شین ژو 24 کامیابی سے مدار میں داخل، ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی

خلائی جہاز کو لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا گیا۔

محمد ذیشان علی 25 نومبر 2026 کو چینی مشن کے ہمراہ خلا میں داخل ہونے والے پہلے پاکستانی بن گئے (اے ایف پی)

چین کا شین ژو 24 خلائی مشن بدھ کی صبح کامیابی سے خلا میں روانہ ہو گیا ہے جس کے تین رکنی عملے میں شامل پاکستانی شہری ذیشان علی تیانگونگ خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔

خلائی جہاز کو لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر احسن اقبال بھی وہاں موجود تھے جن کا کہنا تھا کہ ’آج صبح 25 نومبر کو جب شین ژو-24 پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی کو لے کر روانہ ہوا تو پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔‘

احسن اقبال نے ایکس پر لکھا کہ ’ان کے ساتھ پاکستانی پرچم مدار کی جانب بلند ہو رہا ہے، اور اس کے ساتھ ٹیکنالوجی کی ترقی اور خلائی تحقیق کے لیے 26 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اور امنگیں بھی بلند ہو رہی ہیں۔‘

40 سالہ پائلٹ ذیشان علی مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ وہ مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور سائنسی تجربات کے لیے خلائی اسٹیشن پر 5 سے 10 روز قیام کریں گے۔

ان کے ہمراہ چینی مشن کمانڈر تانگ ہونگبو اور فلائٹ انجینئر وو یی بھی موجود ہیں۔

لانچنگ کے چند منٹ بعد سرکاری ٹی وی سی سی ٹی وی کی براہ راست نشریات میں تینوں خلا بازوں کو ایک دستی کتاب کا مطالعہ کرتے دیکھا گیا۔ نشریاتی ادارے کے مطابق عملے کے تمام ارکان کی حالت تسلی بخش ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چین تیانگونگ خلائی سٹیشن کو بین الاقوامی تعاون کے مرکز کے طور پر فروغ دے رہا ہے، جبکہ ناسا کی قیادت میں قائم انٹرنیشنل سپیس سٹیشن کی 2030 تک ممکنہ ریٹائرمنٹ متوقع ہے۔

خلائی مشن کی تیاری کے لیے ذیشان علی نے بیجنگ میں سات ماہ تک تربیت حاصل کی، جس کے دوران انہوں نے چینی زبان کی خصوصی کلاسز میں شرکت کی، چینی گانے سیکھے اور شاعری پڑھی۔ انہوں نے خطاطی کی مشق بھی کی اور ٹیبل ٹینس کھیلی۔

ذیشان علی نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں اپنے لیے خلا میں نہیں جا رہا، میرے کندھوں پر پاکستان کا نام ہے۔‘

چین اور پاکستان کے درمیان خلائی تعاون کا آغاز 1990 کی دہائی کے اوائل میں ہوا تھا۔ چین پاکستان کے متعدد سیٹلائٹس خلا میں بھیج چکا ہے، جبکہ پاکستان کا تیار کردہ ایک روور بھی 2028 کے لگ بھگ چین کے قمری مشن کے ذریعے چاند پر بھیجے جانے کا منصوبہ ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سائنس