سعودی ولی عہد اور شہباز شریف کی ملاقات، امریکہ-ایران مذاکرات پر گفتگو

پاکستان کے وزیر اعظم اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان بدھ کو جدہ میں ملاقات ہوئی جس میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر گفتگو کی گئی۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان 15 اپریل 2026 کو جدہ میں ملاقات ہوئی (وزیر اعظم آفس پاکستان)

پاکستان کے وزیر اعظم اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان بدھ کو جدہ میں ملاقات ہوئی جس میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر گفتگو کی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف دیگر رہنماؤں کے ہمراہ بدھ کو جدہ پہنچے تھے۔ وہ 15 اپریل سے 18 اپریل تک سعودی عرب سمیت قطر اور ترکی کا دورہ کریں گے۔

پاکستان کے وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

بیان کے مطابق تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ابھرتی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی امن کوششوں سے متعلق حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے امریکہ ایران جنگ بندی ہوئی اور حال ہی میں اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی مذاکرات کا دور ہوا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم پاکستان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔

ایس پی اے کے مطابق ولی عہد نے وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کی ترقی اور سعودی-پاکستانی سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال خاص طور پر پاکستان کی میزبانی میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر بھی گفتگو کی۔

سعودی عرب کے ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی سفارتی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔

دوسری جانب پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار جو اس ملاقات میں شریک تھے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ ملاقات گرمجوشی، برادرانہ تعلقات اور پاکستان-سعودی عرب شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ وژن کی عکاس تھی۔

’وزیراعظم نے ہمارے گہرے اور مضبوط تعلقات کی توثیق کی، جو ایمان، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔‘

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا