پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کے شہری سوا بازی کے نگران ادارے نے فلائٹ آپریشنز کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارتی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق: ’پاکستان کی ایئر سپیس (فضائی حدود) پروازوں کے لیے تا حکم ثانی بند کی جا رہی ہیں۔‘
ٹوئٹر پر جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’شمال مشرقی اور شمال مغربی علاقوں میں فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کیے جا رہے ہیں۔ محفوظ ماور صاف آسمان کو یقینی بنانے کے فوراً بعد تمام پروازیں معمول کے مطابق شروع کر دی جائیں گی۔‘
ایسا بدھ کو پاکستانی فضائیہ کی جانب سے دو بھارتی طیاروں کو گرائے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان آصف غفور کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے دو بھارتی طیاروں کو اپنی ہی فضائی حدود سے مار گرایا جن میں سے ایک طیارہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں گرا جبکہ دوسرا بھارت کے زیراتنظام کشمیر میں جا گرا۔
آصف غفور کے مطابق پاکستانی فوج نے دو بھارتی پائلٹ بھی حراست میں لے لیے ہیں جن میں سے ایک زخمی ہونے کی وجہ سے سی ایم ایچ میں زیرِ علاج ہیں۔
دوسری جانب بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقوں سری نگر، جموں اور لے میں بھی ہوائی اڈوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے ایئر پورٹ انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’ہنگامی صورتحال کے پیش نظر فلائٹ آپریشنز عارضی طور پر معطل کیے گئے ہیں۔‘
اس سے قبل پیر اور منگل کی درمیانی شب بھارتی طیارے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے جس کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستانی فوج اور حکومت نے کہا تھا کہ ’پاکستان بھارت کو اپنی پسند کے وقت اور اپنے منتخب کردہ مقام پر جواب دے گا۔‘