پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان

ایسوسی ایشن نے ایک روز قبل حکومت کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم قیمتوں کے تعین پر مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کل سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

چھ مارچ، 2026 کو کراچی میں لوگ پیٹرول سٹیشن پر ایندھن لینے کے لیے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں (روئٹرز)

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے بدھ کو پیٹرولیم کے وفاقی وزیر کے ساتھ مذاکرات کے بعد ملک گیر ہڑتال کی اپنی کال دو ہفتوں کے لیے مؤخر کر دی۔

ایسوسی ایشن نے ایک روز قبل حکومت کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم قیمتوں کے تعین پر مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کل سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن ندیم خان نے کہا کہ ’ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ہمارے مطالبات پورے کیے جائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ دو ہفتوں میں پمپس اونرز کے کمیشن کامعاملہ حل ہوجائے گا۔

علی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ مذاکرات کے ایک اور دور کے بعد ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیرِ پیٹرولیم نے مزید کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع (مارجن) کا مسئلہ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

وزیر نے بتایا کہ مجوزہ مارجن میں ردوبدل سے متعلق سمری غور کے لیے وفاقی کابینہ کو پیش کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت دو ہفتوں بعد پیٹرولیم شعبے کی تنظیموں کے ساتھ مل کر یومیہ ایندھن کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کا دوبارہ جائزہ لے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

علی پرویز ملک نے کہا: ’28 فروری سے آج تک حکومت نے بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے تقریباً 100 ارب روپے خرچ کیے ہیں اور معاشرے کے سب سے کمزور طبقے کے لیے سبسڈی سکیم بھی شروع کی ہے۔‘

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ خطے میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے موجودہ صورت حال پر بات چیت کی، جنہوں نے حکومتی اقدامات کی حمایت کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت ایران اور امریکہ کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ تنازع کے حل کی راہ ہموار کی جا سکے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اپنی ویب سائٹ پر ایندھن کی قیمتیں جاری کرے گی جبکہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے قیمتوں کی تفصیل اردو میں بھی فراہم کی جائے گی۔

گذشتہ ہفتے وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ایندھن کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت