2021 کی 18 فلمیں جو آپ کو ضرور دیکھنی چاہییں

ایڈم سمتھ اور سٹول ورتھی، سٹوین سپیل برگ، ایڈگر وائٹ، کلوئی ژاؤ کا جائزہ لے رہے ہیں، اور ساتھ ہی 007 کی نئی فلم کا۔

گھڑی کے رخ پر: پرامسنگ ینگ وومن، ٹاپ گن: میورک، نو ٹائم ٹو ڈائی، اور نومیڈ لینڈ (Searchlight/Neon/Paramount/MGM)

ایسی فلمیں جو اس سال ضرور دیکھنی چاہییں ان کے بارے میں کوئی حتمی رائے ابھی قبل از وقت معلوم ہوتی ہے۔ لیکن جب عالمی وبا پوری فلم انڈسٹری کو تہہ و بالا کر دے تو ایسا ہی ہوتا ہے۔ سال کا فلم کیلنڈر ایسی فلموں سے بھرا پڑا ہے جن کے بارے میں ہمارا خیال تھا کہ موجودہ سال میں دیکھیں گے۔ شاید 2022 میں بھی ایسا ہی ہو۔

تاہم کورین امریکن ڈراما فلم ’میناری‘ سے لے کر عالمی وبا کے دوران لکھی اور فلمائی گئی زینڈیا کی ’میلکم اینڈ میری‘ جیسی دلچسپ نئی فلمیں بھی شامل ہیں جن کے بارے میں ہمیں 2019 میں کچھ پتہ نہ تھا۔

افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ ہمیں کچھ علم نہیں 2021 میں کیسا منظرنامہ سجے گا۔ وارنر برادرز کی فلموں کو 2021 کو امریکی سینیما اور نئی سٹریمنگ سروس ایچ بی او میکس پر ایک ساتھ ریلیز کرنے کے متنازع فیصلے نے کمپنی کے برطانیہ میں نمائش کے منصوبوں کو ابھی تک متاثر نہیں کیا لیکن ممکن ہے کرے۔ آئندہ مہینوں میں سینیما دوبارہ کھلنے کی توقع ہے لیکن ممکن ہے ایسا نہ ہو۔

شکوک و شبہات کے بادل چھائے ہیں اور مایوسی سے بچنا دشوار لگتا ہے۔ بہت ساری فلموں کی نمائش پذیر ہونے کی تاریخ بھی ابھی تک معلوم نہیں اس لیے انہیں اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا جن میں ویس اینڈرسن کی ’دا فرنچ ڈسپیچ،‘ مشہور میوزیکل ’ایوری باڈی از ٹاکنگ اباؤٹ جیمی‘ کی اسی نام سے فلمی پیش کش، ’دا سووینئر حصہ دوم،‘ اور کوگوناڈا کی فلم ’آفٹر ینگ‘ شامل ہیں۔

بلائتھ سپرٹ (Blithe Spirit)

بلائتھ سپرٹ ویسی ہی برطانوی مزاحیہ فلموں میں سے ایک ہے جو موسم سرما کے مہینوں میں انتہائی مناسب معلوم ہوتی ہیں بالخصوص جب ہمیں دوسری بار لاک ڈاؤن کا سامنا ہے۔ نوئل کورڈ کے ڈرامے پر مبنی اس فلم کے ستاروں میں ڈان سٹیونز مصنف بننے کے لیے کوشاں ہیں اور وہ تحریک حاصل کرنے کے لیے روحانی شخصیت (جوڈی ڈنچ) کا رخ کرتے ہیں جہاں حادثاتی طور پر ان کا سامنا اپنی پہلی مرحوم بیوی (لیزلی مان) کی روح سے پڑتا ہے۔ آئلا فشر بھی فلم کا حصہ ہیں۔

تاریخ نمائش 15 جنوری (سینیما گھروں اور سکائی سینیما پر)

میلکم اینڈ میری (Malcolm & Marie)

اس سال گرمیوں میں لکھی اور عکس بند ہونے والی ’میلکم اینڈ میری‘ ہالی وڈ کی بدلتی صورت حال کا خلاصہ پیش کرتی ہے۔ یہ اس وقت تیار کی گئی جب فلم انڈسٹری عالمی وبا کے دوران فلم پروڈکشن کے امکانات کا جائزہ لے رہی تھی۔ اس میں محض دو اداکار (جان ڈیوڈ واشنگٹن اور زینڈیا) ہیں اور سوچ سمجھ کر مختصر پلاٹ پر مبنی یہ فلم ایک ہی جگہ عکس بند کی گئی ہے۔ فلم کے دونوں کردار جوڑے ہوتے ہیں جن کے تعلق کی ڈور ایک فلم کے پریمیر سے واپس آتے ہوئے ٹوٹ جاتی ہے۔

تاریخ نمائش 5 فروری (نیٹ فلکس)

پرامسنگ ینگ ویمن (Promising Young Woman)

’پرامسنگ ینگ ویمن‘ کو پہلے سے 2020 کی سب سے بڑی تجسس سے بھر پور اشتعال انگیز فلم کہا جا رہا تھا۔ کوئی اور ناگہانی درپیش نہ ہوئی تو اس فروری میں اب یہ 2021 کی سب سے بڑی اشتعال انگیز فلم ثابت ہو گی۔ بد قماش اور ذلیل آدمیوں کی ڈسی انتقام کی آگ سے بھری نوجوان عورت کے کردار میں کیری ملیگن کی زبردست کارکردگی کی بنا پر کہا جا رہا ہے کہ وہ آسکر اڑا لے جائیں گی۔ مصنف ہدایت کارہ ایمرلڈ فینل جنہوں نے دی کراؤن میں کامیلا پارکر کے کردار میں زبردست پذیرائی حاصل کی تھی انہیں نے ہی یہ سنسنی خیز، مزاحیہ اور تشدد سے بھر پور فلم بنائی ہے۔

تاریخ نمائش 12 فروری

نومیڈ لینڈ (Nomadland)

کلوئی ژاؤ کی 2021 میں نمائش پذیر ہونے والی دو فلموں میں پہلی (دل تھام کے ذرا، دوسری مارول سٹوڈیو کی ’ایٹرنلز‘) نومیڈ لینڈ امریکہ کی سرزمین کا دلکش نظارہ اور اس کی زرخیزی کا متاثر کن بیان ہے۔ ایک انتہائی کھلے ڈلے اور سادہ کردار میں فرانسس میک ڈورمینڈ ایک ایسی عورت ہیں جو اپنی کیمپر گاڑی میں ملازمتوں اور مختلف مقامات کے درمیان گردش کرتی رہتی ہیں جہاں انہیں راستے میں مختلف علاقائی آبادیاں اور نئے خیالات سے آگاہی ہوتی رہتی ہے۔ 2020 کا زیادہ تر عرصہ اپنے گھروں میں بند رہنے والوں اور سرمایہ دارا نہ نظام سے جان چھڑانے کے خواہش مندوں کے لیے یہ فلم انتہائی دلچسپ ہے۔

تاریخ نمائش 19 فروری

کمنگ 2 امریکہ (Coming 2 America)

کافی عرصے بعد بننے والے سیکوئل میں ایڈی مرفی اپنے پسندیدہ ترین زمنڈا کے شہزادے اکیم کا کردار دہرا رہے ہیں۔ بادشاہ بننے سے محض ایک ہاتھ دور اکیم یہ دریافت کرنے پر نیویارک سے پلٹتا ہے کہ ماضی میں 1988 کے سال وہ انجانے میں وہ ایک بچے (جرمین فولر) کا باپ بن چکا تھا۔ جیمز ارل جونز اور ارسینیو ہال پہلی فلم والے اپنے کردار دہراتے ہیں جبکہ وسلی سنائپس اور کیکی لین نئے لوگوں میں شامل ہیں۔

تاریخ نمائش پانچ مارچ (ایمازون پرائم پر)

دا مینی سینٹس آف نیوارک (The Many Saints of Newark)

آپ مانیں یا نہ مانیں مشہور ٹی وی شو ’دا سوپرینوز‘ کی کہانی سے پہلے کے ممکنہ واقعات پر مبنی فلم 2021 میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ ایچ بی او کے ٹی وی ڈرامے سوپرینوز کے خالق ڈیوڈ چیس کی موجودگی اس بات کی تسلی کے لیے کافی ہے کہ وہ شائقین کی ممکنہ توقعات پوری کرنے کے لیے کافی گہرائی میں جائیں گے اور یہ غنڈوں کے خاندان کی تاریخ جاننے کا سنہرا موقع ہو گا۔ فلم میں زیادہ توجہ کرسٹوفر کے باپ ڈکی مولٹسانٹی پر ہو گی جن کا سیریز میں بہت تذکرہ سننے کو ملتا ہے۔

تاریخ نمائش 12 مارچ

میناری (Minari)

پوری دنیا میں سراہے جانے والی یہ فیملی ڈراما فلم ممکنہ طور پر 2021 کے آسکر ایوارڈ میلے میں بہت اہمیت حاصل کرے گی۔ ’دا واکنگ ڈیڈ‘ اور ’برننگ‘ کے اداکار سٹیون یون ایک کورین امریکی خاندان کے سربراہ ہیں جو بڑے شہر لا سے ریاست آرکنسا کے دیہات میں جا بستے ہیں۔ 1980 کی دہائی کو رجائی انداز میں پیش کرتی یہ کومل مٹھاس سے بھری ایسی فلم ہے جس کی اگلے سال بہت ضرورت ہے۔

تاریخ نمائش 19 مارچ

نو ٹائم ٹو ڈائی (No Time to Die)

اگرچہ ڈینیل کریگ کا بطور بانڈ کیریئر معیار کے اعتبار سے بری طرح گر چکا ہے لیکن نئی 007 فلم کی آمد کی صورت میں کسی شاندار کام کی توقع باقی ہے۔ نو ٹائم ٹو ڈائی میں کریگ کی بہترین جاسوس کے روپ میں آخری رونمائی سے لے کر بطور ہدایت کار کیری فکونگا کی پہلی فلم، سکرپٹ کے شریک مصنف فیبی والر بریج اور انا ڈی آرمز، رامی ملک اور لاشانا لنچ جیسے نئے ستاروں کی موجودگی جیسی پس پردہ اور پردے پر کچھ ایسی چیزیں ہیں جو ہماری توقعات کا معیار بلند کر دیتی ہیں۔

تاریخ نمائش 2 اپریل

کوائٹ پلیس، حصہ دوم (A Quiet Place: Part II)

’اے کوائٹ پلیس‘ اگر پہلی فلم سے ہٹ کر ایک مکمل الگ فلم ہوتی تو کہیں بہتر ہونی تھی لیکن ہدایت کار اور مصنف جان کرسنسکی کی بی کیٹیگری کی ڈراؤنی فلم کی مالی کامیابی کا نقصان اس فلم کو ہوا۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ فلم میں سنانے کو کوئی کہانی ہی نہیں۔ دراصل کرسنسکی نے یہ بات چھپانے کی کوئی کوشش نہیں کی کہ ان کے پاس پوری کائنات ہے جسے وہ ایک دن دریافت کریں گے تو دیکھ لیتے ہیں۔ اس فلم میں سابقہ ستارے ایملی بلنٹ کو نئے لوگ ملیسنٹ سائمنڈز اور نووا جیوپ، سلیئن مرفی اور جومن ہونسو کے کردار میں جوائن کرتے ہیں۔

تاریخ نمائش 23 اپریل

لاسٹ نائٹ ان سوہو (Last Night in Soho)

ایڈگر رائٹ اپنے فلموں کے مخزن میں لاسٹ نائٹ ان سوہو سے نفسیاتی خوف کو شامل کرتے ہوئے اس نیان بتیوں سے روشن اشتعال انگیز فلم میں ستاروں کی پورا کہکشاں جمع کرتے ہیں (انیا ٹیلر جوئے، مٹ سمتھ اور آنجہانی ڈیانا رِگ)۔ دلچسپ پلاٹ ایک ایسی نوجوان لڑکی کے گرد گھومتا ہے جو وقت کی مٹھی سے سرک جاتی ہے اور کسی طرح 1960 کی دہائی میں پہنچ جاتی ہے۔ ایسا لگتا ہے ایک نہایت کامیاب فلم ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

تاریخ نمائش 23 اپریل

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹاپ گن: میورک (Top Gun: Maverick)

سال کے آخر میں مشن سیریز کی ایک فلم کے ساتھ ٹام کروز کی واپسی ہو گی۔ یہ بہت مشکل فلمیں تھیں جو وبا کے دوران ایک کے بعد دوسری عکس بند کی گئی اور ان گرمیوں میں ایک اور کلاسیک کی آمد ہے۔ اسی کی دہائی میں بننے والی اصلی فلم ٹاپ گن کے سیکوئل میں وہ بطور پائلٹ واپس آتے ہیں۔ جوزف کوس انسکی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں پرانے لوگوں کو کچھ نئے داؤ پیچ ضرور سکھائے گئے ہوں گے کیونکہ پٹ میورک مچل امریکن بحریہ کے لڑاکا ہوا بازوں کے گُرو ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ نتیجہ حیران کن ہو گا، چلو دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

تاریخ نمائش نو جولائی

بارب اینڈ سٹار گو ٹو وسٹا ڈل مار (Barb and Star Go to Vista Del Mar)

یہ ’برائیڈز میڈز‘ کا سیکوئل نہیں جس کے ایک دہائی سے سب منتظر ہیں لیکن بارب اینڈ سٹار میں اس کی روح ضرور نظر آئے گی۔ 2011 کی انتہائی کامیاب برائیڈز میڈز کی روح و رواں کرسٹن وگ اور اینی مومولو اس فلم میں بھی بطور مصنف اور اداکارہ موجود ہیں جو ایسی بہترین دوستوں کا کردار نبھاتی ہیں جو پہلی بار امریکہ کے مڈ ویسٹرن علاقے میں اپنی چھوٹی سی آبادی سے باہر نکلتی ہیں۔ وہ بہت جلد ایسے بھیانک حالات کا شکار ہو جاتی ہیں کہ پورے شہر کو قتل کر دیتی ہیں۔ اس فلم میں جیمی ڈورن اور ڈیمن وینس جونیئر بھی بطور اداکار شامل ہیں۔

تاریخ نمائش 16 جولائی

اولڈ (Old)

ایم نائیٹ شایمیلان کی نئی سنسنی خیر ڈراؤنی فلم مبینہ طور پر 2011 کے گرافک ناول ’سینڈ کیسل‘ سے متاثر ہے جس میں نوجوانوں کا ایک گروپ چھٹیاں منانے کے لیے کسی مقام پر ہے اور محض چند دنوں میں اچانک بڑے ہو جاتے ہیں۔ فلم میں کیا کچھ ہو گا اسے چھپانے کے لیے کڑے انتظامات کیے گئے لیکن اس کی نوجوان کاسٹ (جن میں لٹل ویمن کی اداکارہ الیزا سکینلن اور جوجو ریبٹس کی اداکارہ مک کینائزے شامل ہیں) اور واضح نام سے ایسا لگتا ہے کہ یہ واقعی سینڈ کیسل سے متاثر ہو گی۔ فینٹم تھریڈ کے پرستاروں کے لیے خوش خبری یہ ہے کہ فلم میں وکی کریپس بھی شامل ہیں۔

تاریخ نمائش 23 جولائی

ڈیپ واٹر (Deep Water)

بین ایفلک اور اینا ڈی آرمز کے درمیان متواتر عکس بند ہونے اور بعض اوقات غیر منطقی رومانس وبا کے دوران واحد اعلیٰ ترین پرلطف سرگرمی ہے اور جس فلم میں وہ دونوں ملے وہ اگلے سال ریلیز ہو گی۔ ہیجان انگیز جنسی کیلیگولا قسم کی فلموں کے فلم ساز ایڈرن لین (½ 9 ویکس، فیٹل اٹریکشن) کی ڈیپ واٹر میں ڈی آرمس کا کردار ایسی عورت کا ہے جن کے افلک سے ناخوشگوار عائلی زندگی چل رہی ہوتی ہے اور جس کا نوجوان عاشق موت سے ہمکنار ہو جاتا ہے۔

تاریخ نمائش 13 اگست

کینڈی مین (Candyman)

’واچ مین کے‘ سٹار یحی عبدالمتین دوم اس دوبارہ بننے والی فلم میں اپنے شاندار کردار کو جاری رکھتے ہیں۔ متحرک فلم ساز جورڈن پیلی اس کے سرمایہ کار ہیں۔ نئی کینڈی مین 1992 والی برنرڈ روز کی فلم میں خوفناک آہنی ہاتھ کے قاتل کو دوبارہ پیش کرتی ہے لیکن اس بار ایک سیاہ فام خاتون ڈائریکٹر ( نیا ڈاکوسٹا جو بہت جلد کیپٹن مارول 2 کی ہدایت کاری دیں گی) اور زیادہ تر سیاہ فام ممبران کے ساتھ اس فلم میں اصل فلم کے پوشیدہ نسلی تعصبات کا بالآخر اس طرح جواب دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

تاریخ نمائش 17 اگست

ڈیون (Dune)

ڈیوڈ لنچ کی فلم ڈیون کو دوبارہ بنانے کا سنتے ہی ہماری آنکھیں حیرت اور خوف کے مارے پھٹی کی پھٹی رہ جاتی ہیں لیکن جب ہدایت کار کے منصب پر ڈینس ولینیوی براجمان ہوں تو پھر معاملہ دوسرا ہے۔ وارنر برادرز کو اپنے ہدایت کار کی دور رس نگاہوں پر اتنا اعتماد ہے کہ انہوں نے اس بات کو یکسر نظر انداز کر دیا کہ کیسے ان کی انتہائی محنت سے بنائی بلیڈ رنر کا سیکوئل ناکام ہو گیا تھا اور انہیں فرینک ہربریٹ کے ناول کو فلمانے کے لیے دوبارہ سے کام کرنا پڑا تھا۔ بہرحال وہ پریزنرز، اینمی اینڈ ارائیول جیسی فلموں کے ہدایت کاری دے چکے ہیں۔ ٹموتھی کیلمٹ اور زنڈیا فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔

تاریخ نمائش یکم اکتوبر

ایٹرنلز (Eternals)

آپ مارول سینمیٹک یونیورس کے پیروکار ہیں یا نہیں ایٹرنلز کو آپ کے لیے دلچسپی کا باعث ہونا چاہیے۔ سٹوڈیو کے باکس آفس پر کمائی کے لیے عجیب الخلقت مخلوقات کی کوئی حد نظر نہیں آتی لیکن ممکن ہے یہ مارول فرنچائز کے لیے ایک بالکل نئی شروعات ثابت ہو۔ اس میں کسی بھی سپر ہیرو فلم کی کاسٹ کے مقابلے میں بہت مختلف اقسام کے ستارے شامل کیے گئے ہیں جن میں انجلینا جولی، کٹ ہرنگٹن، کومیل ننجیہانی، برین ٹائری اور سلمی ہائک شامل ہیں۔

تاریخ نمائش پانچ نومبر

ویسٹ سائیڈ سٹوری (West Side Story)

کافی عرصے سے بننے کے مراحل سے گزرتی سٹیون سپیل برگ کی ویسٹ سائیڈ سٹوری اگلے سال باکس آفس پر طوفانی کامیابی سمیٹتی نظر آتی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ 1961 کی تاریخی فلم کے بجائے سٹیون سونڈیم کے میوزیکل کے زیادہ قریب ہے۔ اس نئے ورژن میں اینسٹ الگورٹ بطور ٹونی اور نوآمد ریچل زلگر بطور ماریا شامل ہیں جنہوں نے بذریعہ ٹوئٹر اپنے ویڈیو آڈیشن سے 30 ہزار امیدواروں کو شکست دے کر یہ کردار اپنے لیے مختص کروایا۔

تاریخ نمائش 10 دسمبر

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم