دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی: وزیراعظم پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں بلوچستان اپیکس کمیٹی سے خطاب میں کہا کہ ملک میں امن کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ملک میں امن کی بحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بات بلوچستان میں حالیہ مہلک حملوں کے بعد صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کوئٹہ میں منعقدہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

پاکستان فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بدھ کو بتایا تھا کہ چار جولائی سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے تین بڑے حملوں میں کم از کم 38 سکیورٹی اہلکار اور چار شہری جان سے گئے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف کارروائیوں میں 54 عسکریت پسندوں کو مار دیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں مزید کہا ’اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ (انڈیا) اس فتنہ (دہشت گردی) میں ہر لحاظ سے مکمل طور پر ملوث ہے۔‘

انہوں نے کہا ’بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پاکستان کے دشمن، جیسے فتنہ الخوارج، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو برداشت نہیں کر سکتے، اسی لیے وہ دہشت گرد حملوں کے ذریعے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔‘

پاکستان انڈیا کے حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کے لیے ’فتنہ الخوارج‘ کی اصطلاح استعمال کرتا ہے۔

اجلاس میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر، بلوچستان کے گورنر جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی، اعلیٰ فوجی قیادت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینیئر حکام نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ’پاکستان کے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے ہر دہشت گرد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔‘

انہوں نے کہا دشمن ملک پاکستان کو اندرون ملک اور عالمی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں اور عزت و وقار سے خوش نہیں۔ ’اسی لیے ہمیں دہشت گردی کا اس کی جڑوں سے خاتمہ کرنا ہوگا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے حالیہ حملوں کی لہر پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جن میں سکیورٹی فورسز، پولیس اہلکاروں اور شہریوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آج کوئٹہ پہنچے، جہاں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور سول و عسکری حکام نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

پاکستان فوج کے مطابق بلوچستان میں حالیہ حملے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے کیے۔ 

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انڈیا پر دونوں عسکریت پسند گروہوں کی حمایت کا الزام عائد کیا اور کہا افغانستان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہونے دے رہا ہے۔

انڈیا پاکستان کے ان الزامات کی تردید کرتا ہے کہ وہ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کی حمایت کرتا ہے جبکہ افغانستان متعدد بار کہہ چکا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دیتا۔ 

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان