جی ٹی اے 6 مردوں کو بہتر شریکِ حیات بنانا چاہتی ہے، کیا یہ بے سود ہے؟

2023 میں ٹریلر لیک ہونے کے بعد راک سٹار نے انکشاف کیا کہ جی ٹی اے 6 میں مرکزی کردار لوسیا نامی ایک خاتون ہو گی تو بہت سے لوگوں نے اسے اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی ایک چال قرار دیا۔

16 نومبر 2026 کو برسلز میں لی گئی اس تصویر میں ایک عمارت پر ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (جی ٹی اے 6) کی ریلیز کا اشتہار آویزاں ہے (نکولس ٹوکاٹ/ اے ایف پی)

گرینڈ تھیفٹ آٹو کبھی بھی ایسا ویڈیو گیم فرنچائز نہیں رہا جس نے صنفی مساوات کو فروغ دیا ہو۔ جب اس کا پچھلا گیم 2013 میں جاری ہوا تو اس میں ایک ایسا مشن بھی تھا جس میں کھلاڑی پاپارازی فوٹوگرافروں کی مدد کرتے ہوئے ایک خاتون مشہور شخصیت کے لباس کے نیچے سے تصاویر بناتے تھے۔

کھلاڑیوں کو سٹرپ کلب خریدنے اور چلانے کی ترغیب دی جاتی تھی اور جنسی کارکنوں کے ساتھ تعلقات کو فرسٹ پرسن نقطہ نظر سے دکھایا جاتا تھا، جہاں کھلاڑی یا تو خدمات کے عوض رقم ادا کرتے یا خاتون کو بے دردی سے قتل کر کے اپنی رقم واپس لے لیتے تھے۔ بہترین صورت میں بھی خواتین حاشیے پر تھیں، اور بدترین صورت میں وہ مردہ تھیں۔

اس کے باوجود، 13 سال بعد جب یہ گیم اس ہفتے واپس آیا ہے تو برطانیہ بھر میں گیمرز وائی فائی سرورز کو ان کی آخری حد تک پہنچا رہے ہیں اور گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کو اپنے کنسولز پر پہلے ہی سے ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں۔

بہت سے لوگ کام اور سکول سے چھٹی کرنے کے لیے نام نہاد ’جی ٹی اے فلو‘ کا شکار ہو رہے ہیں۔

ان میں دی انڈپینڈنٹ کے اپنے لوئس چلٹن بھی شامل ہیں۔ وہ کہتے ہیں: ’ریکارڈ کے لیے واضح رہے کہ میں بالکل بھی کوئی نکما شخص نہیں ہوں۔ میں صرف ایک ایسا آدمی ہوں جو اپنی لائن مینیجر کے سامنے کھڑا ہو کر ان سے درخواست کر رہا ہے کہ میری سالانہ چھٹی منظور کر دیں تاکہ میں ایک ویڈیو گیم کھیل سکوں۔‘

جب 2023 میں ٹریلر لیک ہونے کے بعد راک سٹار نے انکشاف کیا کہ جی ٹی اے 6 میں مرکزی کردار لوسیا نامی ایک خاتون ہو گی تو بہت سے لوگوں نے اسے اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی ایک چال قرار دیا۔

اوہائیو سٹیٹ یونیورسٹی میں شعبہ ابلاغیات کے پروفیسر بریڈ بشمین کہتے ہیں: ’میں اس بات سے اتفاق کروں گا۔ راک سٹار یہ کہہ سکتا ہے کہ ’اوہ، ماضی میں ہمارے ویڈیو گیمز میں خواتین کرداروں کو پیش کرنے کے انداز پر ہم پر تنقید ہوئی ہے اور ہم اس خاتون کو زیادہ طاقت دے کر درست سمت میں قدم اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں‘، لیکن اسے اب بھی انتہائی جنسی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔۔۔ میرے لیے یہ تشویش ناک بات ہے کہ اس کے پاس اختیار اور طاقت تو زیادہ ہے لیکن دکھنے میں وہ بالکل دوسرے تمام خواتین کرداروں جیسی ہی ہے۔ میرے نقطہ نظر سے اس میں کوئی فرق نہیں۔‘

جی ٹی اے کے سلسلے کا مطالعہ کرتے ہوئے بشمین نے 2016 میں شائع ہونے والی اپنی تحقیق میں پایا کہ گیم کے وہ طریقہ کار، جن میں خواتین کے خلاف پرتشدد رویے پر انعام دیا جاتا یا اس کی حوصلہ افزائی کی جاتی تھی، کھلاڑیوں کو صنفی تشدد کے معاملے میں بے حس کر سکتے ہیں اور مرد کھلاڑیوں میں متاثرین کے لیے ہمدردی کو کم کر سکتے ہیں۔

وہ وضاحت کرتے ہیں: ’شرکا کو ایک نوعمر لڑکی کی دو تصاویر دکھائی گئیں جسے ایک نوعمر لڑکے نے مارا پیٹا تھا۔ ہم نے پایا کہ لڑکے جتنا زیادہ خود کو گیم کے مردانہ کرداروں سے جوڑتے تھے، انہیں مار کھانے والی خاتون کے لیے اتنی ہی کم ہمدردی محسوس ہوتی تھی۔ یہ بات خاص طور پر ان لڑکوں میں زیادہ نمایاں تھی جو مردانگی سے متعلق سخت تصورات رکھتے تھے۔‘

اس حد سے بڑھی ہوئی مردانگی کی پیمائش کے لیے لڑکوں سے مختلف سوالات پوچھے گئے۔ ان میں یہ سوال بھی شامل تھا کہ آیا ان کے خیال میں لڑکوں کو اپنی جسمانی طاقت ثابت کرنے کے ذرائع تلاش کرنے کی ترغیب دی جانی چاہیے، اور کیا کسی مرد کے لیے یہ درست ہے کہ وہ کسی لڑکی کو جنسی تعلق قائم کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے ہر ممکن ذریعہ استعمال کرے۔ بشمین کے مطابق اس طرح کے رویے جی ٹی اے میں ’بہت عام‘ ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اگرچہ مرد شرکا میں ہمدردی کی سطح کم ہوئی، لیکن لڑکیوں میں ایسا نہیں ہوا۔

بشمین کہتے ہیں: ’ہمدردی سماجی بھلائی کے رویوں، مثلا دوسروں کی مدد، چیزیں بانٹنے اور تعاون کرنے کی پیش گوئی کرنے والے بہترین پیمانوں میں سے ایک ہے۔ یہ ہی وہ چیز ہے جو معاشرے کو ایک بہتر جگہ بناتی ہے۔ یہ گیمز ہمدردی کو کم کرتے ہیں کیونکہ کھلاڑیوں کو متاثرہ فرد کی بجائے جرم کرنے والے شخص کا نقطہ نظر اختیار کرنے اور اس کا کردار ادا کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ یعنی اس شخص کا نہیں جسے انہوں نے لوٹا، اس فرد کا نہیں جسے انہوں نے قتل کیا، نہ اس کی شریک حیات اور نہ ہی اس کے بچوں کا۔‘

اگرچہ اس بارے میں تحقیق اب بھی جاری ہے کہ آیا جی ٹی اے جیسی گیمز حقیقی زندگی میں تشدد میں براہ راست اضافے کا باعث بن سکتے ہیں، تاہم اطلاعات کے مطابق پچھلا گیم جاری ہونے کے بعد ویلز کے ایک پرائمری سکول میں محض چھ سال تک کی عمر کے بچوں نے ریپ اور جنسی مناظر کی نقالی کی تھی۔ یہ گیم 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے مخصوص قرار دیا گیا تھا۔ کھیل کے میدان میں ایسے بعض واقعات کے نتیجے میں حقیقی جسمانی چوٹیں بھی آئیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بشمین کہتے ہیں: ’کھلاڑی، خصوصا لڑکے، ان ویڈیو گیمز کو اپنی زندگی میں رویے کے نمونے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ انہیں لگتا ہے کہ یہ بہت عمدہ چیز ہے۔‘

اگرچہ بعض مداحوں نے اس حقیقت کی طرف اشارہ کیا ہے کہ لوسیا اور جیسن ایک دوسرے کو پیغامات بھیجیں گے اور ایک ساتھ ملاقاتوں پر جائیں گے اور اسے دونوں جنسوں کے درمیان نسبتاً صحت مند تعلق قرار دیا ہے، لیکن بشمین نشاندہی کرتے ہیں کہ بونی اینڈ کلائیڈ سے متاثر اس جرائم کی کہانی میں، جہاں ’ایک آسان واردات غلط رخ اختیار کر لیتی ہے‘ اور یہ دونوں ’اگر زندہ بچ کر نکلنا چاہتے ہیں تو انہیں پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے پر انحصار کرنا پڑتا ہے‘، ان دونوں کا تعلق بولنگ جیسی سرگرمیوں جتنا ہی مسلح ڈکیتیوں کے گرد بھی گھومتا ہے۔

پروفیسر کہتے ہیں: ’ان کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ ملاقاتوں پر جانا ضروری نہیں۔ وہ جرم کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ کھلاڑی فیصلہ کر سکتا ہے کہ وہ کیا کرنے جا رہے ہیں۔‘

خواتین گیمرز کی ایک بڑی تعداد لوسیا کے کردار پر خاصی پرجوش ہے، جو حال ہی میں جیل سے رہا ہوئی ہے اور ’وہ اچھی زندگی چاہتی ہے جس کا خواب اس کی والدہ نے لبرٹی سٹی میں اپنے قیام کے دنوں سے دیکھ رکھا ہے۔‘

آن لائن فورمز پر یہاں تک مطالبات سامنے آئے ہیں کہ راک سٹار گیم میں ان حالات کو بھی شامل کرے جن میں حقیقی دنیا میں خواتین کو کمتر سمجھا جاتا ہے یا ان کی تضحیک کی جاتی ہے، تاکہ لوسیا کو ان مشکلات پر قابو پاتے دکھایا جا سکے اور مرد کھلاڑی بھی لوسیا کا کردار ادا کرتے ہوئے اس کے نقطہ نظر سے ان تجربات سے گزریں۔

لیکن اس ڈیزائن کے باوجود ہمدردی پیدا کرنا ایک مشکل جدوجہد ہی رہے گا۔ گیمنگ برادریوں کا اکثر انٹرنیٹ پر موجود انتہائی مردانہ نظریات کے حامل حلقوں سے تعلق بنتا ہے اور اسی وجہ سے جی ٹی اے کے بعض کھلاڑیوں نے جیسن کو ’کمزور‘ اور ’تابع‘ قرار دیا ہے جبکہ لوسیا کے پراعتماد رویے پر شکایات کی ہیں۔

ایک شخص نے راک سٹار کے ریڈٹ تھریڈ پر لکھا: ’کچھ لوگ اس کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے گفتگو کو جنسی رخ دیے یا اس کی نسل اور جسم کو جنسی پسندیدگی کا موضوع بنائے بغیر بات ہی نہیں کر سکتے۔‘ اسی تھریڈ میں دوسرے صارفین نے ایسے مردوں کو ’انسلز‘ قرار دیا۔

چند ہفتے بعد لوسیا کی مکمل طور پر برہنہ اور غیر مجاز گیم پلے ویڈیوز آن لائن لیک کر دی گئیں۔ مختلف تھریڈز کے نیچے یہ فوٹیج پھیلانے والے ایک صارف نے لکھا: ’لڑکو، مزے کرو۔‘ ایک اور صارف نے جواب دیا: ’بدصورت کتیا۔‘

تو کیا اس خاتون مرکزی کردار کا اضافہ گیمرز میں خواتین کے لیے ہمدردی پیدا کرنے میں مدد دے گا؟ لوسیا کو پہلے ہی جس پرتشدد زبان، جنسی شے کے طور پر پیش کیے جانے، تذلیل اور صنفی تعصب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے ایسا ہوتا نظر نہیں آتا۔

اور گیم کھیلنے کے اگلے چند دن، یا شاید ہفتے، حقیقی دنیا میں کچھ خواتین کے لیے بھی زیادہ خوشگوار نظر نہیں آ رہے۔ مثال کے طور پر 38 سالہ شان لٹل کی اہلیہ اور بیٹی کو ہی لے لیجیے۔ شان نے اپنے خاندان کے لیے ایک معاہدہ تیار کیا ہے جس کے تحت وہ ایک ہفتے تک جی ٹی اے کھیلنے کے لیے گھر کے ڈرائنگ روم پر مکمل طور پر قابض رہیں گے۔

ان کی اہلیہ نیٹلی نے بی بی سی سکاٹ لینڈ نیوز کو بتایا: ’ہمیں ان سے کسی قسم کا گھریلو کام کرنے کے لیے کہنے کی اجازت نہیں ہے۔ ہمیں یہ تبصرہ کرنے کی بھی اجازت نہیں کہ وہ کتنی دیر سے گیم کھیل رہے ہیں، نہ ہی یہ کہنے کی اجازت ہے کہ وہ سست ہو رہے ہیں کیونکہ وہ کئی گھنٹوں سے صوفے سے نہیں ہلے۔‘

نیٹلی نے تصدیق کی کہ اگرچہ ان کے شوہر انہیں اضافی ناشتے کی چیزیں خریدنے کے لیے کچھ رقم دیں گے، لیکن وہ کھانا نہیں بنائیں گے۔ لٹل نے کاغذ کی پلیٹیں بھی خرید لی ہیں تاکہ ان سے برتن دھونے کا نہ کہا جائے۔

نیٹلی نے کہا: ’حقیقتاً وہ یہیں بیٹھ کر گیم کھیلتے رہیں گے، اور بس یہ ہی ایک کام وہ کرنے والے ہیں۔‘

اس معاہدے پر بڑھتی ہوئی تنقید کے جواب میں لٹل نے کہا: ’مجھے اس بات کی کوئی پروا نہیں کہ لوگ کیا سوچتے ہیں۔ میرا خاندان خوش ہے، میں خوش ہوں۔ جب تک میرے اپنے لوگ خوش ہیں، اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ کوئی دوسرا کیا سوچتا ہے؟‘

© The Independent

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل