‘شہباز شریف 12 مئی کے بعد کسی بھی وقت پاکستان واپس آ سکتے ہیں’

پارٹی میں تنظیمی تبدیلیاں اچانک نہیں بلکہ مشاورت سے کی گئیں، راجہ ظفر الحق۔

اے ایف پی فوٹو

پاکستان مسلم  لیگ۔ ن کے چئیرمین سینیٹر راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ پارٹی کے صدر شہباز شریف مئی کے وسط تک ملک واپس آ جائیں گے۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ شہباز شریف طبی معائنے کے لیے ملک سے باہر ہیں، ان کا لندن میں ایک آخری ٹیسٹ ہونا باقی ہے، جس کے لیے انہیں بارہ مئی کی تاریخ ملی ہے۔

راجہ ظفرالحق کے مطابق شہباز شریف 12 مئی کے بعد کسی بھی وقت پاکستان واپس آ سکتے ہیں۔

مسلم لیگ میں حالیہ تنظیمی تبدیلیوں سے متعلق سوال کے جواب میں راجہ ظفرالحق نے کہا کہ یہ سب کچھ مشاورت کے بعد کیا گیا اور اس میں اچانک کا عنصر بالکل بھی موجود نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ تبدیلیوں کے پیچھے واحد فلسفہ یہ ہے کہ طاقت کے ارتکاز کو تقسیم کیا جائے۔

راجہ ظفر الحق کے مطابق شہباز شریف پارٹی کی صدارت کےعلاوہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سربراہ کی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے، یہی وجہ ہے کہ خواجہ آصف کو پارلیمانی رہنما اور رانا تنویر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف مسلم لیگ ۔ ن کے صدر اور نواز شریف قائد ہیں اور دونوں ان عہدوں پر قائم رہیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پارٹی کے سینئر رہنما احسن اقبال نے بھی انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ شہباز شریف بہت جلد پاکستان واپس آئیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پارٹی میں تبدیلیاں تنظیم سازی کا حصہ ہیں، جس سے پارٹی ایک زیادہ مضبوط اور فعال سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو بھی پارٹی میں اہم ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں۔

راجہ ظفرالحق کا  کہنا ہے کہ مریم نواز کا سیاست میں ایک فعال کردارادا کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالات ایسی نہج پر چل پڑے ہیں کہ مریم نواز کو بہرصورت ملکی سیاست میں دوبارہ فعال ہونا پڑے گا۔

 انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ ۔ ن اور اس کی قیادت کو بلا وجہ نشانہ بناتے ہوئے جھوٹے کیس قائم کیے جارہے ہیں اور لیڈرشپ کو غیر فعال بنانے کے لیے جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست