جیمز بانڈ کا مشہورِ زمانہ پستول نیلامی کے لیے پیش

جیمز بانڈ سیریز کی فلم ’ڈاکٹر نو‘ میں شان کونری کے ہاتھ میں والتھر پی پی پستول اٹھائے ایک تصویر نے کئی سالوں تک دنیا کو دیوانہ بنائے رکھا۔

شہرہ آفاق اداکار شان کونری کے والتھر پی پی پستول کو، جو جیمز بانڈ سیریز کی پہلی فلم میں استعمال کیا گیا تھا، اگلے ماہ لاس اینجلس میں نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس پستول کی قیمت ڈیڑھ سے دو لاکھ ڈالروں کے درمیان ہو سکتی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گذشتہ مہینے بہاماز میں اپنے گھر میں 90 برس کی عمر میں چل بسنے والے سکاٹش اداکار نے اس پستول کو 1962 کی فلم ’ڈاکٹر نو‘ میں استعمال کیا تھا۔

جولینز آکشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مارٹن نولن کا کہنا ہے کہ ’ہاتھ میں پستول اٹھائے ایک تصویر جیمز بانڈ فرنچائز کی سب سے یادگار تصویر بنی اور پاپ کلچر میں یہ سب سے زیادہ پہچانی جانے والی تصویر ہے۔‘

ڈاکٹر نو میں بانڈ کو برطانوی سیکریٹ سروس سے حکم ملتا ہے کہ وہ اپنی خراب بریٹا گن کو والتھر سے بدل لیں جو ’سخت ترین شیشے پر بھی اینٹ کی طرح برسنے‘ کا ہنر جانتا ہے۔ بانڈ کو بتایا جاتا ہے کہ امریکی سی آئی اے اس کی قسم کھا سکتی ہے۔ والتھر کی مختلف قسمیں آنے والی 25 فلموں میں استعمال شدہ اسلحے کی شناخت رہی ہیں۔

کونری کی پہلی فلم میں استعمال ہونے والا غیر فعال پستول فلم کے ہتھیار ساز کی ملکیت تھا جسے 2006 میں نیلام کر دیا گیا۔ یہ تین دسمبر کو بیورلی ہلز میں ہونے والی ’آئیکونز اینڈ آیڈلر ٹرائیلوجی: ہالی وڈ‘ کی نیلامی میں شامل پانچ سو اشیا میں سے ایک ہو گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیلامی کے لیے پیش کی جانے والی دیگر اشیا میں سے ایک معروف چیز فلم ’ٹاپ گن‘ میں اداکار ٹام کروز کا پہنا جانے والا ہیلمٹ ہو گا جبکہ اداکار آرنلڈ شیوازنیگر کی لیدر جیکٹ بھی ان میں شامل ہو گی جو انہوں نے ’ٹرمینٹر ٹو: ججمنٹ ڈے‘ میں پہنی تھی۔

بانڈ سیریز کی اگلی فلم کی ریلیز جسے 007 سیریز میں اداکار ڈینئیل کریگ کی آخری فلم مانا جا رہا ہے، کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے موخر ہو چکی ہے۔ نو ٹائم ٹو ڈائی' کی ریلیز کو اپریل کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ویڈیو