اور ژوب میں چھتیں گرنے سے دو مزید افراد جان سے گئے، جس کے بعد صوبے میں مرنے والوں کی تعداد نو ہو گئی۔

چھ اضلاع میں املاک اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں بارش اور آندھی کے باعث متعدد واقعات پیش آئے۔ لاہور میں دو افراد جان سے گئے اور 18 زخمی ہوئے۔

ساہیوال میں ایک خاتون اور ایک بچہ زخمی ہوا، سرگودھا میں ایک شخص جان سے گیا اور چار زخمی ہوئے۔ چنیوٹ میں ایک خاتون جان سے گئی۔

پی ڈی ایم اے نے موسم کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ بلاضرورت سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات پر نہ جائیں اور حکومتی الرٹس/ایڈوائزریز پر عمل کریں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات