کرونا وائرس: بابر اعظم بائیو سکیور ببل کے عادی

خود سے دباؤ ہٹانے کے لیے ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں سے گپ شپ کرتا ہوں، کپتان پاکستان وائٹ بال ٹیم

کرونا  وائرس کی وبا کے  باوجود کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہنا خوش آئند ہے (اے ایف پی)

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کے لیے پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 9 اکتوبر سے سینٹرل پنجاب کی قیادت کریں گے۔ سینٹرل پنجاب کی ٹیم ایونٹ کے پانچ میچوں میں سے صرف ایک میں  کامیابی کے ساتھ فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر ہے۔

بائیو سکیور ببل میں کرکٹ کا تجربہ

دورہ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ اڑھائی ماہ بائیو سکیور ببل میں وقت گزارنے کے  بعد انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ کے بائیو سکیور ماحول میں رہنے والے بابر اعظم اب نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کے لیے راولپنڈی کے بائیو سکیور ماحول کا حصہ بنیں گے۔

پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ کے کپتان کا کہنا ہے کہ انہیں تو اب بائیو سکیور ببل کی  عادت ہو چکی ہے تاہم کرونا (کورونا) وائرس کی وبا کے  باوجود کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے  کہا کہ پی سی بی کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے مکمل شیڈول کا اعلان اور پھر ملتان اور راولپنڈی میں بائیو سکیور ببل میں نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا انعقاد ایک قابل ستائش عمل ہے، جس سے کھلاڑیوں کو صلاحیتیں نکھارنے کے ساتھ ساتھ ان حالات میں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پہلے انٹرنیشنل اور پھر کاؤنٹی کرکٹ میں مصروفیات کے باعث وہ ایک طویل عرصے سے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے ملاقات نہیں کرسکے، لہٰذا وہ راولپنڈی میں سینٹرل پنجاب کے سکواڈ کو جوائن کرنے پر بہت پرخوش ہیں۔

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں سینٹرل پنجاب سے توقعات

ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے معروف کھلاڑیوں پر مشتمل سینٹرل پنجاب کی ٹیم گذشتہ سال فیصل آباد میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کر پائی تھی تاہم اس مرتبہ نئے ہیڈ کوچ اور نئے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے والی سینٹرل پنجاب کی ٹیم میں پانچ میچوں میں 236 رنز بنا کراب تک کے ٹاپ سکورر عبداللہ شفیق سمیت آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے قاسم اکرم اور عرفان نیازی جیسے نوجوان کرکٹرز موجود ہیں، جن سے ایونٹ کے بقیہ میچوں میں بہترکارکردگی کی امید ہے۔

سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال سینٹرل پنجاب کی باؤلنگ کمزور تھی مگر اس مرتبہ وہ ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹنگ خاصی مضبوط ہے، رواں سال غلطیوں کو دہرانے کی بجائے بہتر نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔

دباؤ ختم کرنے  کے لیے ساتھی کھلاڑیوں سے گپ شپ

بابر اعظم کاکہنا ہے کہ دنیا میں کوئی کھلاڑی ایسا نہیں ہے جو کھیل کے دوران دباؤ کا شکار نہ ہو۔ مختلف کھلاڑیوں کو مختلف اوقات میں  دباؤکا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر بڑا کھلاڑی وہی کہلاتا ہے جو دباؤ دور کرنے میں کامیاب ہو جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کرنا ہی دباؤ دور کرنے کا بہترین طریقہ ہے، وہ پختہ ذہن اور خود اعتمادی کے ساتھ میدان میں اترتے  ہیں۔

بابراعظم کا کہنا ہے کہ میچ میں اپنی باری کے انتظار میں انہیں دباؤ کا سامنا کرنا پڑے تو وہ ڈریسنگ روم میں موجود ساتھی کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف سے گفتگو شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ میدان میں اترنے سے قبل زیادہ دیر چپ نہیں بیٹھ سکتے۔

تینوں طرز کی کرکٹ میں کامیابی کا راز

آئی سی سی کی جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق تینوں فارمیٹ میں ٹاپ پانچ کھلاڑیوں میں شامل واحد کرکٹر بابر اعظم کے نزدیک ان کی کامیابی کا راز ہمیشہ اپنا قدرتی کھیل کھیلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی اپنے کھیلنے کا انداز نہیں بدلتے ہاں مگر میچ کی صورت حال کو دیکھ کراپنے کھیل کی رفتار ضرور بدلتے ہیں۔

دائیں ہاتھ کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین بابراعظم، آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں، ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کپتان وائٹ بال کرکٹ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ میچ سے  پہلے اپنی پریکٹس پر بہت توانائی خرچ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مشکل سے مشکل کنڈیشنز اور پچ پریکٹس کرتے ہیں تاکہ میچ کے لیے خود کو بہتر انداز سے تیار کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پریکٹس ہی ہے جو انہیں اپنی بیٹنگ کوایک لمبی اننگز میں بدلنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے، کھلاڑی کی صلاحیتوں اور قابلیت کا اندازہ اس کی گیم ایرونس سے ہی ہوتا ہے۔

دورہ انگلینڈ

بابر کا کہنا ہے کہ اچھے باؤنس کی وجہ سے انگلینڈ کی کنڈیشنز ان کے لیے موزوں رہتی ہیں۔ کریز پر پہنچ کر وہ میچ اور پچ کی صورت حال دیکھ کر اپنے ذہن میں دس، دس اوورز پر مشتمل چھوٹے چھوٹے اہداف بناتے ہیں جس سے کھیل کی رفتار بدلنے میں آسانی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز وائٹ بال کرکٹ کے لیے بہترین ہیں اور گذشتہ چند عرصہ میں وہاں متعدد سیریز کھیلنے سے انہیں ان کنڈیشنز کا بہتراندازہ ہوگیا ہے اور وہ اس تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمر سیٹ کی جانب سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سنچری بنانے پر خوش ہیں۔ وہ اسی اعتماد کے ساتھ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بابراعظم کا شمار ان دو کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے گذشتہ ایڈیشن میں سنچری بنائی تھی۔

زمبابوے سیریز

بابر اعظم نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کےساتھ پاکستان کے وائٹ بال سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ ایونٹ کے  فوری بعد زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورہ پر پہنچ جائے گی اور وہ سیریز ہمارے لیے دورہ نیوزی لینڈ کی ایک اچھی تیاری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی، اس لیے زمبابوے  کے خلاف بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ زمبابوے کے خلاف کامیابی حاصل کر کے وننگ موومنٹم نیوزی لینڈ لے کر جانا چاہتے ہیں کیونکہ نیوزی لینڈ کے خلاف نیوزی لینڈ میں سیریز آسان نہیں ہوتی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ