ماہرہ پشاورمیں کیا کررہی ہیں؟

مشہور فلم اور ٹی وی فنکارہ کی پشاور میں تصاویرانسٹا گرام پروائرل ہیں۔

پاکستان کی مشہور فلم اور ٹی وی فنکارہ ماہرہ خان فلم ’سپر سٹار‘ کی شوٹنگ کے لیے ان دنوں پشاور میں موجود ہیں۔

ان کی پشاورمیں تصاویر انسٹا گرام پروائرل ہیں۔

مومنہ درید کی نئی فلم ’سپر سٹار‘ کی شوٹنگ مشہور تاریخی عمارت سیٹھی ہاؤس میں ہو رہی ہے۔

فلم کی ہدایت کاری ’اڈاری‘ ڈرامے کے احتشام الدین کر رہے ہیں جب کہ کہانی عدنان سمیع خان کے بیٹے اذان سمیع خان نے لکھی ہے۔

 فلم کے دیگرستاروں میں ندیم بیگ، بلال اشرف اورعلی کاظمی شامل ہیں۔

ماہرہ خان کے خیبر پختونخوا سے لاتعداد پرستاروں میں ایک نام جیا سیٹھی کا بھی ہے۔

جیا کا خاندان سیٹھی ہاؤس کا مالک تھا۔ یہ دو پرانے مکان تھے جن میں سے ایک میں وہ خود رہتی ہیں جب کہ دوسرا خیبر پختونخوا حکومت نے خرید لیا۔

 جیا  کہتی ہیں کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کی ماہرہ سے ملاقات خود اپنے گھر میں ہی ہو جائے گی۔ ’ جب ماہرہ ہمارے ڈرائنگ روم میں داخل ہوئیں تو مجھے یقین نہیں آ رہا تھا۔ میں حیرت سے ان کو تکتی رہی اور انہوں نے مجھے گلے لگایا۔’

جیا نے بتایا کہ ماہرہ شوٹنگ سے تھک کران کے گھر آجاتی ہیں۔

جیا کی ملاقات شوٹنگ پر موجود اداکار ندیم بیگ سے بھی ہوئی جو موجودہ پشاور سے قدرے ’ناخوش‘ نظر آئے۔

جیا کے مطابق، ندیم بیگ نے کہا کہ جو پشاور ماضی میں دیکھا تھا وہ بہت صاف اور خوبصورت تھا۔

اس کے برعکس ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں پشاور بہت اچھا لگا اور وہ اپنی دو دوستوں کے ہمراہ پشاور کے بازار گئیں لیکن کسی نے انہیں تنگ نہیں کیا۔

انھوں نے پشاور کو ایک محفوظ  شہر قرار دیتے ہوئے یہاں کے لوگوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود پٹھان نہیں لیکن ان کی امی  پٹھان ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی فن